دانشمند بیٹا اَپنے باپ کی تربّیت پر دھیان دیتاہے، لیکن ٹھٹّھےباز سرزنش پر کان نہیں لگاتا۔ صادق اِنسان اَپنے لبوں کے پھل سے لُطف اَندوز ہوتاہے، لیکن دغاباز لوگ تشدّد پر آمادہ رہتے ہیں۔ جو اَپنے مُنہ کی نگہبانی کرتا ہے وہ اَپنی جان کی حِفاظت کرتا ہے، لیکن جسے اَپنی زبان پر قابُو نہیں وہ برباد ہو جائے گا۔ کاہل آدمی آرزُو کرتا ہے پر کچھ نہیں پاتا، لیکن محنت کش کی تمنّائیں پُوری ہو جاتی ہیں۔ صادق جھُوٹ سے نفرت کرتے ہیں، لیکن بدکار شرم اَور رُسوائی لاتا ہے۔ راستبازی دیانتدار کی حِفاظت کرتی ہے، لیکن بدی بدکار کو گرا دیتی ہے۔ ایک آدمی اَپنے آپ کو دولتمند جتاتا ہے لیکن نادار ہوتاہے؛ اَور دُوسرا مُفلس جتاتا ہے، جَب کہ بہت مالدار ہوتاہے۔ اِنسان کی دولت اُس کی جان کا کفّارہ دے سکتی ہے، لیکن مُفلس کو کویٔی دھمکی سُنایٔی نہیں دیتی۔ صادق کی رَوشنی تیز چمکتی ہے، لیکن بدکاروں کا چراغ بُجھا دیا جاتا ہے۔ غُرور سے صِرف جھگڑے پیدا ہوتے ہیں، لیکن جو لوگ صلاح مانتے ہیں اُن میں حِکمت پائی جاتی ہے۔ بےایمانی سے حاصل کی ہُوئی دولت گھٹ جاتی ہے، لیکن محنت سے جمع کیا ہُوا رُوپیہ بڑھتا چلا جاتا ہے۔ اُمّید کے بر آنے میں تاخیر ہو جائے تو دِل آزردہ ہو جاتا ہے، لیکن آرزُو کا پُورا ہونا شجرِ حیات ہے۔ جو تربّیت کی تحقیر کرتا ہے وہ سزا پایٔےگا، لیکن جو حُکم بجا لاتا ہے وہ اجر پاتاہے۔ دانشمند کی تعلیم زندگی کا چشمہ ہے، جو اِنسان کو موت کے پھندوں سے بچائے رکھتا ہے۔ اَچھّے فہم والے لوگ مقبُول ہوتے ہیں، لیکن دغابازوں کی راہ مُشکل ہوتی ہے۔ ہر ہوشیار آدمی سوچ سمجھ کر کام کرتا ہے، لیکن احمق اَپنی حماقت کا مظاہرہ کرتا ہے۔ بدکار ایلچی مُصیبت میں مُبتلا ہو جاتا ہے، لیکن قابلِ اِعتماد سفیر کی آمد صحت بخشتی ہے۔ تربّیت کو نظرانداز کرنے والا مفلسی اَور شرمندگی سے دوچار ہوتاہے، لیکن جو اِصلاح کو مانتا ہے اُس کا اِحترام کیا جاتا ہے۔ تمنّا کا پُورا ہونا جان کے لیٔے شیریں ہوتاہے، لیکن احمقوں کو بدی کو ترک کرنا بڑا بُرا لگتا ہے۔ جو دانشمندی کے ساتھ ساتھ چلتا ہے وہ دانشمند بنتا ہے، لیکن احمقوں کا ساتھی نُقصان اُٹھاتا ہے۔ آفت گُنہگاروں کا تعاقب کرتی ہے، لیکن اِقبالمندی صادقوں کا اجر ہے۔ نیک آدمی اَپنے پوتوں کے لیٔے مِیراث چھوڑتا ہے، لیکن خطاکار کی دولت صادقوں کے لیٔے فراہم کی جاتی ہے۔ مُفلس کا کھیت کثرت سے اناج پیدا کر سَکتا ہے، لیکن بےاِنصافی اُسے غائب کردیتی ہے۔ جو نظم و ضَبط کی چھڑی سے کام نہیں لیتا وہ اَپنے بیٹے سے بَیر رکھتا ہے، لیکن جو اُسے عزیز رکھتا ہے اُسے تنبیہ بھی کرتا رہتاہے۔ صادقوں کو پیٹ بھر کر کھانا ملتا ہے، لیکن بدکاروں کا پیٹ کبھی نہیں بھرتا۔
پڑھیں امثال 13
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: امثال 1:13-25
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos