امثال 1:21-16

امثال 1:21-16 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

بادشاہ کا دِل یَاہوِہ کے ہاتھ میں ندی کی مانند ہوتاہے؛ وہ اُسے جدھر چاہتاہے پھیر دیتاہے۔ اِنسان اَپنی تمام روِشوں کو راست سمجھتا ہے، لیکن یَاہوِہ دِلوں کو جانچتے ہیں۔ حق اَور راستی یَاہوِہ کے نزدیک قُربانیوں سے زِیادہ پسندِیدہ ہیں۔ آنکھوں کا غُرور اَور دِل کا تکبُّر، بدکاروں کا عروج، گُناہ ہیں۔ محنتی آدمی کے منصُوبے منافع بخش ہوتے ہیں، لیکن جلدبازی کا نتیجہ یقیناً مفلسی ہوتاہے۔ دروغ گوئی سے حاصل کیا ہُوا خزانہ، بخارات کی طرح اُڑ جاتا ہے اَور مہلک پھندا ثابت ہوتاہے۔ بدکاروں کا تشدّد اُنہیں نابود کر دے گا، کیونکہ وہ نیک کام کرنے سے اِنکار کرتے ہیں۔ گُنہگار کی راہ ٹیڑھی ہوتی ہے، لیکن راستباز کا عَمل دُرست ہوتاہے۔ جھگڑالو بیوی کے ساتھ گھر میں رہنے سے چھت پر کسی کونے میں رہنا بہتر ہے۔ بدکار ہمیشہ بدی کی طرف مائل رہتاہے؛ وہ اَپنے ہمسایہ پر رحم نہیں کرتا۔ جَب ٹھٹّھےباز کو سزا ملتی ہے تو سادہ دِل عقلمند ہو جاتے ہیں؛ جَب کویٔی دانا تربّیت پاتاہے تو وہ علم حاصل کرتا ہے۔ صادق بدکار کے گھر پر نظر رکھتا ہے، اَور بدکار کو برباد کر دیتاہے۔ جو کویٔی مسکین کی آہ سُن کر اَپنے کان بند کر لیتا ہے، تو جَب وہ آپ بھی آہ و زاری کرےگا، تَب کویٔی اُس کی نہ سُنے گا۔ خُفیہ طور پر دیا ہُوا تحفہ، غُصّہ کو ٹھنڈا کرتا ہے، اَور چوغہ میں چھُپا کر دی ہُوئی رشوت بھی شدید غضب کو ٹھنڈا کرتی ہے۔ اِنصاف کرنے سے صادق کو خُوشی ہوتی ہے لیکن بدکردار ہیبت زدہ ہو جاتے ہیں۔ جو آدمی حِکمت کی راہ سے بھٹکتا ہے، اُسے مُردوں کی جگہ نصیب ہوتی ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں امثال 21

