گِنتی 1:27-11
گِنتی 1:27-11 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
ضلافحادؔ بِن حِفرؔ گِلعادؔ کا پوتا اَور منشّہ کے بیٹے مکیرؔ کا پرپوتا تھا۔ اُس کی بیٹیاں یُوسیفؔ کے بیٹے منشّہ کی برادری کی نَسل سے تھیں۔ اُن بیٹیوں کے نام محلاہؔ نوحؔا حُگلاہؔ مِلکاہؔ اَور تِرضاؔہ تھے۔ وہ آئیں اَور خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر مَوشہ الیعزرؔ کاہِنؔ سربراہوں اَور ساری جماعت کے سامنے کھڑی ہوکر کہنے لگیں: ”ہمارا باپ بیابان میں مَر گیا۔ وہ قورحؔ کے اُن پیروکاروں میں سے نہ تھا جنہوں نے یَاہوِہ کے خِلاف سرکشی کی تھی بَلکہ وہ اَپنے ہی گُناہ میں مَرا اَور اُس کے کویٔی بیٹا نہ تھا۔ چنانچہ بیٹا نہ ہونے کے باعث ہمارے باپ کا نام اُس کی برادری سے کیوں مِٹ جائے؟ لہٰذا ہمیں بھی ہمارے باپ کے رشتہ داروں کے ساتھ مِیراث میں حِصّہ دو۔“ چنانچہ مَوشہ اُن کا مُعاملہ یَاہوِہ کے حُضُور لے گیا اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا: ”ضلافحادؔ کی بیٹیاں ٹھیک کہتی ہیں۔ تُو اُنہیں اُن کے باپ کے رشتہ داروں کے درمیان ضروُر ہی کچھ جائداد بطور مِیراث دینا۔ پس اُن کے باپ کی مِیراث اُن کے سُپرد کر دے۔ ”اَور بنی اِسرائیل سے کہہ، ’اگر کویٔی آدمی مَر جائے اَور اُس کا کویٔی بیٹا نہ ہو تو اُس کی مِیراث اُس کی بیٹی کو دینا۔ اگر اُس کی کویٔی بیٹی بھی نہ ہو تو اُس کی مِیراث اُس کے بھائیوں کو دینا۔ اَور اگر اُس کے کویٔی بھایٔی بھی نہ ہوں تو اُس کی مِیراث اُس کے باپ کے بھائیوں کو دینا۔ اگر اُس کے باپ کے بھایٔی بھی نہ ہوں تو اُس برادری میں جو بھی اُس کا سَب سے قریبی رشتہ دار ہو اُسے اُس کی مِیراث دینا تاکہ وہ اُس کی مِلکیّت بَن جائے اَور یہ بنی اِسرائیل کے لیٔے آئین یَاہوِہ کے مَوشہ کو دئیے ہویٔے حُکم کے مُطابق شَرعی فرض ہوگا۔‘ “
گِنتی 1:27-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
صِلافِحاد کی پانچ بیٹیاں محلاہ، نوعاہ، حُجلاہ، مِلکاہ اور تِرضہ تھیں۔ صِلافِحاد یوسف کے بیٹے منسّی کے کنبے کا تھا۔ اُس کا پورا نام صِلافِحاد بن حِفر بن جِلعاد بن مکیر بن منسّی بن یوسف تھا۔ صِلافِحاد کی بیٹیاں ملاقات کے خیمے کے دروازے پر آ کر موسیٰ، اِلی عزر امام اور پوری جماعت کے سامنے کھڑی ہوئیں۔ اُنہوں نے کہا، ”ہمارا باپ ریگستان میں فوت ہوا۔ لیکن وہ قورح کے اُن ساتھیوں میں سے نہیں تھا جو رب کے خلاف متحد ہوئے تھے۔ وہ اِس سبب سے نہ مرا بلکہ اپنے ذاتی گناہ کے باعث۔ جب وہ مر گیا تو اُس کا کوئی بیٹا نہیں تھا۔ کیا یہ ٹھیک ہے کہ ہمارے خاندان میں بیٹا نہ ہونے کے باعث ہمیں زمین نہ ملے اور ہمارے باپ کا نام و نشان مٹ جائے؟ ہمیں بھی ہمارے باپ کے دیگر رشتے داروں کے ساتھ زمین دیں۔“ موسیٰ نے اُن کا معاملہ رب کے سامنے پیش کیا تو رب نے اُس سے کہا، ”جو بات صِلافِحاد کی بیٹیاں کر رہی ہیں وہ درست ہے۔ اُنہیں ضرور اُن کے باپ کے رشتے داروں کے ساتھ زمین ملنی چاہئے۔ اُنہیں باپ کا ورثہ مل جائے۔ اسرائیلیوں کو بھی بتانا کہ جب بھی کوئی آدمی مر جائے جس کا بیٹا نہ ہو تو اُس کی بیٹی کو اُس کی میراث مل جائے۔ اگر اُس کی بیٹی بھی نہ ہو تو اُس کے بھائیوں کو اُس کی میراث مل جائے۔ اگر اُس کے بھائی بھی نہ ہوں تو اُس کے باپ کے بھائیوں کو اُس کی میراث مل جائے۔ اگر یہ بھی نہ ہوں تو اُس کے سب سے قریبی رشتے دار کو اُس کی میراث مل جائے۔ وہ اُس کی ذاتی ملکیت ہو گی۔ یہ اصول اسرائیلیوں کے لئے قانونی حیثیت رکھتا ہے۔ وہ اِسے ویسا مانیں جیسا رب نے موسیٰ کو حکم دیا ہے۔“
گِنتی 1:27-11 کِتابِ مُقادّس (URD)
تب یُوسفؔ کے بیٹے منَسّی کی اَولاد کے گھرانوں میں سے صلافحاد بِن حِفر بِن جِلعاد بِن مکِیر بِن منَسّی کی بیٹِیاں جِن کے نام مَحلاہ اور نُوعاہ اور حُجلاہ اور مِلکاہ اور تِرضاہ ہیں پاس آ کر۔ خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر مُوسیٰ اور الیِعزر کاہِن اور امِیروں اور سب جماعت کے سامنے کھڑی ہُوئِیں اور کہنے لگِیں کہ ہمارا باپ بیابان میں مَرا پر وہ اُن لوگوں میں شامِل نہ تھا جِنہوں نے قورَح کے فرِیق سے مِل کر خُداوند کے خِلاف سر اُٹھایا تھا بلکہ وہ اپنے گُناہ میں مَرا اور اُس کے کوئی بیٹا نہ تھا۔ سو بیٹا نہ ہونے کے سبب سے ہمارے باپ کا نام اُس کے گھرانے سے کیوں مِٹنے پائے؟ اِس لِئے ہم کو بھی ہمارے باپ کے بھائِیوں کے ساتھ حِصّہ دو۔ مُوسیٰ اُن کے مُعاملہ کو خُداوند کے حضُور لے گیا۔ خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔ صلافحاد کی بیٹِیاں ٹِھیک کہتی ہیں۔ تُو اُن کو اُن کے باپ کے بھائِیوں کے ساتھ ضرُور ہی مِیراث کا حِصّہ دینا یعنی اُن کو اُن کے باپ کی مِیراث مِلے۔ اور بنی اِسرائیل سے کہہ کہ اگر کوئی شخص مَر جائے اور اُس کا کوئی بیٹا نہ ہو تو اُس کی مِیراث اُس کی بیٹی کو دینا۔ اگر اُس کی کوئی بیٹی بھی نہ ہو تو اُس کے بھائِیوں کو اُس کی مِیراث دینا۔ اگر اُس کے بھائی بھی نہ ہوں تو تُم اُس کی مِیراث اُس کے باپ کے بھائِیوں کو دینا۔ اگر اُس کے باپ کا بھی کوئی بھائی نہ ہو تو جو شخص اُس کے گھرانے میں اُس کا سب سے قرِیبی رِشتہ دار ہو اُسے اُس کی مِیراث دینا۔ وہ اُس کا وارِث ہو گا اور یہ حُکم بنی اِسرائیل کے لِئے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو فرمایا واجِبی فرض ہو گا۔