امثال 10:4-27
امثال 10:4-27 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَے میرے بیٹے! سُنو اَور مَیں جو کچھ کہتا ہُوں اُسے قبُول کر لو، اَور تمہاری عمر دراز ہوگی۔ مَیں نے تُمہیں حِکمت کی راہ بتایٔی ہے، اَور راہ راست پر تمہاری رہنمائی کی ہے۔ جَب تُم چلوگے تو تمہارے قدموں میں رُکاوٹ پیش نہ آئے گی؛ اَور جَب تُم دَوڑوگے تو ٹھوکر نہ کھاؤگے۔ تربّیت کو پکڑے رہو؛ اُسے جانے نہ دو؛ اُس کی اَچھّی طرح حِفاظت کرو کیونکہ وہ تمہاری زندگی ہے۔ بدکاروں کے راستہ پر قدم نہ رکھنا، نہ بدکرداروں کی راہ میں چلنا۔ اُس سے بچنا۔ اُن راہوں پر بھی مت جانا؛ اُس سے مُڑ کر اَپنی راہ الگ لینا۔ کیونکہ بدکار بُرائی کئے بغیر سو نہیں سکتے؛ اَور جَب تک وہ کسی کو گرا نہ دیں، اُنہیں نیند نہیں آتی۔ وہ بدی کی روٹی کھاتے ہیں اَور ظُلم کا انگوری شِیرہ پیتے ہیں۔ راستبازوں کی راہ صُبح کی پہلی کِرن کی مانند ہوتی ہے، جِس کی رَوشنی دوپہر تک بڑھتی ہی جاتی ہے۔ لیکن بدکاروں کی راہ گہری تاریکی کی مانند ہوتی ہے؛ وہ نہیں جانتے کہ وہ کِن چیزوں سے ٹھوکر کھا جایٔیں گے۔ اَے میرے بیٹے! میں جو کچھ کہتا ہُوں اُس پر توجّہ کرو؛ میرے کلام پر کان لگاؤ۔ اُسے اَپنی آنکھوں سے اوجھل نہ ہونے دینا، بَلکہ اُنہیں اَپنے دِل میں رکھنا؛ کیونکہ جو اُسے پا لیتے ہیں، اُن کے لیٔے وہ زندگی ہے اَور اِنسان کے سارے جِسم کے لیٔے صحت۔ سَب سے بڑھ کر اَپنے دِل کی حِفاظت کرنا، کیونکہ وہ زندگی کا سرچشمہ ہے۔ اَپنے مُنہ کو کَج گوئی سے دُور رکھنا؛ اَور بدگوئی کو اَپنے لبوں کے پاس تک نہ آنے دینا۔ تمہاری آنکھیں سامنے ہی دیکھیں، اَور تمہاری نگاہ آگے کی طرف جمی رہے۔ اَپنے پاؤں کے لیٔے ہموار راہیں تیّار کرو اَور اُن ہی پُختہ راہوں پر قدم بڑھاؤ۔ نہ داہنے مُڑو نہ بائیں؛ بَلکہ اَپنے پاؤں کو بدی سے ہٹائے رکھو۔
امثال 10:4-27 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
میرے بیٹے، میری سن! میری باتیں اپنا لے تو تیری عمر دراز ہو گی۔ مَیں تجھے حکمت کی راہ پر چلنے کی ہدایت دیتا، تجھے سیدھی راہوں پر پھرنے دیتا ہوں۔ جب تُو چلے گا تو تیرے قدموں کو کسی بھی چیز سے روکا نہیں جائے گا، اور دوڑتے وقت تُو ٹھوکر نہیں کھائے گا۔ تربیت کا دامن تھامے رہ! اُسے نہ چھوڑ بلکہ محفوظ رکھ، کیونکہ وہ تیری زندگی ہے۔ بےدینوں کی راہ پر قدم نہ رکھ، شریروں کے راستے پر مت جا۔ اُس سے گریز کر، اُس پر سفر نہ کر بلکہ اُس سے کترا کر آگے نکل جا۔ کیونکہ جب تک اُن سے بُرا کام سرزد نہ ہو جائے وہ سو ہی نہیں سکتے، جب تک اُنہوں نے کسی کو ٹھوکر کھلا کر خاک میں ملا نہ دیا ہو وہ نیند سے محروم رہتے ہیں۔ وہ بےدینی کی روٹی کھاتے اور ظلم کی مَے پیتے ہیں۔ لیکن راست باز کی راہ طلوعِ صبح کی پہلی روشنی کی مانند ہے جو دن کے عروج تک بڑھتی رہتی ہے۔ اِس کے مقابلے میں بےدین کا راستہ گہری تاریکی کی مانند ہے، اُنہیں پتا ہی نہیں چلتا کہ کس چیز سے ٹھوکر کھا کر گر گئے ہیں۔ میرے بیٹے، میری باتوں پر دھیان دے، میرے الفاظ پر کان دھر۔ اُنہیں اپنی نظر سے اوجھل نہ ہونے دے بلکہ اپنے دل میں محفوظ رکھ۔ کیونکہ جو یہ باتیں اپنائیں وہ زندگی اور پورے جسم کے لئے شفا پاتے ہیں۔ تمام چیزوں سے پہلے اپنے دل کی حفاظت کر، کیونکہ یہی زندگی کا سرچشمہ ہے۔ اپنے منہ سے جھوٹ اور اپنے ہونٹوں سے کج گوئی دُور کر۔ دھیان دے کہ تیری آنکھیں سیدھا آگے کی طرف دیکھیں، کہ تیری نظر اُس راستے پر لگی رہے جو سیدھا ہے۔ اپنے پاؤں کا راستہ چلنے کے قابل بنا دے، دھیان دے کہ تیری راہیں مضبوط ہیں۔ نہ دائیں، نہ بائیں طرف مُڑ بلکہ اپنے پاؤں کو غلط قدم اُٹھانے سے باز رکھ۔
امثال 10:4-27 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے میرے بیٹے! سُن اور میری باتوں کو قبُول کر اور تیری زِندگی کے دِن بُہت سے ہوں گے۔ مَیں نے تُجھے حِکمت کی راہ بتائی ہے اور راہِ راست پر تیری راہنُمائی کی ہے جب تُو چلے گا تیرے قدم کوتاہ نہ ہوں گے اور اگر تُو دَوڑے تو ٹھوکر نہ کھائے گا۔ تربِیّت کو مضبُوطی سے پکڑے رہ۔ اُسے جانے نہ دے۔ اُس کی حِفاظت کر کیونکہ وہ تیری حیات ہے۔ شرِیروں کے راستہ میں نہ جانا اور بُرے آدمِیوں کی راہ میں نہ چلنا۔ اُس سے بچنا۔ اُس کے پاس سے نہ گُذرنا۔ اُس سے مُڑ کر آگے بڑھ جانا۔ کیونکہ وہ جب تک بُرائی نہ کر لیں سوتے نہیں۔ اور جب تک کِسی کو گِرا نہ دیں اُن کی نِیند جاتی رہتی ہے۔ کیونکہ وہ شرارت کی روٹی کھاتے اور ظُلم کی مَے پِیتے ہیں۔ لیکن صادِقوں کی راہ نُورِ سحر کی مانِند ہے جِس کی روشنی دوپہر تک بڑھتی ہی جاتی ہے۔ شرِیروں کی راہ تارِیکی کی مانِند ہے۔ وہ نہیں جانتے کہ کِن چِیزوں سے اُن کو ٹھوکر لگتی ہے۔ اَے میرے بیٹے! میری باتوں پر توجُّہ کر۔ میرے کلام پر کان لگا۔ اُس کو اپنی آنکھ سے اوجھل نہ ہونے دے۔ اُس کو اپنے دِل میں رکھ۔ کیونکہ جو اِس کو پا لیتے ہیں یہ اُن کی حیات اور اُن کے سارے جِسم کی صِحت ہے۔ اپنے دِل کی خُوب حِفاظت کر کیونکہ زِندگی کا سرچشمہ وُہی ہے۔ کج گو مُنہ تُجھ سے الگ رہے۔ دروغ گو لب تُجھ سے دُور ہوں۔ تیری آنکھیں سامنے ہی نظر کریں اور تیری پلکیں سِیدھی رہیں۔ اپنے پاؤں کے راستہ کو ہموار بنا اور تیری سب راہیں قائِم رہیں۔ نہ دہنے مُڑ نہ بائیں اور پاؤں کو بدی سے ہٹا لے۔