امثال 12:2-20
امثال 12:2-20 کِتابِ مُقادّس (URD)
تاکہ تُجھے شرِیر کی راہ سے اور کج گو سے بچائیں۔ جو راست بازی کی راہ کو ترک کرتے ہیں تاکہ تارِیکی کی راہوں میں چلیں۔ جو بدکاری سے خُوش ہوتے ہیں اور شرارت کی کج روی میں خُوش رہتے ہیں۔ جِن کی روِشیں ناہموار اور جِن کی راہیں ٹیڑھی ہیں۔ تاکہ تُجھے بیگانہ عَورت سے بچائیں یعنی چِکنی چُپڑی باتیں کرنے والی پرائی عَورت سے جو اپنی جوانی کے ساتھی کو چھوڑ دیتی اور اپنے خُدا کے عہد کو بُھول جاتی ہے۔ کیونکہ اُس کا گھر مَوت کی اُترائی پر ہے اور اُس کی راہیں پاتال کو جاتی ہیں۔ جو کوئی اُس کے پاس جاتا ہے واپس نہیں آتا اور زِندگی کی راہوں تک نہیں پُہنچتا۔ تاکہ تُو نیکوں کی راہ پر چلے اور صادِقوں کی راہوں پر قائِم رہے۔
امثال 12:2-20 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
حِکمت تُمہیں بدکار لوگوں کی راہوں سے، اَور کَج گو کی باتوں سے بچائے گی، جو راہ راست کو چھوڑ دیتے ہیں تاکہ تاریک راہوں پر چلیں، جو بدکاری سے خُوش ہوتے ہیں اَور شرارت کے کام کرکے مسرُور ہوتے ہیں، جِن کی راہیں ٹیڑھی ہیں اَور جِن کی روِشیں پُر فریب ہیں۔ وہ تُمہیں فاحِشہ عورت سے، اَور اُس بدچلن بیوی کی دلفریب باتوں سے بھی بچائے گی، جِس نے اَپنی جَوانی کے ساتھی کو چھوڑ دیا اَور اُس عہد کو بھُول گئی جو اُس نے خُدا کے سامنے باندھا تھا۔ کیونکہ اُس فاحِشہ کا گھر موت کی طرف کھینچتا ہے اَور اُس کی راہیں پاتال کو جاتی ہیں۔ جو بھی اُس کے پاس جاتا ہے لَوٹ کر نہیں آتا اَور نہ عتّئیؔ کبھی زندگی کی راہیں پاتاہے۔ حِکمت سے تُم نیک لوگوں کی راہوں پر چلوگے اَور راستبازوں کے راہوں پر قائِم رہوگے۔
امثال 12:2-20 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
حکمت تجھے غلط راہ اور کج رَو باتیں کرنے والے سے بچائے رکھے گی۔ ایسے لوگ سیدھی راہ کو چھوڑ دیتے ہیں تاکہ تاریک راستوں پر چلیں، وہ بُری حرکتیں کرنے سے خوش ہو جاتے ہیں، غلط کام کی کج رَوی دیکھ کر جشن مناتے ہیں۔ اُن کی راہیں ٹیڑھی ہیں، اور وہ جہاں بھی چلیں آوارہ پھرتے ہیں۔ حکمت تجھے ناجائز عورت سے چھڑاتی ہے، اُس اجنبی عورت سے جو چِکنی چپڑی باتیں کرتی، جو اپنے جیون ساتھی کو ترک کر کے اپنے خدا کا عہد بھول جاتی ہے۔ کیونکہ اُس کے گھر میں داخل ہونے کا انجام موت، اُس کی راہوں کی منزلِ مقصود پاتال ہے۔ جو بھی اُس کے پاس جائے وہ واپس نہیں آئے گا، وہ زندگی بخش راہوں پر دوبارہ نہیں پہنچے گا۔ چنانچہ اچھے لوگوں کی راہ پر چل پھر، دھیان دے کہ تیرے قدم راست بازوں کے راستے پر رہیں۔