امثال 1:13-25
امثال 1:13-25 کِتابِ مُقادّس (URD)
دانِش مند بیٹا اپنے باپ کی تعلِیم کو سُنتا ہے لیکن ٹھٹّھاباز سرزنِش پر کان نہیں لگاتا۔ آدمی اپنے کلام کے پَھل سے اچھّا کھائے گا لیکن دغابازوں کی جان کے لِئے سِتم ہے۔ اپنے مُنہ کی نِگہبانی کرنے والا اپنی جان کی حِفاظت کرتا ہے لیکن جو اپنے ہونٹ پسارتا ہے ہلاک ہو گا۔ سُست آدمی آرزُو کرتا ہے پر کُچھ نہیں پاتا لیکن مِحنتی کی جان فربہ ہو گی۔ صادِق کو جُھوٹ سے نفرت ہے لیکن شرِیر نفرت انگیز و رُسوا ہوتا ہے۔ صداقت راست رَو کی حِفاظت کرتی ہے لیکن شرارت شرِیر کو گِرا دیتی ہے۔ کوئی اپنے آپ کو دَولت مند جتاتا ہے لیکن نادار ہے اور کوئی اپنے آپ کو کنگال بتاتا ہے پر بڑا مال دار ہے۔ آدمی کی جان کا کفّارہ اُس کا مال ہے پر کنگال دھمکی کو نہیں سُنتا۔ صادِقوں کا چراغ روشن رہے گا لیکن شرِیروں کا دِیا بُجھایا جائے گا۔ تکبُّر سے صِرف جھگڑا پَیدا ہوتا ہے لیکن مشوَرت پسند کے ساتھ حِکمت ہے۔ جو دَولت بطالت سے حاصِل کی جائے کم ہو جائے گی لیکن محِنت سے جمع کرنے والے کی دَولت بڑھتی رہے گی۔ اُمّید کے بر آنے میں تاخِیر دِل کو بِیمار کرتی ہے پر آرزُو کا پُورا ہونا زِندگی کا درخت ہے۔ جو کلام کی تحقِیر کرتا ہے اپنے آپ پر ہلاکت لاتا ہے پر جو فرمان سے ڈرتا ہے اجر پائے گا۔ دانِش مند کی تعلِیم حیات کا چشمہ ہے جو مَوت کے پھندوں سے چُھٹکارے کا باعِث ہو۔ فہم کی درُستی مقبُولِیت بخشتی ہے لیکن دغابازوں کی راہ کٹھن ہے۔ ہر ایک ہوشیار آدمی دانائی سے کام کرتا ہے پر احمق اپنی حماقت کو پَھیلا دیتا ہے۔ شرِیر قاصِد بلا میں گرِفتار ہوتا ہے پر دِیانت دار ایلچی صِحت بخش ہے۔ تربِیّت کو ردّ کرنے والا کنگال اور رُسوا ہو گا پر وہ جو تنبِیہ کا لِحاظ رکھتا ہے عِزّت پائے گا۔ جب مُراد بر آتی ہے تب جی بُہت خُوش ہوتا ہے پر بدی کو ترک کرنے سے احمق کو نفرت ہے۔ وہ جو داناؤں کے ساتھ چلتا ہے دانا ہو گا پر احمقوں کا ساتھی ہلاک کِیا جائے گا۔ بدی گنُہگاروں کا پِیچھا کرتی ہے پر صادِقوں کو نیک جزا مِلے گی۔ نیک آدمی اپنے پوتوں کے لِئے مِیراث چھوڑتا ہے پر گُنہگار کی دَولت صادِقوں کے لِئے فراہم کی جاتی ہے۔ کنگالوں کی کھیتی میں بُہت خُوراک ہوتی ہے پر اَیسے لوگ بھی ہیں جو بے اِنصافی سے برباد ہو جاتے ہیں۔ وہ جو اپنی چھڑی کو باز رکھتا ہے اپنے بیٹے سے کِینہ رکھتا ہے پر وہ جو اُس سے مُحبّت رکھتا ہے بر وقت اُس کو تنبِیہ کرتا ہے۔ صادِق کھا کر سیر ہو جاتا ہے پر شرِیر کا پیٹ نہیں بھرتا۔
امثال 1:13-25 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
