YouVersion Logo
تلاش

فِلیمون 4:1-16

فِلیمون 4:1-16 UCV

اَپنی دعاؤں میں تُجھے یاد کرتے ہویٔے میں ہمیشہ اَپنے خُدا کا شُکر اَدا کرتا ہُوں، کیونکہ میں سُنتا ہُوں کہ تُم خُدا کے سَب مُقدّسین سے مَحَبّت رکھتے ہو اَور تمہارا ایمان خُداوؔند عیسیٰ پر ہے۔ میری دعا ہے کہ کاش ایمان میں ہمارے ساتھ تمہاری شراکت المسیؔح کی خاطِر ہماری طرف سے تقسیم کی جانے والی ہر اَچھّی چیز کے بارے میں تمہاری سمجھ کو گہرا اَور مؤثر کرے۔ اَے بھایٔی! مُجھے تیری مَحَبّت سے بہت خُوشی اَور تسلّی ہُوئی ہے کیونکہ تُونے مُقدّسین کے دلوں کو تازہ کیا ہے۔ پس اگرچہ المسیؔح میں مُجھے تُمہیں یہ حُکم دینے کا اِختیّار ہے کہ تُجھے کیا کرنا چاہئے، لیکن پھر بھی میں بُوڑھا پَولُسؔ جو اِس وقت خُداوؔند المسیؔح عیسیٰ کی خاطِر قَیدی ہُوں اَور مَحَبّت کے ساتھ تُم سے درخواست کرنا مُناسب سمجھتا ہُوں۔ لہٰذا میں اَپنے بیٹے اُنیسمُسؔ کے لیٔے تُم سے عرض کرتا ہُوں جو میرے قَید کے دَوران المسیؔح پر ایمان لانے سے گویا میرا رُوحانی بیٹا بَن گیا ہے۔ پہلے تو وہ تمہارے کسی کام کا نہ تھا لیکن اَب وہ تیرے اَور میرے دونوں کے لیٔے بَڑے کام کاہے۔ اَب میں اُسے یعنی اَپنے لختِ جِگر کو تیرے پاس واپس بھیج رہا ہُوں۔ حالانکہ اُسے میں اَپنے ہی پاس رکھنا چاہتا تھا تاکہ وہ تمہاری جگہ پر اِس قَید میں جو خُوشخبری سُنانے کی خاطِر ہے، میری خدمت کرے۔ لیکن تیری رضامندی کے بغیر میں کچھ نہیں کرنا چاہتا تھا، تاکہ جو بھی مہربانی تُو کرے وہ مجَبُوری میں نہیں لیکن اَپنی مرضی سے کرے۔ شاید اُنیسمُسؔ تُجھ سے تھوڑی دیر کے واسطے اِس لیٔے جُدا ہُوا تھا تاکہ وہ ہمیشہ تمہارے ساتھ رہے۔ مگر اَب سے غُلام کی طرح نہیں بَلکہ غُلام سے بہتر یعنی ایک عزیز بھایٔی کی طرح سلُوک کرنا، جو ایک ساتھی مومِن کے طور پر مُجھے نہایت عزیز ہو اَور مُجھ سے بھی زِیادہ خُداوؔند میں اَور ایک بھایٔی کے طور پر تُجھے عزیز ہو۔