YouVersion Logo
تلاش

فلیمون 4:1-16

فلیمون 4:1-16 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اَپنی دعاؤں میں تُجھے یاد کرتے ہویٔے میں ہمیشہ اَپنے خُدا کا شُکر اَدا کرتا ہُوں، کیونکہ میں سُنتا ہُوں کہ تُم خُدا کے سَب مُقدّسین سے مَحَبّت رکھتے ہو اَور تمہارا ایمان خُداوؔند عیسیٰ پر ہے۔ میری دعا ہے کہ کاش ایمان میں ہمارے ساتھ تمہاری شراکت المسیؔح کی خاطِر ہماری طرف سے تقسیم کی جانے والی ہر اَچھّی چیز کے بارے میں تمہاری سمجھ کو گہرا اَور مؤثر کرے۔ اَے بھایٔی! مُجھے تیری مَحَبّت سے بہت خُوشی اَور تسلّی ہُوئی ہے کیونکہ تُونے مُقدّسین کے دلوں کو تازہ کیا ہے۔ پس اگرچہ المسیؔح میں مُجھے تُمہیں یہ حُکم دینے کا اِختیّار ہے کہ تُجھے کیا کرنا چاہئے، لیکن پھر بھی میں بُوڑھا پَولُسؔ جو اِس وقت خُداوؔند المسیؔح عیسیٰ کی خاطِر قَیدی ہُوں اَور مَحَبّت کے ساتھ تُم سے درخواست کرنا مُناسب سمجھتا ہُوں۔ لہٰذا میں اَپنے بیٹے اُنیسمُسؔ کے لیٔے تُم سے عرض کرتا ہُوں جو میرے قَید کے دَوران المسیؔح پر ایمان لانے سے گویا میرا رُوحانی بیٹا بَن گیا ہے۔ پہلے تو وہ تمہارے کسی کام کا نہ تھا لیکن اَب وہ تیرے اَور میرے دونوں کے لیٔے بَڑے کام کاہے۔ اَب میں اُسے یعنی اَپنے لختِ جِگر کو تیرے پاس واپس بھیج رہا ہُوں۔ حالانکہ اُسے میں اَپنے ہی پاس رکھنا چاہتا تھا تاکہ وہ تمہاری جگہ پر اِس قَید میں جو خُوشخبری سُنانے کی خاطِر ہے، میری خدمت کرے۔ لیکن تیری رضامندی کے بغیر میں کچھ نہیں کرنا چاہتا تھا، تاکہ جو بھی مہربانی تُو کرے وہ مجَبُوری میں نہیں لیکن اَپنی مرضی سے کرے۔ شاید اُنیسمُسؔ تُجھ سے تھوڑی دیر کے واسطے اِس لیٔے جُدا ہُوا تھا تاکہ وہ ہمیشہ تمہارے ساتھ رہے۔ مگر اَب سے غُلام کی طرح نہیں بَلکہ غُلام سے بہتر یعنی ایک عزیز بھایٔی کی طرح سلُوک کرنا، جو ایک ساتھی مومِن کے طور پر مُجھے نہایت عزیز ہو اَور مُجھ سے بھی زِیادہ خُداوؔند میں اَور ایک بھایٔی کے طور پر تُجھے عزیز ہو۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں فلیمون 1

