گِنتی 1:27-11

گِنتی 1:27-11 UCV

ضلافحادؔ بِن حِفرؔ گِلعادؔ کا پوتا اَور منشّہ کے بیٹے مکیرؔ کا پرپوتا تھا۔ اُس کی بیٹیاں یُوسیفؔ کے بیٹے منشّہ کی برادری کی نَسل سے تھیں۔ اُن بیٹیوں کے نام محلاہؔ نوحؔا حُگلاہؔ مِلکاہؔ اَور تِرضاؔہ تھے۔ وہ آئیں اَور خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر مَوشہ الیعزرؔ کاہِنؔ سربراہوں اَور ساری جماعت کے سامنے کھڑی ہوکر کہنے لگیں: ”ہمارا باپ بیابان میں مَر گیا۔ وہ قورحؔ کے اُن پیروکاروں میں سے نہ تھا جنہوں نے یَاہوِہ کے خِلاف سرکشی کی تھی بَلکہ وہ اَپنے ہی گُناہ میں مَرا اَور اُس کے کویٔی بیٹا نہ تھا۔ چنانچہ بیٹا نہ ہونے کے باعث ہمارے باپ کا نام اُس کی برادری سے کیوں مِٹ جائے؟ لہٰذا ہمیں بھی ہمارے باپ کے رشتہ داروں کے ساتھ مِیراث میں حِصّہ دو۔“ چنانچہ مَوشہ اُن کا مُعاملہ یَاہوِہ کے حُضُور لے گیا اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا: ”ضلافحادؔ کی بیٹیاں ٹھیک کہتی ہیں۔ تُو اُنہیں اُن کے باپ کے رشتہ داروں کے درمیان ضروُر ہی کچھ جائداد بطور مِیراث دینا۔ پس اُن کے باپ کی مِیراث اُن کے سُپرد کر دے۔ ”اَور بنی اِسرائیل سے کہہ، ’اگر کویٔی آدمی مَر جائے اَور اُس کا کویٔی بیٹا نہ ہو تو اُس کی مِیراث اُس کی بیٹی کو دینا۔ اگر اُس کی کویٔی بیٹی بھی نہ ہو تو اُس کی مِیراث اُس کے بھائیوں کو دینا۔ اَور اگر اُس کے کویٔی بھایٔی بھی نہ ہوں تو اُس کی مِیراث اُس کے باپ کے بھائیوں کو دینا۔ اگر اُس کے باپ کے بھایٔی بھی نہ ہوں تو اُس برادری میں جو بھی اُس کا سَب سے قریبی رشتہ دار ہو اُسے اُس کی مِیراث دینا تاکہ وہ اُس کی مِلکیّت بَن جائے اَور یہ بنی اِسرائیل کے لیٔے آئین یَاہوِہ کے مَوشہ کو دئیے ہویٔے حُکم کے مُطابق شَرعی فرض ہوگا۔‘ “