نحمیاہ 1:8-11
نحمیاہ 1:8-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
تو سب لوگ مل کر پانی کے دروازے کے چوک میں جمع ہو گئے۔ اُنہوں نے شریعت کے عالِم عزرا سے درخواست کی کہ وہ شریعت لے آئیں جو رب نے موسیٰ کی معرفت اسرائیلی قوم کو دے دی تھی۔ چنانچہ عزرا نے حاضرین کے سامنے شریعت کی تلاوت کی۔ ساتویں مہینے کا پہلا دن تھا۔ نہ صرف مرد بلکہ عورتیں اور شریعت کی باتیں سمجھنے کے قابل تمام بچے بھی جمع ہوئے تھے۔ صبح سویرے سے لے کر دوپہر تک عزرا پانی کے دروازے کے چوک میں پڑھتا رہا، اور تمام جماعت دھیان سے شریعت کی باتیں سنتی رہی۔ عزرا لکڑی کے ایک چبوترے پر کھڑا تھا جو خاص کر اِس موقع کے لئے بنایا گیا تھا۔ اُس کے دائیں ہاتھ متِتیاہ، سمع، عنایاہ، اُوریاہ، خِلقیاہ اور معسیاہ کھڑے تھے۔ اُس کے بائیں ہاتھ فِدایاہ، میسائیل، ملکیاہ، حاشوم، حسبدّانہ، زکریاہ اور مسُلّام کھڑے تھے۔ چونکہ عزرا اونچی جگہ پر کھڑا تھا اِس لئے وہ سب کو نظر آیا۔ چنانچہ جب اُس نے کتاب کو کھول دیا تو سب لوگ کھڑے ہو گئے۔ عزرا نے رب عظیم خدا کی ستائش کی، اور سب نے اپنے ہاتھ اُٹھا کر جواب میں کہا، ”آمین، آمین۔“ پھر اُنہوں نے جھک کر رب کو سجدہ کیا۔ کچھ لاوی حاضر تھے جنہوں نے لوگوں کے لئے شریعت کی تشریح کی۔ اُن کے نام یشوع، بانی، سربیاہ، یمین، عقّوب، سبّتی، ہودیاہ، معسیاہ، قلیطا، عزریاہ، یوزبد، حنان اور فِلایاہ تھے۔ حاضرین اب تک کھڑے تھے۔ شریعت کی تلاوت کے ساتھ ساتھ مذکورہ لاوی قدم بہ قدم اُس کی تشریح یوں کرتے گئے کہ لوگ اُسے اچھی طرح سمجھ سکے۔ شریعت کی باتیں سن سن کر وہ رونے لگے۔ لیکن نحمیاہ گورنر، شریعت کے عالِم عزرا امام اور شریعت کی تشریح کرنے والے لاویوں نے اُنہیں تسلی دے کر کہا، ”اُداس نہ ہوں اور مت روئیں! آج رب آپ کے خدا کے لئے مخصوص و مُقدّس عید ہے۔ اب جائیں، عمدہ کھانا کھا کر اور پینے کی میٹھی چیزیں پی کر خوشی منائیں۔ جو اپنے لئے کچھ تیار نہ کر سکیں اُنہیں اپنی خوشی میں شریک کریں۔ یہ دن ہمارے رب کے لئے مخصوص و مُقدّس ہے۔ اُداس نہ ہوں، کیونکہ رب کی خوشی آپ کی پناہ گاہ ہے۔“ لاویوں نے بھی تمام لوگوں کو سکون دلا کر کہا، ”اُداس نہ ہوں، کیونکہ یہ دن رب کے لئے مخصوص و مُقدّس ہے۔“
نحمیاہ 1:8-11 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور سب لوگ یک تن ہو کر پانی پھاٹک کے سامنے کے مَیدان میں اِکٹّھے ہُوئے اور اُنہوں نے عزرا فقِیہہ سے عرض کی کہ مُوسیٰ کی شرِیعت کی کِتاب کو جِس کا خُداوند نے اِسرائیل کو حُکم دِیا تھا لائے۔ اور ساتویں مہِینے کی پہلی تارِیخ کو عزرا کاہِن تَورَیت کو جماعت کے یعنی مَردوں اور عَورتوں اور اُن سب کے سامنے لے آیا جو سُن کر سمجھ سکتے تھے۔ اور وہ اُس میں سے پانی پھاٹک کے سامنے کے مَیدان میں صُبح سے دوپہر تک مَردوں اور عَورتوں اور سبھوں کے آگے جو سمجھ سکتے تھے پڑھتا رہا اور سب لوگ شرِیعت کی کِتاب پر کان لگائے رہے۔ اور عزرا فقِیہ ایک چوبی مِنبر پر جو اُنہوں نے اِسی کام کے لِئے بنایا تھا کھڑا ہُؤا اور اُس کے پاس متِّتیاؔہ اور سمع اور عنایاؔہ اور اُوریاؔہ اور خِلقیاہ اور معسیاؔہ اُس کے دہنے کھڑے تھے اور اُس کے بائیں فِدایاؔہ اور مِساایل اور ملکیاہ اور حاشُوؔم اور حسبداؔنہ اور زکریاؔہ اور مُسلاّؔم تھے۔ اور عزرا نے سب لوگوں کے سامنے کِتاب کھولی (کیونکہ وہ سب لوگوں سے اُوپر تھا) اور جب اُس نے اُسے کھولا تو سب لوگ اُٹھ کھڑے ہُوئے۔ اور عزرا نے خُداوند خُدایِ عظِیم کو مُبارک کہا اور سب لوگوں نے اپنے ہاتھ اُٹھا کر جواب دِیا۔ آمِین۔ آمِین۔ اور اُنہوں نے اَوندھے مُنہ زمِین تک جُھک کر خُداوند کو سِجدہ کِیا۔ اور یشُوع اور بانی اور سرِبیاؔہ اور یامِن اور عقُّوؔب اور سبّتی اور ہُودیاؔہ اور معسیاؔہ اور قلِیطا اور عزریاؔہ اور یُوزؔبد اور حنان اور فِلایاؔہ اور لاوی لوگوں کو شرِیعت سمجھاتے گئے اور لوگ اپنی اپنی جگہ پر کھڑے رہے۔ اور اُنہوں نے اُس کِتاب یعنی خُدا کی شرِیعت میں سے صاف آواز سے پڑھا۔ پِھر اُس کے معنی بتائے اور اُن کو عِبارت سمجھا دی۔ اور نحمیاؔہ نے جو حاکِم تھا اور عزرا کاہِن اور فقِیہہ نے اور اُن لاویوں نے جو لوگوں کو سِکھا رہے تھے سب لوگوں سے کہا آج کا دِن خُداوند تُمہارے خُدا کے لِئے مُقدّس ہے۔ نہ غم کرو نہ رو کیونکہ سب لوگ شرِیعت کی باتیں سُن کر رونے لگے تھے۔ پِھر اُس نے اُن سے کہا کہ اب جاؤ اور جو موٹا ہے کھاؤ اور جو مِیٹھا ہے پِیو اور جِن کے لِئے کُچھ تیّار نہیں ہُؤا اُن کے پاس بھی بھیجو کیونکہ آج کا دِن ہمارے خُداوند کے لِئے مُقدّس ہے اور تُم اُداس مت ہو کیونکہ خُداوند کی شادمانی تُمہاری پناہ گاہ ہے۔ اور لاویوں نے سب لوگوں کو چُپ کرایا اور کہا خاموش ہو جاؤ کیونکہ آج کا دِن مُقدّس ہے اور غم نہ کرو۔