دانشمند بیٹا اَپنے باپ کی تربّیت پر دھیان دیتاہے، لیکن ٹھٹّھےباز سرزنش پر کان نہیں لگاتا۔ صادق اِنسان اَپنے لبوں کے پھل سے لُطف اَندوز ہوتاہے، لیکن دغاباز لوگ تشدّد پر آمادہ رہتے ہیں۔ جو اَپنے مُنہ کی نگہبانی کرتا ہے وہ اَپنی جان کی حِفاظت کرتا ہے، لیکن جسے اَپنی زبان پر قابُو نہیں وہ برباد ہو جائے گا۔ کاہل آدمی آرزُو کرتا ہے پر کچھ نہیں پاتا، لیکن محنت کش کی تمنّائیں پُوری ہو جاتی ہیں۔ صادق جھُوٹ سے نفرت کرتے ہیں، لیکن بدکار شرم اَور رُسوائی لاتا ہے۔ راستبازی دیانتدار کی حِفاظت کرتی ہے، لیکن بدی بدکار کو گرا دیتی ہے۔ ایک آدمی اَپنے آپ کو دولتمند جتاتا ہے لیکن نادار ہوتاہے؛ اَور دُوسرا مُفلس جتاتا ہے، جَب کہ بہت مالدار ہوتاہے۔ اِنسان کی دولت اُس کی جان کا کفّارہ دے سکتی ہے، لیکن مُفلس کو کویٔی دھمکی سُنایٔی نہیں دیتی۔ صادق کی رَوشنی تیز چمکتی ہے، لیکن بدکاروں کا چراغ بُجھا دیا جاتا ہے۔ غُرور سے صِرف جھگڑے پیدا ہوتے ہیں، لیکن جو لوگ صلاح مانتے ہیں اُن میں حِکمت پائی جاتی ہے۔ بےایمانی سے حاصل کی ہُوئی دولت گھٹ جاتی ہے، لیکن محنت سے جمع کیا ہُوا رُوپیہ بڑھتا چلا جاتا ہے۔ اُمّید کے بر آنے میں تاخیر ہو جائے تو دِل آزردہ ہو جاتا ہے، لیکن آرزُو کا پُورا ہونا شجرِ حیات ہے۔ جو تربّیت کی تحقیر کرتا ہے وہ سزا پایٔےگا، لیکن جو حُکم بجا لاتا ہے وہ اجر پاتاہے۔ دانشمند کی تعلیم زندگی کا چشمہ ہے، جو اِنسان کو موت کے پھندوں سے بچائے رکھتا ہے۔ اَچھّے فہم والے لوگ مقبُول ہوتے ہیں، لیکن دغابازوں کی راہ مُشکل ہوتی ہے۔ ہر ہوشیار آدمی سوچ سمجھ کر کام کرتا ہے، لیکن احمق اَپنی حماقت کا مظاہرہ کرتا ہے۔ بدکار ایلچی مُصیبت میں مُبتلا ہو جاتا ہے، لیکن قابلِ اِعتماد سفیر کی آمد صحت بخشتی ہے۔ تربّیت کو نظرانداز کرنے والا مفلسی اَور شرمندگی سے دوچار ہوتاہے، لیکن جو اِصلاح کو مانتا ہے اُس کا اِحترام کیا جاتا ہے۔ تمنّا کا پُورا ہونا جان کے لیٔے شیریں ہوتاہے، لیکن احمقوں کو بدی کو ترک کرنا بڑا بُرا لگتا ہے۔ جو دانشمندی کے ساتھ ساتھ چلتا ہے وہ دانشمند بنتا ہے، لیکن احمقوں کا ساتھی نُقصان اُٹھاتا ہے۔ آفت گُنہگاروں کا تعاقب کرتی ہے، لیکن اِقبالمندی صادقوں کا اجر ہے۔ نیک آدمی اَپنے پوتوں کے لیٔے مِیراث چھوڑتا ہے، لیکن خطاکار کی دولت صادقوں کے لیٔے فراہم کی جاتی ہے۔ مُفلس کا کھیت کثرت سے اناج پیدا کر سَکتا ہے، لیکن بےاِنصافی اُسے غائب کردیتی ہے۔ جو نظم و ضَبط کی چھڑی سے کام نہیں لیتا وہ اَپنے بیٹے سے بَیر رکھتا ہے، لیکن جو اُسے عزیز رکھتا ہے اُسے تنبیہ بھی کرتا رہتاہے۔ صادقوں کو پیٹ بھر کر کھانا ملتا ہے، لیکن بدکاروں کا پیٹ کبھی نہیں بھرتا۔
امثال 1:13-25 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
