امثال 1:2-8
امثال 1:2-8 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَے میرے بیٹے! اگر تُم میری باتیں قبُول کرو اَور میرے اَحکام اَپنے دِل میں رکھو، اَور حِکمت کی طرف کان لگاؤ اَور فہم سے اَپنا دِل لگائے رکھو، اَور اگر تُم بصیرت کے لیٔے پُکارو اَور فہم کے لیٔے آواز بُلند کرو، اَور تُم اُسے چاندی کی مانند ڈھونڈو اَور کسی پوشیدہ خزانہ کی مانند اُس کی تلاش کرو، تَب تُم یَاہوِہ کے خوف کو سمجھ پاؤگے اَور یَاہوِہ کا علم حاصل کروگے۔ کیونکہ یَاہوِہ حِکمت بخشتے ہیں؛ اَور علم اَور فہم اُن ہی کے مُنہ سے نکلتے ہیں۔ وہ راستبازوں کے لیٔے مدد تیّار رکھتے ہیں، اَور راست رَو کے لیٔے ڈھال ثابت ہوتے ہیں، کیونکہ وہ اِنصاف کے راستوں کی نگہبانی کرتے ہیں اَور اَپنے وفاداروں کی راہ کی حِفاظت کرتے ہیں۔
امثال 1:2-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
میرے بیٹے، میری بات قبول کر کے میرے احکام اپنے دل میں محفوظ رکھ۔ اپنا کان حکمت پر دھر، اپنا دل سمجھ کی طرف مائل کر۔ بصیرت کے لئے آواز دے، چلّا کر سمجھ مانگ۔ اُسے یوں تلاش کر گویا چاندی ہو، اُس کا یوں کھوج لگا گویا پوشیدہ خزانہ ہو۔ اگر تُو ایسا کرے تو تجھے رب کے خوف کی سمجھ آئے گی اور اللہ کا عرفان حاصل ہو گا۔ کیونکہ رب ہی حکمت عطا کرتا، اُسی کے منہ سے عرفان اور سمجھ نکلتی ہے۔ وہ سیدھی راہ پر چلنے والوں کو کامیابی فراہم کرتا اور بےالزام زندگی گزارنے والوں کی ڈھال بنا رہتا ہے۔ کیونکہ وہ انصاف پسندوں کی راہوں کی پہرا داری کرتا ہے۔ جہاں بھی اُس کے ایمان دار چلتے ہیں وہاں وہ اُن کی حفاظت کرتا ہے۔
امثال 1:2-8 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے میرے بیٹے! اگر تُو میری باتوں کو قبُول کرے اور میرے فرمان کو نِگاہ میں رکھّے۔ اَیسا کہ تُو حِکمت کی طرف کان لگائے اور فہم سے دِل لگائے بلکہ اگر تُو عقل کو پُکارے اور فہم کے لِئے آواز بُلند کرے اور اُس کو اَیسا ڈھُونڈے جَیسے چاندی کو اور اُس کی اَیسی تلاش کرے جَیسی پوشِیدہ خزانوں کی تو تُو خُداوند کے خَوف کو سمجھے گا اور خُدا کی معرفت کو حاصِل کرے گا کیونکہ خُداوند حِکمت بخشتا ہے۔ عِلم و فہم اُسی کے مُنہ سے نِکلتے ہیں۔ وہ راست بازوں کے لِئے مدد تیّار رکھتا ہے اور راست رَو کے لِئے سِپر ہے۔ تاکہ وہ عدل کی راہوں کی نِگہبانی کرے اور اپنے مُقدّسوں کی راہ کو محفُوظ رکھّے۔