فِلپّیوں 17:3-21
فِلپّیوں 17:3-21 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَے بھائیو اَور بہنوں! تُم سَب میرے نَقش قدم پر چلو، اَور اُن لوگوں پر غور کرو جو ہمارے دئیے ہویٔے نمونہ پر چلتے ہیں۔ کیونکہ، بہت سے اَیسے ہیں جِن کا ذِکر میں بارہا کر چُکا ہُوں اَور اَب بھی تُم سے رو رو کر کہتا ہُوں، بہت سے لوگ اَپنے چال چلن سے المسیؔح کی صلیب کے دُشمن بَن کر جیتے ہیں۔ اُن کا اَنجام ہلاکت ہے، اُن کا پیٹ ہی اُن کا خُدا ہے، وہ اَپنی اُن باتوں پرجو شرم کا باعث ہیں فخر کرتے ہیں۔ اَور دُنیوی چیزوں کے خیال میں لگے رہتے ہیں۔ مگر ہمارا وطن آسمان پر ہے۔ اَور ہم اَپنے مُنجّی خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے وہاں سے، واپس آنے کے اِنتظار میں ہیں، المسیؔح اَپنی قُوّت سے ساری چیزوں کو اَپنے تابع کرسکتے ہیں، اِسی قُوّت کی تاثیر سے وہ ہمارے فانی بَدن کی شکل بدل کر اَپنے جلالی بَدن کی مانند بنا دیں گے۔
فِلپّیوں 17:3-21 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
بھائیو، مل کر میرے نقشِ قدم پر چلیں۔ اور اُن پر خوب دھیان دیں جو ہمارے نمونے پر چلتے ہیں۔ کیونکہ جس طرح مَیں نے آپ کو کئی بار بتایا ہے اور اب رو رو کر بتا رہا ہوں، بہت سے لوگ اپنے چال چلن سے ظاہر کرتے ہیں کہ وہ مسیح کی صلیب کے دشمن ہیں۔ ایسے لوگوں کا انجام ہلاکت ہے۔ کھانے پینے کی پابندیاں اور ختنے پر فخر اُن کا خدا بن گیا ہے۔ ہاں، وہ صرف دنیاوی سوچ رکھتے ہیں۔ لیکن ہم آسمان کے شہری ہیں، اور ہم شدت سے اِس انتظار میں ہیں کہ ہمارا نجات دہندہ اور خداوند عیسیٰ مسیح وہیں سے آئے۔ اُس وقت وہ ہمارے پست حال بدنوں کو بدل کر اپنے جلالی بدن کے ہم شکل بنا دے گا۔ اور یہ وہ اُس قوت کے ذریعے کرے گا جس سے وہ تمام چیزیں اپنے تابع کر سکتا ہے۔
فِلپّیوں 17:3-21 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے بھائِیو! تُم سب مِل کر میری مانِند بنو اور اُن لوگوں کو پہچان رکھّو جو اِس طرح چلتے ہیں جِس کا نمُونہ تُم ہم میں پاتے ہو۔ کیونکہ بُہتیرے اَیسے ہیں جِن کا ذِکر مَیں نے تُم سے بارہا کِیا ہے اور اب بھی رو رو کر کہتا ہُوں کہ وہ اپنے چال چلن سے مسِیح کی صلِیب کے دُشمن ہیں۔ اُن کا انجام ہلاکت ہے۔ اُن کا خُدا پیٹ ہے۔ وہ اپنی شرم کی باتوں پر فخر کرتے ہیں اور دُنیا کی چِیزوں کے خیال میں رہتے ہیں۔ مگر ہمارا وطن آسمان پر ہے اور ہم ایک مُنّجی یعنی خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کے وہاں سے آنے کے اِنتظار میں ہیں۔ وہ اپنی اُس قُوّت کی تاثِیر کے مُوافِق جِس سے سب چِیزیں اپنے تابِع کر سکتا ہے ہماری پَست حالی کے بدن کی شکل بدل کر اپنے جلال کے بدن کی صُورت پر بنائے گا۔