YouVersion Logo
تلاش

مرقس 1:3-33

مرقس 1:3-33 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور وہ عِبادت خانہ میں پِھر داخِل ہُؤا اور وہاں ایک آدمی تھا جِس کا ہاتھ سُوکھا ہُؤا تھا۔ اور وہ اُس کی تاک میں رہے کہ اگر وہ اُسے سبت کے دِن اچّھا کرے تو اُس پر اِلزام لگائیں۔ اُس نے اُس آدمی سے جِس کا ہاتھ سُوکھا ہُؤا تھا کہا بِیچ میں کھڑا ہو۔ اور اُن سے کہا سبت کے دِن نیکی کرنا روا ہے یا بدی کرنا؟ جان بچانا یا قتل کرنا؟ وہ چُپ رہ گئے۔ اُس نے اُن کی سخت دِلی کے سبب سے غمگِین ہو کر اور چاروں طرف اُن پر غُصّہ سے نظر کر کے اُس آدمی سے کہا اپنا ہاتھ بڑھا۔ اُس نے بڑھا دِیا اور اُس کا ہاتھ درُست ہو گیا۔ پِھر فرِیسی فی الفَور باہر جا کر ہیرودِیوں کے ساتھ اُس کے برخِلاف مشورَہ کرنے لگے کہ اُسے کِس طرح ہلاک کریں۔ اور یِسُوعؔ اپنے شاگِردوں کے ساتھ جِھیل کی طرف چلا گیا اور گلِیل سے ایک بڑی بِھیڑ پِیچھے ہو لی اور یہُودیہ اور یروشلِیم اور اِدومَیہ سے اور یَردؔن کے پار اور صُور اور صَیدا کے آس پاس سے ایک بڑی بِھیڑ یہ سُن کر کہ وہ کَیسے بڑے کام کرتا ہے اُس کے پاس آئی۔ پس اُس نے اپنے شاگِردوں سے کہا بِھیڑ کی وجہ سے ایک چھوٹی کشتی میرے لِئے تیّار رہے تاکہ وہ مُجھے دبا نہ ڈالیں۔ کیونکہ اُس نے بُہت لوگوں کو اچّھا کِیا تھا۔ چُنانچہ جِتنے لوگ سخت بِیمارِیوں میں گرِفتار تھے اُس پر گِرے پڑتے تھے کہ اُسے چُھو لیں۔ اور ناپاک رُوحیں جب اُسے دیکھتی تِھیں اُس کے آگے گِر پڑتی اور پُکار کر کہتی تِھیں کہ تُو خُدا کا بیٹا ہے۔ اور وہ اُن کو بڑی تاکِید کرتا تھا کہ مُجھے ظاہِر نہ کرنا۔ پِھر وہ پہاڑ پر چڑھ گیا اور جِن کو وہ آپ چاہتا تھا اُن کو پاس بُلایا اور وہ اُس کے پاس چلے آئے۔ اور اُس نے بارہ کو مُقرّر کِیا تاکہ اُس کے ساتھ رہیں اور وہ اُن کو بھیجے کہ مُنادی کریں۔ اور بدرُوحوں کو نِکالنے کا اِختیار رکھّیں۔ وہ یہ ہیں:- شمعُوؔن جِس کا نام پطرؔس رکھّا۔ اور زبدؔی کا بیٹا یعقُوبؔ اور یعقُوبؔ کا بھائی یُوحنّا جِن کا نام بُوانِرؔگِس یعنی گرج کے بیٹے رکھّا۔ اور اندرؔیاس اور فِلِپُّس اور بُرتلمائی اور متّی اور تُوما اور حلفئی کا بیٹا یعقُوبؔ اور تدّی اور شمعُوؔن قنانی۔ اور یہُوداؔہ اِسکریُوتی جِس نے اُسے پکڑوا بھی دِیا۔ وہ گھر میں آیا۔ اور اِتنے لوگ پِھر جمع ہو گئے کہ وہ کھانا بھی نہ کھا سکے۔ جب اُس کے عزِیزوں نے یہ سُنا تو اُسے پکڑنے کو نِکلے کیونکہ کہتے تھے کہ وہ بے خُود ہے۔ اور فقِیہہ جو یروشلِیم سے آئے تھے یہ کہتے تھے کہ اُس کے ساتھ بَعَلزؔبُول ہے اور یہ بھی کہ وہ بدرُوحوں کے سردار کی مدد سے بدرُوحوں کو نِکالتا ہے۔ وہ اُن کو پاس بُلا کر اُن سے تمثِیلوں میں کہنے لگا کہ شَیطان کو شَیطان کِس طرح نِکال سکتا ہے؟ اور اگر کِسی سلطنت میں پُھوٹ پڑ جائے تو وہ سلطنت قائِم نہیں رہ سکتی۔ اور اگر کِسی گھر میں پُھوٹ پڑ جائے تو وہ گھر قائِم نہ رہ سکے گا۔ اور اگر شَیطان اپنا ہی مُخالِف ہو کر اپنے میں پُھوٹ ڈالے تو وہ قائِم نہیں رہ سکتا بلکہ اُس کا خاتِمہ ہو جائے گا۔ لیکن کوئی آدمی کِسی زورآور کے گھر میں گُھس کر اُس کے اسباب کو لُوٹ نہیں سکتا جب تک وہ پہلے اُس زورآور کو نہ باندھ لے۔ تب اُس کا گھر لُوٹ لے گا۔ مَیں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ بنی آدمؔ کے سب گُناہ اور جِتنا کُفر وہ بکتے ہیں مُعاف کِیا جائے گا۔ لیکن جو کوئی رُوحُ القُدس کے حق میں کُفربکے وہ ابد تک مُعافی نہ پائے گا بلکہ ابدی گُناہ کا قصُوروار ہے۔ کیونکہ وہ کہتے تھے کہ اُس میں ناپاک رُوح ہے۔ پِھر اُس کی ماں اور اُس کے بھائی آئے اور باہر کھڑے ہو کر اُسے بُلوا بھیجا۔ اور بِھیڑ اُس کے آس پاس بَیٹھی تھی اور اُنہوں نے اُس سے کہا دیکھ تیری ماں اور تیرے بھائی باہر تُجھے پُوچھتے ہیں۔ اُس نے اُن کو یہ جواب دِیا میری ماں اور میرے بھائی کَون ہیں؟

