امثال 15:5-23

امثال 15:5-23 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

تُم اَپنے ہی حوض کا پانی پینا، اَور اَپنے ہی کوئیں سے بہتا ہُوا پانی اِستعمال میں لانا۔ کیا تمہارے چشمے گلی کوچوں میں، اَور پانی کی ندیاں چوراہوں میں بہہ جایٔیں؟ وہ صِرف تمہارے ہی لیٔے ہُوں، تمہارے ساتھ اَور بیگانوں کے لیٔے نہیں۔ تمہارا سوتا مُبارک ہو، اَور تُم اَپنی جَوانی کی بیوی کے ساتھ مسرُور رہو۔ جو ایک پیاری سِی ہِرنی اَور دلربا غزال کی مانند ہے۔ اُس کی چھاتِیاں تُمہیں ہمیشہ راحت بخشیں، اَور اُس کی مَحَبّت کے تُم ہمیشہ فریفتہ رہو۔ اَے میرے بیٹے! تُم کسی زانیہ پر کیوں فریفتہ ہو؟ اَور کسی دُوسرے کی بیوی کو آغوش میں کیوں لو؟ کیونکہ اِنسان کی راہیں یَاہوِہ کی نگاہ میں ہیں، اَور وہ اُس کی تمام راہوں کو جانچتے ہیں۔ بدکار کی بدکاریاں اُسے پھندے میں پھنسا لیتی ہیں؛ اُس کے گُناہوں کی رسّیاں اُسے مضبُوطی سے جکڑ لیتی ہیں۔ وہ تربّیت نہ پانے کے سبب، اَور اَپنی حماقت کی کثرت کے باعث گُمراہ ہوکر ہلاک ہو جائے گا۔