دانش مند بیٹا اپنے باپ کی تربیت قبول کرتا ہے، لیکن طعنہ زن پروا ہی نہیں کرتا اگر کوئی اُسے ڈانٹے۔ انسان اپنے منہ کے اچھے پھل سے خوب سیر ہو جاتا ہے، لیکن بےوفا کے دل میں ظلم کا لالچ رہتا ہے۔ جو اپنی زبان قابو میں رکھے وہ اپنی زندگی محفوظ رکھتا ہے، جو اپنی زبان کو بےلگام چھوڑ دے وہ تباہ ہو جائے گا۔ کاہل آدمی لالچ کرتا ہے، لیکن اُسے کچھ نہیں ملتا جبکہ محنتی شخص کی آرزو پوری ہو جاتی ہے۔ راست باز جھوٹ سے نفرت کرتا ہے، لیکن بےدین شرم اور رُسوائی کا باعث ہے۔ راستی بےالزام کی حفاظت کرتی جبکہ بےدینی گناہ گار کو تباہ کر دیتی ہے۔ کچھ لوگ امیر کا روپ بھر کر پھرتے ہیں گو غریب ہیں۔ دوسرے غریب کا روپ بھر کر پھرتے ہیں گو امیر ترین ہیں۔ کبھی امیر کو اپنی جان چھڑانے کے لئے ایسا تاوان دینا پڑتا ہے کہ تمام دولت جاتی رہتی ہے، لیکن غریب کی جان اِس قسم کی دھمکی سے بچی رہتی ہے۔ راست باز کی روشنی چمکتی رہتی جبکہ بےدین کا چراغ بجھ جاتا ہے۔ مغروروں میں ہمیشہ جھگڑا ہوتا ہے جبکہ دانش مند صلاح مشورے کے مطابق ہی چلتے ہیں۔ جلدبازی سے حاصل شدہ دولت جلد ہی ختم ہو جاتی ہے جبکہ جو رفتہ رفتہ اپنا مال جمع کرے وہ اُسے بڑھاتا رہے گا۔ جو اُمید وقت پر پوری نہ ہو جائے وہ دل کو بیمار کر دیتی ہے، لیکن جو آرزو پوری ہو جائے وہ زندگی کا درخت ہے۔ جو اچھی ہدایت کو حقیر جانے اُسے نقصان پہنچے گا، لیکن جو حکم مانے اُسے اجر ملے گا۔ دانش مند کی ہدایت زندگی کا سرچشمہ ہے جو انسان کو مہلک پھندوں سے بچائے رکھتی ہے۔ اچھی سمجھ منظوری عطا کرتی ہے، لیکن بےوفا کی راہ ابدی تباہی کا باعث ہے۔ ذہین ہر کام سوچ سمجھ کر کرتا، لیکن احمق تمام نظروں کے سامنے ہی اپنی حماقت کی نمائش کرتا ہے۔ بےدین قاصد مصیبت میں پھنس جاتا جبکہ وفادار قاصد شفا کا باعث ہے۔ جو تربیت کی پروا نہ کرے اُسے غربت اور شرمندگی حاصل ہو گی، لیکن جو دوسرے کی نصیحت مان جائے اُس کا احترام کیا جائے گا۔ جو آرزو پوری ہو جائے وہ دل کو تر و تازہ کرتی ہے، لیکن احمق بُرائی سے دریغ کرنے سے گھن کھاتا ہے۔ جو دانش مندوں کے ساتھ چلے وہ خود دانش مند ہو جائے گا، لیکن جو احمقوں کے ساتھ چلے اُسے نقصان پہنچے گا۔ مصیبت گناہ گار کا پیچھا کرتی ہے جبکہ راست بازوں کا اجر خوش حالی ہے۔ نیک آدمی کے بیٹے اور پوتے اُس کی میراث پائیں گے، لیکن گناہ گار کی دولت راست باز کے لئے محفوظ رکھی جائے گی۔ غریب کا کھیت کثرت کی فصلیں مہیا کر سکتا ہے، لیکن جہاں انصاف نہیں وہاں سب کچھ چھین لیا جاتا ہے۔ جو اپنے بیٹے کو تنبیہ نہیں کرتا وہ اُس سے نفرت کرتا ہے۔ جو اُس سے محبت رکھے وہ وقت پر اُس کی تربیت کرتا ہے۔ راست باز جی بھر کر کھانا کھاتا ہے، لیکن بےدین کا پیٹ خالی رہتا ہے۔