فلیمون 4:1-16 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

جب بھی مَیں دعا کرتا ہوں تو آپ کو یاد کر کے اپنے خدا کا شکر کرتا ہوں۔ کیونکہ مجھے خداوند عیسیٰ کے بارے میں آپ کے ایمان اور آپ کی تمام مُقدّسین سے محبت کی خبر ملتی رہتی ہے۔ میری دعا ہے کہ آپ کی جو رفاقت ایمان سے پیدا ہوئی ہے وہ آپ میں یوں زور پکڑے کہ آپ کو بہتر طور پر ہر اُس اچھی چیز کی سمجھ آئے جو ہمیں مسیح میں حاصل ہے۔ بھائی، آپ کی محبت دیکھ کر مجھے بڑی خوشی اور تسلی ہوئی ہے، کیونکہ آپ نے مُقدّسین کے دلوں کو تر و تازہ کر دیا ہے۔ اِس وجہ سے مَیں مسیح میں اِتنی دلیری محسوس کرتا ہوں کہ آپ کو وہ کچھ کرنے کا حکم دوں جو اب مناسب ہے۔ توبھی مَیں ایسا نہیں کرنا چاہتا بلکہ محبت کی بنا پر آپ سے اپیل ہی کرتا ہوں۔ گو مَیں پولس مسیح عیسیٰ کا ایلچی بلکہ اب اُس کا قیدی بھی ہوں توبھی منت کر کے اپنے بیٹے اُنیسمس کی سفارش کرتا ہوں۔ کیونکہ میرے قید میں ہوتے ہوئے وہ میرا بیٹا بن گیا۔ پہلے تو وہ آپ کے کام نہیں آ سکتا تھا، لیکن اب وہ آپ کے لئے اور میرے لئے کافی مفید ثابت ہوا ہے۔ اب مَیں اِس کو گویا اپنی جان کو آپ کے پاس واپس بھیج رہا ہوں۔ اصل میں مَیں اُسے اپنے پاس رکھنا چاہتا تھا تاکہ جب تک مَیں خوش خبری کی خاطر قید میں ہوں وہ آپ کی جگہ میری خدمت کرے۔ لیکن مَیں آپ کی اجازت کے بغیر کچھ نہیں کرنا چاہتا تھا۔ کیونکہ مَیں چاہتا ہوں کہ جو بھی مہربانی آپ کریں گے وہ آپ مجبور ہو کر نہ کریں بلکہ خوشی سے۔ ہو سکتا ہے کہ اُنیسمس اِس لئے کچھ دیر کے لئے آپ سے جدا ہو گیا کہ وہ آپ کو ہمیشہ کے لئے دوبارہ مل جائے۔ کیونکہ اب وہ نہ صرف غلام ہے بلکہ غلام سے کہیں زیادہ۔ اب وہ ایک عزیز بھائی ہے جو مجھے خاص عزیز ہے۔ لیکن وہ آپ کو کہیں زیادہ عزیز ہو گا، غلام کی حیثیت سے بھی اور خداوند میں بھائی کی حیثیت سے بھی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں فلیمون 1

فلیمون 4:1-16 کِتابِ مُقادّس (URD)

مَیں تیری اُس مُحبّت کا اور اِیمان کا حال سُن کر جو سب مُقدّسوں کے ساتھ اور خُداوند یِسُوع پر ہے۔ ہمیشہ اپنے خُدا کا شُکر کرتا ہُوں اور اپنی دُعاؤں میں تُجھے یاد کرتا ہُوں۔ تاکہ تیرے اِیمان کی شِراکت تُمہاری ہر خُوبی کی پہچان میں مسِیح کے واسطے مؤثِر ہو۔ کیونکہ اَے بھائی! مُجھے تیری مُحبّت سے بُہت خُوشی اور تسلّی ہُوئی اِس لِئے کہ تیرے سبب سے مُقدّسوں کے دِل تازہ ہُوئے ہیں۔ پس اگرچہ مُجھے مسِیح میں بڑی دِلیری تو ہے کہ تُجھے مُناسِب حُکم دُوں۔ مگر مُجھے یہ زِیادہ پسند ہے کہ مَیں بُوڑھا پَولُس بلکہ اِس وقت مسِیح یِسُوع کا قَیدی بھی ہو کر مُحبّت کی راہ سے اِلتماس کرُوں۔ سو اپنے فرزند اُنیسِؔمُس کی بابت جو قَید کی حالت میں مُجھ سے پَیدا ہُؤا تُجھ سے اِلتماس کرتا ہُوں۔ پہلے تو وہ کُچھ تیرے کام کا نہ تھا مگر اب تیرے اور میرے دونوں کے کام کا ہے۔ خُود اُسی کو یعنی اپنے کلیجے کے ٹُکڑے کو مَیں نے تیرے پاس واپس بھیجا ہے۔ اُس کو مَیں اپنے ہی پاس رکھنا چاہتا تھا تاکہ تیری طرف سے اِس قَید میں جو خُوشخبری کے باعِث ہے میری خِدمت کرے۔ لیکن تیری مرضی کے بغَیر مَیں نے کُچھ کرنا نہ چاہا تاکہ تیرا نیک کام لاچاری سے نہیں بلکہ خُوشی سے ہو۔ کیونکہ مُمکِن ہے کہ وہ تُجھ سے اِس لِئے تھوڑی دیر کے واسطے جُدا ہُؤا ہو کہ ہمیشہ تیرے پاس رہے۔ مگر اب سے غُلام کی طرح نہیں بلکہ غُلام سے بِہتر ہو کر یعنی اَیسے بھائی کی طرح رہے جو جِسم میں بھی اور خُداوند میں بھی میرا نہایت عزِیز ہو اور تیرا اِس سے بھی کہِیں زِیادہ۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں فلیمون 1