YouVersion Logo
تلاش

نحمیاہ 1:8-11

نحمیاہ 1:8-11 URD

اور سب لوگ یک تن ہو کر پانی پھاٹک کے سامنے کے مَیدان میں اِکٹّھے ہُوئے اور اُنہوں نے عزرا فقِیہہ سے عرض کی کہ مُوسیٰ کی شرِیعت کی کِتاب کو جِس کا خُداوند نے اِسرائیل کو حُکم دِیا تھا لائے۔ اور ساتویں مہِینے کی پہلی تارِیخ کو عزرا کاہِن تَورَیت کو جماعت کے یعنی مَردوں اور عَورتوں اور اُن سب کے سامنے لے آیا جو سُن کر سمجھ سکتے تھے۔ اور وہ اُس میں سے پانی پھاٹک کے سامنے کے مَیدان میں صُبح سے دوپہر تک مَردوں اور عَورتوں اور سبھوں کے آگے جو سمجھ سکتے تھے پڑھتا رہا اور سب لوگ شرِیعت کی کِتاب پر کان لگائے رہے۔ اور عزرا فقِیہ ایک چوبی مِنبر پر جو اُنہوں نے اِسی کام کے لِئے بنایا تھا کھڑا ہُؤا اور اُس کے پاس متِّتیاؔہ اور سمع اور عنایاؔہ اور اُوریاؔہ اور خِلقیاہ اور معسیاؔہ اُس کے دہنے کھڑے تھے اور اُس کے بائیں فِدایاؔہ اور مِساایل اور ملکیاہ اور حاشُوؔم اور حسبداؔنہ اور زکریاؔہ اور مُسلاّؔم تھے۔ اور عزرا نے سب لوگوں کے سامنے کِتاب کھولی (کیونکہ وہ سب لوگوں سے اُوپر تھا) اور جب اُس نے اُسے کھولا تو سب لوگ اُٹھ کھڑے ہُوئے۔ اور عزرا نے خُداوند خُدایِ عظِیم کو مُبارک کہا اور سب لوگوں نے اپنے ہاتھ اُٹھا کر جواب دِیا۔ آمِین۔ آمِین۔ اور اُنہوں نے اَوندھے مُنہ زمِین تک جُھک کر خُداوند کو سِجدہ کِیا۔ اور یشُوع اور بانی اور سرِبیاؔہ اور یامِن اور عقُّوؔب اور سبّتی اور ہُودیاؔہ اور معسیاؔہ اور قلِیطا اور عزریاؔہ اور یُوزؔبد اور حنان اور فِلایاؔہ اور لاوی لوگوں کو شرِیعت سمجھاتے گئے اور لوگ اپنی اپنی جگہ پر کھڑے رہے۔ اور اُنہوں نے اُس کِتاب یعنی خُدا کی شرِیعت میں سے صاف آواز سے پڑھا۔ پِھر اُس کے معنی بتائے اور اُن کو عِبارت سمجھا دی۔ اور نحمیاؔہ نے جو حاکِم تھا اور عزرا کاہِن اور فقِیہہ نے اور اُن لاویوں نے جو لوگوں کو سِکھا رہے تھے سب لوگوں سے کہا آج کا دِن خُداوند تُمہارے خُدا کے لِئے مُقدّس ہے۔ نہ غم کرو نہ رو کیونکہ سب لوگ شرِیعت کی باتیں سُن کر رونے لگے تھے۔ پِھر اُس نے اُن سے کہا کہ اب جاؤ اور جو موٹا ہے کھاؤ اور جو مِیٹھا ہے پِیو اور جِن کے لِئے کُچھ تیّار نہیں ہُؤا اُن کے پاس بھی بھیجو کیونکہ آج کا دِن ہمارے خُداوند کے لِئے مُقدّس ہے اور تُم اُداس مت ہو کیونکہ خُداوند کی شادمانی تُمہاری پناہ گاہ ہے۔ اور لاویوں نے سب لوگوں کو چُپ کرایا اور کہا خاموش ہو جاؤ کیونکہ آج کا دِن مُقدّس ہے اور غم نہ کرو۔

پڑھیں نحمیاہ 8

سنیں نحمیاہ 8