گِنتی 15:9-23
گِنتی 15:9-23 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
جِس دِن پاک مَسکن یعنی عہد کا خیمہ نصب ہُوا، اُس دِن اُس پر بادل چھا گیا اَور شام سے لے کر صُبح تک وہ بادل پاک مَسکن کے اُوپر آگ کی مانند نظر آتا رہا۔ اَور ہمیشہ اَیسا ہی ہوتا تھا، خیمہ پر بادل چھایا رہتا تھا اَور رات کو وہ آگ کی مانند نظر آتا تھا۔ اَور جَب وہ بادل خیمے کے اُوپر سے چھٹ جاتا تھا تو بنی اِسرائیل کُوچ کرتے تھے اَور جہاں وہ بادل جا کر ٹھہر جاتا تھا وہاں اِسرائیلی قِیام کرتے تھے اَور جَب تک وہ بادل ٹھہرا رہتا تھا اِسرائیلی بھی وہاں ڈیرے ڈالے رہتے تھے۔ بنی اِسرائیل یَاہوِہ کے حُکم سے کُوچ کرتے اَور اُسی کے حُکم سے وہ ڈیرے بھی ڈالتے تھے، اَور جَب تک بادل مَسکن پر ٹھہرا رہے وہ چھاؤنی میں رہے۔ جَب بادل کافی عرصہ تک مَسکن پر ٹھہرا رہتا تھا تو بنی اِسرائیل یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق کُوچ نہ کرتے تھے۔ بعض اوقات وہ بادل چند ہی دِنوں تک مَسکن پر رہتا تھا اَور تَب بھی وہ یَاہوِہ کے حُکم سے ڈیرے ڈالے پڑے رہتے اَور جَب وہ حُکم دیتا تو وہ کُوچ کرتے تھے۔ کبھی تو وہ بادل شام سے لے کر صُبح تک ہی ٹھہرا رہتا تھا اَور جَب وہ صُبح کو اُٹھ جاتا تھا تو وہ کُوچ کرتے تھے۔ لہٰذا دِن ہو یا رات جَب بھی وہ بادل اُٹھ جاتا تھا وہ روانہ ہو جاتے تھے۔ چاہے بادل مَسکن پر دو دِن مہینے بھر یا پُورے سال ٹھہرا رہتا بنی اِسرائیل بھی چھاؤنی میں ٹھہرے رہتے اَور کُوچ نہ کرتے تھے۔ لیکن جَب وہ اُٹھ جاتا تو وہ بھی چل پڑتے تھے۔ یَاہوِہ کے حُکم سے وہ خیمہ زن ہوتے اَور یَاہوِہ ہی کے حُکم سے وہ کُوچ کرتے۔ یُوں وہ یَاہوِہ کے حُکم کو بجا لاتے تھے جو اُنہیں مَوشہ کی مَعرفت دیا گیا تھا۔
گِنتی 15:9-23 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
جس دن شریعت کے مُقدّس خیمے کو کھڑا کیا گیا اُس دن بادل آ کر اُس پر چھا گیا۔ رات کے وقت بادل آگ کی صورت میں نظر آیا۔ اِس کے بعد یہی صورتِ حال رہی کہ بادل اُس پر چھایا رہتا اور رات کے دوران آگ کی صورت میں نظر آتا۔ جب بھی بادل خیمے پر سے اُٹھتا اسرائیلی روانہ ہو جاتے۔ جہاں بھی بادل اُتر جاتا وہاں اسرائیلی اپنے ڈیرے ڈالتے۔ اسرائیلی رب کے حکم پر روانہ ہوتے اور اُس کے حکم پر ڈیرے ڈالتے۔ جب تک بادل مقدِس پر چھایا رہتا اُس وقت تک وہ وہیں ٹھہرتے۔ کبھی کبھی بادل بڑی دیر تک خیمے پر ٹھہرا رہتا۔ تب اسرائیلی رب کا حکم مان کر روانہ نہ ہوتے۔ کبھی کبھی بادل صرف دو چار دن کے لئے خیمے پر ٹھہرتا۔ پھر وہ رب کے حکم کے مطابق ہی ٹھہرتے اور روانہ ہوتے تھے۔ کبھی کبھی بادل صرف شام سے لے کر صبح تک خیمے پر ٹھہرتا۔ جب وہ صبح کے وقت اُٹھتا تو اسرائیلی بھی روانہ ہوتے تھے۔ جب بھی بادل اُٹھتا وہ بھی روانہ ہو جاتے۔ جب تک بادل مُقدّس خیمے پر چھایا رہتا اُس وقت تک اسرائیلی روانہ نہ ہوتے، چاہے وہ دو دن، ایک ماہ، ایک سال یا اِس سے زیادہ عرصہ مقدِس پر چھایا رہتا۔ لیکن جب وہ اُٹھتا تو اسرائیلی بھی روانہ ہو جاتے۔ وہ رب کے حکم پر خیمے لگاتے اور اُس کے حکم پر روانہ ہوتے تھے۔ وہ ویسا ہی کرتے تھے جیسا رب موسیٰ کی معرفت فرماتا تھا۔
گِنتی 15:9-23 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور جِس دِن مسکن یعنی خَیمۂِ شہادت نصب ہُؤا اُسی دِن ابر اُس پر چھا گیا اور شام کو وہ مسکن پر آگ سا دِکھائی دِیا اور صُبح تک وَیسا ہی رہا۔ اور ہمیشہ اَیسا ہی ہُؤا کرتا تھا کہ ابر اُس پر چھایا رہتا اور رات کو آگ دِکھائی دیتی تھی۔ اور جب مسکن پر سے وہ ابر اُٹھ جاتا تو بنی اِسرائیل کُوچ کرتے تھے اور جِس جگہ وہ ابر جا کر ٹھہر جاتا وہِیں بنی اِسرائیل خَیمے لگاتے تھے۔ خُداوند کے حُکم سے بنی اِسرائیل کُوچ کرتے اور خُداوند ہی کے حُکم سے وہ خَیمے لگاتے تھے اور جب تک ابر مسکن پر ٹھہرا رہتا وہ اپنے ڈیرے ڈالے پڑے رہتے تھے۔ اور جب ابر مسکن پر بُہت دِنوں تک ٹھہرا رہتا تو بنی اِسرائیل خُداوند کے حُکم کو مانتے اور کُوچ نہیں کرتے تھے۔ اور کبھی کبھی وہ ابر چند دِنوں تک مسکن پر رہتا اور تب بھی وہ خُداوند کے حُکم سے ڈیرے ڈالے رہتے اور خُداوند ہی کے حُکم سے وہ کُوچ کرتے تھے۔ پِھر کبھی کبھی وہ ابر شام سے صُبح تک ہی رہتا تو جب وہ صُبح کو اُٹھ جاتا تب وہ کُوچ کرتے تھے اور اگر وہ رات دِن برابر رہتا تو جب وہ اُٹھ جاتا تب ہی وہ کُوچ کرتے تھے۔ اور جب تک وہ ابر مسکن پر ٹھہرا رہتا خواہ دو دِن یا ایک مہِینہ یا ایک برس ہو تب تک بنی اِسرائیل اپنے خَیموں میں مُقِیم رہتے اور کُوچ نہیں کرتے تھے پر جب وہ اُٹھ جاتا تو وہ کُوچ کرتے تھے۔ غرض وہ خُداوند کے حُکم سے مقام کرتے اور خُداوند ہی کے حُکم سے کُوچ کرتے تھے اور جو حُکم خُداوند مُوسیٰؔ کی معرفت دیتا وہ خُداوند کے اُس حُکم کو مانا کرتے تھے۔