امثال 1:21-16 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

بادشاہ کا دل رب کے ہاتھ میں نہر کی مانند ہے۔ وہ جدھر چاہے اُس کا رُخ پھیر دیتا ہے۔ ہر آدمی کی راہ اُس کی اپنی نظر میں ٹھیک لگتی ہے، لیکن رب ہی دلوں کی جانچ پڑتال کرتا ہے۔ راست بازی اور انصاف کرنا رب کو ذبح کی قربانیوں سے کہیں زیادہ پسند ہے۔ مغرور آنکھیں اور متکبر دل جو بےدینوں کا چراغ ہیں گناہ ہیں۔ محنتی شخص کے منصوبے نفع کا باعث ہیں، لیکن جلدبازی غربت تک پہنچا دیتی ہے۔ فریب دہ زبان سے جمع کیا ہوا خزانہ بکھر جانے والا دھواں اور مہلک پھندا ہے۔ بےدینوں کا ظلم ہی اُنہیں گھسیٹ کر لے جاتا ہے، کیونکہ وہ انصاف کرنے سے انکار کرتے ہیں۔ قصوروار کی راہ پیچ دار ہے جبکہ پاک شخص سیدھی راہ پر چلتا ہے۔ جھگڑالو بیوی کے ساتھ ایک ہی گھر میں رہنے کی نسبت چھت کے کسی کونے میں گزارہ کرنا بہتر ہے۔ بےدین غلط کام کرنے کے لالچ میں رہتا ہے اور اپنے کسی بھی پڑوسی پر ترس نہیں کھاتا۔ طعنہ زن پر جرمانہ لگا تو سادہ لوح سبق سیکھے گا، دانش مند کو تعلیم دے تو اُس کے علم میں اضافہ ہو گا۔ اللہ جو راست ہے بےدین کے گھر کو دھیان میں رکھتا ہے، وہی بےدین کو خاک میں ملا دیتا ہے۔ جو کان میں اُنگلی ڈال کر غریب کی مدد کے لئے چیخیں نہیں سنتا وہ بھی ایک دن چیخیں مارے گا، اور اُس کی بھی سنی نہیں جائے گی۔ پوشیدگی میں صلہ دینے سے دوسرے کا غصہ ٹھنڈا ہو جاتا، کسی کی جیب گرم کرنے سے اُس کا سخت طیش دُور ہو جاتا ہے۔ جب انصاف کیا جائے تو راست باز خوش ہو جاتا، لیکن بدکار دہشت کھانے لگتا ہے۔ جو سمجھ کی راہ سے بھٹک جائے وہ ایک دن مُردوں کی جماعت میں آرام کرے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں امثال 21

امثال 1:21-16 کِتابِ مُقادّس (URD)

بادشاہ کا دِل خُداوند کے ہاتھ میں ہے۔ وہ اُس کو پانی کے نالوں کی مانِند جِدھر چاہتا ہے پھیرتا ہے۔ اِنسان کی ہر ایک روِش اُس کی نظر میں راست ہے پر خُداوند دِلوں کو جانچتا ہے۔ صداقت اور عدل خُداوند کے نزدِیک قُربانی سے زِیادہ پسندِیدہ ہیں۔ بُلند نظری اور دِل کا تکُبّر اور شرِیروں کی اِقبال مندی گُناہ ہے۔ مِحنتی کی تدبِیریں یقِیناً فراوانی کا باعِث ہیں لیکن ہر ایک جلدباز کا انجام مُحتاجی ہے۔ دروغ گوئی سے خزانے حاصِل کرنا بے ٹھکانا بُخارات کی مانِند ہے اور اُن کے طالِب مَوت کے طالِب ہیں۔ شرِیروں کا ظُلم اُن کو اُڑا لے جائے گا کیونکہ اُنہوں نے اِنصاف کرنے سے اِنکار کِیا ہے۔ گُناہ آلُودہ آدمی کی راہ بُہت ٹیڑھی ہے پر جو پاک ہے اُس کا کام ٹِھیک ہے۔ گھر کی چھت پر ایک کونے میں رہنا جھگڑالُو بِیوی کے ساتھ کُشادہ گھر میں رہنے سے بِہتر ہے۔ شرِیر کی جان بُرائی کی مُشتاق ہے۔ اُس کا ہمسایہ اُس کی نِگاہ میں مقبُول نہیں ہوتا۔ جب ٹھٹّھا کرنے والے کو سزا دی جاتی ہے تو سادہ دِل حِکمت حاصِل کرتا ہے اور جب دانا تربِیّت پاتا ہے تو عِلم حاصِل کرتا ہے۔ صادِق شرِیر کے گھر پر غَور کرتا ہے۔ شرِیر کَیسے گِر کر برباد ہو گئے ہیں۔ جو مِسکِین کا نالہ سُن کر اپنے کان بند کر لیتا ہے وہ آپ بھی نالہ کرے گا اور کوئی نہ سُنے گا۔ پوشِیدگی میں ہدیہ دینا قہر کو ٹھنڈا کرتا ہے اور اِنعام بغل میں دے دینا غضبِ شدِید کو۔ اِنصاف کرنے میں صادِق کی شادمانی ہے لیکن بدکرداروں کی ہلاکت۔ جو فہم کی راہ سے بھٹکتا ہے مُردوں کے غول میں پڑا رہے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں امثال 21