YouVersion Logo
تلاش

نحمیاہ 1:10-39

نحمیاہ 1:10-39 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

ذیل کے لوگوں نے دست خط کئے۔ گورنر نحمیاہ بن حکلیاہ، صِدقیاہ، سرایاہ، عزریاہ، یرمیاہ، فشحور، امریاہ، ملکیاہ، حطّوش، سبنیاہ، ملّوک، حارِم، مریموت، عبدیاہ، دانیال، جِنّتون، باروک، مسُلّام، ابیاہ، میامین، معزیاہ، بِلجی اور سمعیاہ۔ سرایاہ سے لے کر سمعیاہ تک امام تھے۔ پھر ذیل کے لاویوں نے دست خط کئے۔ یشوع بن ازنیاہ، حنداد کے خاندان کا بِنّوئی، قدمی ایل، اُن کے بھائی سبنیاہ، ہودیاہ، قلیطا، فِلایاہ، حنان، میکا، رحوب، حسبیاہ، زکور، سربیاہ، سبنیاہ، ہودیاہ، بانی اور بنینو۔ اِن کے بعد ذیل کے قومی بزرگوں نے دست خط کئے۔ پرعوس، پخت موآب، عیلام، زتّو، بانی بُنی، عزجاد، ببی، ادونیاہ، بِگوَئی، عدین، اطیر، حِزقیاہ، عزور، ہودیاہ، حاشوم، بضی، خارِف، عنتوت، نیبی، مگفیعاس، مسُلّام، حزیر مشیزب ایل، صدوق، یدّوع، فلطیاہ، حنان، عنایاہ، ہوسیع، حننیاہ، حسوب، ہلّوحیش، فِلحا، سوبیق، رحوم، حسبناہ، معسیاہ، اخیاہ، حنان، عنان، ملّوک، حارِم اور بعنہ۔ قوم کے باقی لوگ بھی عہد میں شریک ہوئے یعنی باقی امام، لاوی، رب کے گھر کے دربان اور خدمت گار، گلوکار، نیز سب جو غیریہودی قوموں سے الگ ہو گئے تھے تاکہ رب کی شریعت کی پیروی کریں۔ اُن کی بیویاں اور وہ بیٹے بیٹیاں بھی شریک ہوئے جو عہد کو سمجھ سکتے تھے۔ اپنے بزرگ بھائیوں کے ساتھ مل کر اُنہوں نے قَسم کھا کر وعدہ کیا، ”ہم اُس شریعت کی پیروی کریں گے جو اللہ نے ہمیں اپنے خادم موسیٰ کی معرفت دی ہے۔ ہم احتیاط سے رب اپنے آقا کے تمام احکام اور ہدایات پر عمل کریں گے۔“ نیز، اُنہوں نے قَسم کھا کر وعدہ کیا، ”ہم اپنے بیٹے بیٹیوں کی شادی غیریہودیوں سے نہیں کرائیں گے۔ جب غیریہودی ہمیں سبت کے دن یا رب کے لئے مخصوص کسی اَور دن اناج یا کوئی اَور مال بیچنے کی کوشش کریں تو ہم کچھ نہیں خریدیں گے۔ ہر ساتویں سال ہم زمین کی کھیتی باڑی نہیں کریں گے اور تمام قرضے منسوخ کریں گے۔ ہم سالانہ رب کے گھر کی خدمت کے لئے چاندی کا چھوٹا سِکہ دیں گے۔ اِس خدمت میں ذیل کی چیزیں شامل ہیں: اللہ کے لئے مخصوص روٹی، غلہ کی نذر اور بھسم ہونے والی وہ قربانیاں جو روزانہ پیش کی جاتی ہیں، سبت کے دن، نئے چاند کی عید اور باقی عیدوں پر پیش کی جانے والی قربانیاں، خاص مُقدّس قربانیاں، اسرائیل کا کفارہ دینے والی گناہ کی قربانیاں، اور ہمارے خدا کے گھر کا ہر کام۔ ہم نے قرعہ ڈال کر مقرر کیا ہے کہ اماموں، لاویوں اور باقی قوم کے کون کون سے خاندان سال میں کن کن مقررہ موقعوں پر رب کے گھر میں لکڑی پہنچائیں۔ یہ لکڑی ہمارے خدا کی قربان گاہ پر قربانیاں جلانے کے لئے استعمال کی جائے گی، جس طرح شریعت میں لکھا ہے۔ ہم سالانہ اپنے کھیتوں اور درختوں کا پہلا پھل رب کے گھر میں پہنچائیں گے۔ جس طرح شریعت میں درج ہے، ہم اپنے پہلوٹھوں کو رب کے گھر میں لا کر اللہ کے لئے مخصوص کریں گے۔ گائےبَیلوں اور بھیڑبکریوں کے پہلے بچے ہم خدمت گزار اماموں کو قربان کرنے کے لئے دیں گے۔ اُنہیں ہم سال کے پہلے غلہ سے گوندھا ہوا آٹا، اپنے درختوں کا پہلا پھل، اپنی نئی مَے اور زیتون کے نئے تیل کا پہلا حصہ دے کر رب کے گھر کے گوداموں میں پہنچائیں گے۔ دیہات میں ہم لاویوں کو اپنی فصلوں کا دسواں حصہ دیں گے، کیونکہ وہی دیہات میں یہ حصہ جمع کرتے ہیں۔ دسواں حصہ ملتے وقت کوئی امام یعنی ہارون کے خاندان کا کوئی مرد لاویوں کے ساتھ ہو گا، اور لاوی مال کا دسواں حصہ ہمارے خدا کے گھر کے گوداموں میں پہنچائیں گے۔ عام لوگ اور لاوی وہاں غلہ، نئی مَے اور زیتون کا تیل لائیں گے۔ اِن کمروں میں مقدِس کی خدمت کے لئے درکار تمام سامان محفوظ رکھا جائے گا۔ اِس کے علاوہ وہاں اماموں، دربانوں اور گلوکاروں کے کمرے ہوں گے۔ ہم اپنے خدا کے گھر میں تمام فرائض سرانجام دینے میں غفلت نہیں برتیں گے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں نحمیاہ 10

نحمیاہ 1:10-39 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور وہ جِنہوں نے مُہر لگائی یہ ہیں نحمیاؔہ بِن حکلیاؔہ حاکِم اور صِدقیاؔہ۔ سِرایاؔہ عزریاؔہ یرمیاؔہ۔ فشحُور امریاؔہ ملکیاہ۔ حطُّوش سبنیاؔہ ملُّوؔک۔ حارِم مرِیموؔت عبدؔیاہ۔ دانی ایل جِنّتُوؔن بارُوؔک۔ مُسلاّؔم ابیاؔہ میامِین۔ معزیاؔہ بِلجی سمعیاہ یہ کاہِن تھے۔ اور لاوی یہ تھے۔ یشُوع بِن ازنیاؔہ بِنوی بنی حنداد میں سے قدمی ایل۔ اور اُن کے بھائی سبنیاؔہ ہُودؔیاہ قلِیطاہ فِلایاؔہ حنان۔ مِیکا رحوب حسابیاؔہ۔ زکُّور سرِبیاؔہ سبنیاؔہ۔ ہُودؔیاہ بانی بنِینُو۔ لوگوں کے رئِیس یہ تھے۔ پرعُوؔس پخت موآب عیلاؔم زتُّو باؔنی۔ بُنّی عزجاد ببَی۔ ادُوؔنیاہ بِگوَؔی عدِین۔ اِطیر حِزقیاؔہ عزُّور۔ ہُودؔیاہ حاشُوؔم بضَی۔ خارِیف عنتوت نوبی۔ مگفِیعاؔس مُسلاّؔم حزِیر۔ مشیز بیل صدُوؔق یدُّوؔع۔ فِلطیاؔہ حنان عنایاؔہ۔ ہُوسیع حننیاؔہ حسُوب۔ ہلُوحیس فِلحا سوبیق۔ رحُوؔم حسبناؔہ معسیاؔہ۔ اخیاہ حنان عنان۔ ملُوؔک حارِم بعناہ۔ اور باقی لوگ اور کاہِن اور لاوی اور دربان اور گانے والے اور نتنیِم اور سب جو خُدا کی شرِیعت کی خاطِر اَور مُلکوں کی قَوموں سے الگ ہو گئے تھے اور اُن کی بِیویاں اور اُن کے بیٹے اور بیٹیاں غرض جِن میں سمجھ اور عقل تھی۔ وہ سب کے سب اپنے بھائی امِیروں کے ساتھ مِل کر لَعنت و قَسم میں شامِل ہُوئے تاکہ خُدا کی شرِیعت پر جو بندۂِ خُدا مُوسیٰ کی معرفت مِلی چلیں اور یہُوواؔہ ہمارے خُداوند کے سب حُکموں اور فرمانوں اور آئِین کو مانیں اور اُن پر عمل کریں۔ اور ہم اپنی بیٹیاں مُلک کے باشِندوں کو نہ دیں اور نہ اپنے بیٹوں کے لِئے اُن کی بیٹیاں لیں۔ اور اگر مُلک کے لوگ سبت کے دِن کُچھ مال یا کھانے کی چِیز بیچنے کو لائیں تو ہم سبت کو یا کِسی مُقدّس دِن کو اُن سے مول نہ لیں اور ساتواں سال اور ہر قرض کا مُطالبہ چھوڑ دیں۔ اور ہم نے اپنے لِئے قانُون ٹھہرائے کہ اپنے خُدا کے گھر کی خِدمت کے لِئے سال بہ سال مِثقال کا تِیسرا حِصّہ دِیا کریں۔ یعنی سبتوں اور نئے چاندوں کی نذر کی روٹی اور دائِمی نذر کی قُربانی اور دائِمی سوختنی قُربانی کے لِئے اور مُقرّرہ عِیدوں اور مُقدّس چِیزوں اور خطا کی قُربانِیوں کے لِئے کہ اِسرائیل کے واسطے کفّارہ ہو اور اپنے خُدا کے گھر کے سب کاموں کے لِئے۔ اور ہم نے یعنی کاہِنوں اور لاویوں اور لوگوں نے لکڑی کے ہدئے کی بابت قُرعے ڈالے تاکہ اُسے اپنے خُدا کے گھر میں باپ دادا کے گھرانوں کے مُطابِق مُقرّرہ وقتوں پر سال بہ سال خُداوند اپنے خُدا کے مذبح پر جلانے کو لایا کریں جَیسا شرِیعت میں لِکھا ہے۔ اور سال بہ سال اپنی اپنی زمِین کے پہلے پَھل اور سب درختوں کے سب میووں میں سے پہلے پَھل خُداوند کے گھر میں لائیں۔ اور جَیسا شرِیعت میں لِکھا ہے اپنے پہلوٹھے بیٹوں کو اور اپنی مواشی یعنی گائے بَیل اور بھیڑ بکری کے پہلوٹھے بچّوں کو اپنے خُدا کے گھر میں کاہِنوں کے پاس جو ہمارے خُدا کے گھر میں خِدمت کرتے ہیں لائیں۔ اور اپنے گُوندھے ہُوئے آٹے اور اپنی اُٹھائی ہُوئی قُربانِیوں اور سب درختوں کے میووں اور مَے اور تیل میں سے پہلے پَھل کو اپنے خُدا کے گھر کی کوٹھریوں میں کاہِنوں کے پاس اور اپنے کھیت کی دَہ یکی لاویوں کے پاس لایا کریں کیونکہ لاوی سب شہروں میں جہاں ہم کاشت کاری کرتے ہیں دسواں حِصّہ لیتے ہیں۔ اور جب لاوی دَہ یکی لیں تو کوئی کاہِن جو ہارُونؔ کی اَولاد سے ہو لاویوں کے ساتھ ہو اور لاوی دَہ یکیوں کا دسواں حِصّہ ہمارے خُدا کے بَیت المال کی کوٹھرِیوں میں لائیں۔ کیونکہ بنی اِسرائیل اور بنی لاوی اناج اور مَے اور تیل کی اُٹھائی ہُوئی قُربانِیاں اُن کوٹھریوں میں لایا کریں گے جہاں مقدِس کے ظرُوف اور خِدمت گُذار کاہِن اور دربان اور گانے والے ہیں اور ہم اپنے خُدا کے گھر کو نہیں چھوڑیں گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں نحمیاہ 10