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مرقس 3

مرقس 1:3-33 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

پھر سے حُضُور عیسیٰ یہُودی عبادت گاہ میں داخل ہوئے اَور وہاں، ایک آدمی تھا جِس کا ایک ہاتھ سُوکھا ہُوا تھا۔ اَور فرِیسی حُضُور عیسیٰ کی تاک میں تھے اِس لیٔے حُضُور کو قریب سے دیکھنے لگے کہ اگر حُضُور سَبت کے دِن اُس آدمی کو شفا بَخشیں تو وہ حُضُور پر اِلزام لگاسکیں۔ حُضُور عیسیٰ نے اُس سُوکھے ہاتھ والے آدمی سے کہا، ”اُٹھو اَور آکر سَب کے بیچ میں کھڑے ہو جاؤ۔“ حُضُور عیسیٰ نے اُن سے فرمایا، ”سَبت کے دِن کیا کرنا روا ہے: نیکی کرنا یا بدی کرنا، جان بچانا یا ہلاک کرنا؟“ لیکن وہ خاموش رہے۔ وہ اُن کی سخت دِلی پر نہایت ہی غمگین ہوئے اَور، اُن پر غُصّہ سے نظر کرکے، حُضُور عیسیٰ نے اُس آدمی سے کہا، ”اَپنا ہاتھ بڑھا۔“ اُس نے جَیسے ہی ہاتھ آگے بڑھایا اُس کا ہاتھ بالکُل ٹھیک ہو گیا تھا۔ یہ دیکھ کر فرِیسی فوراً باہر چلے گیٔے اَور ہیرودیوں کے ساتھ حُضُور عیسیٰ کو ہلاک کرنے کی سازش کرنے لگے۔ حُضُور عیسیٰ اَپنے شاگردوں کے ساتھ جھیل کی طرف تشریف لے گیٔے، اَور صُوبہ گلِیل اَور یہُودیؔہ سے لوگوں کا ایک بڑا ہُجوم بھی آپ کے پیچھے چل رہاتھا۔ اَور یہُودیؔہ، یروشلیمؔ، اِدوُمیہؔ، دریائے یردؔن کے پار اَور صُورؔ اَور صیؔدا کے علاقوں کے لوگ بھی آ پہُنچے، کیونکہ اُنہیں پتہ چَلاتھا کہ حُضُور عیسیٰ بہت بَڑے بَڑے کام کرتے ہیں۔ ہُجوم کو دیکھ کر حُضُور عیسیٰ نے اَپنے شاگردوں سے کہا، میرے لیٔے ایک چھوٹی کشتی تیّار رکھو لوگ بہت ہی زِیادہ ہیں، کہیں اَیسا نہ ہو کہ وہ مُجھے دبا دیں۔ حُضُور عیسیٰ نے بہت سے لوگوں کو شفا بخشی تھی، لہٰذا جتنے لوگ بیمار تھے آپ کو چھُونے کی کوشش میں اُن پر گِرے پڑتے تھے۔ بَدرُوحیں بھی حُضُور عیسیٰ کو دیکھتی تھیں، اُن کے سامنے گِرکر چِلّانے لگتی تھیں، ”آپ خُدا کے بیٹے ہیں۔“ حُضُور عیسیٰ نے اُنہیں سخت تَاکید کی کہ وہ دُوسروں کو اُن کے بارے میں نہ بتائیں۔ پھر حُضُور عیسیٰ ایک پہاڑی پر چڑھ گیٔے اَور وہ جنہیں چاہتے تھے، اُنہیں اَپنے پاس بُلایا اَور وہ حُضُور کے پاس چلے آئے۔ حُضُور عیسیٰ نے بَارہ کو بطور رسول مُقرّر کیا تاکہ وہ اُن کے ساتھ رہیں اَور وہ اُنہیں مُنادی کرنے کے لیٔے بھیجیں اَور بَدرُوحوں کو نکالنے کا اِختیّار حاصل ہو۔ چنانچہ حُضُور عیسیٰ نے اِن بَارہ کو مُقرّر کیا: شمعُونؔ (جسے حُضُور عیسیٰ نے پطرس کا نام دیا)، یعقوب اُس کا بھایٔی یُوحنّؔا جو زبدیؔ کا بیٹے تھے (حُضُور عیسیٰ نے اُن کا تخّلص بُوانِرگِسؔ یعنی ”رَعد کا بیٹا رکھا“)، اَندریاسؔ، فِلِپُّسؔ اَور برتلماؔئی، متّیؔ، اَور توماؔ، حلفئؔی کا بیٹا یعقوب اَور تدّیؔ، اَور شمعُونؔ قنانی اَور یہُوداؔہ اِسکریوتی جِس نے حُضُور عیسیٰ سے دغابازی بھی کی تھی۔ حُضُور عیسیٰ ایک گھر میں داخل ہویٔے، اَور وہاں اِس قدر بھیڑ لگ گئی کہ وہ، اَور اُن کے شاگرد کھانا بھی نہ کھا سکے۔ جَب اُن کے اہلِ خانہ کو خبر ہویٔی تو وہ حُضُور عیسیٰ کو اَپنے ساتھ لے جانے کے لیٔے آئے کیونکہ اُن کا کہنا تھا، ”حُضُور المسیؔح اَپنا ذہنی تَوازن کھو بَیٹھے ہیں۔“ شَریعت کے عالِم جو یروشلیمؔ سے آئےتھے اُن کا کہنا تھا، ”حُضُور عیسیٰ میں بَعل زبُولؔ ہے! اَور یہ بھی کہ وہ بَدرُوحوں کے رہنما کی مدد سے بَدرُوحوں کو نکالتے ہیں۔“ حُضُور عیسیٰ اُنہیں اَپنے پاس بُلاکر اُن سے تمثیلوں میں کہنے لگے: ”شیطان کو خُود شیطان ہی نِکالے یہ کیسے ہو سَکتا ہے؟ اگر کسی سلطنت میں پھُوٹ پڑ جائے، تو اُس کا وُجُود قائِم نہیں رہ سَکتا۔ اگر کسی گھر میں پھُوٹ پڑ جائے، تو وہ قائِم نہیں رہ سَکتا۔ اگر شیطان اَپنے ہی خِلاف لڑنے لگے اَور اُس کے اَپنے اَندر پھُوٹ پڑ جائے، تو وہ بھی قائِم نہیں رہ سَکتا؛ بَلکہ اُس کا خاتِمہ ہو جائے گا۔ درحقیقت، کویٔی شخص کسی زورآور کے گھر میں گھس کر اُس کا سامان نہیں لُوٹ سَکتا جَب تک کہ وہ پہلے اُس زورآور کو باندھ نہ لے۔ تَب ہی وہ اُس گھر کو لُوٹ سکے گا۔ میں تُم سے سچ کہتا ہُوں، اِنسانوں کے سارے گُناہ اَور جِتنا کُفر وہ بکتے ہیں مُعاف کیٔے جایٔیں گے، لیکن پاک رُوح کے خِلاف کُفر بکنے والا ایک اَبدی گُناہ کا مُرتکب ہوتاہے؛ اِس لیٔے وہ ہر گز نہ بَخشا جائے گا۔“ حُضُور عیسیٰ کا اِشارہ اُن ہی کی طرف تھا کیونکہ وہ کہتے تھے، ”حُضُور عیسیٰ میں ایک بَدرُوح ہے۔“ پھر حُضُور عیسیٰ کی ماں اَور اُن کے بھایٔی آ گئے اَور اُنہُوں نے حُضُور عیسیٰ کو باہر بُلوا بھیجا۔ حُضُور کے آس پاس ایک ہُجوم بیَٹھا تھا، لوگوں نے حُضُور کو خبر دی، ”وہ دیکھئے! آپ کی ماں اَور آپ کے بھایٔی اَور بہن باہر کھڑے ہیں اَور آپ سے مُلاقات کرنا چاہتے ہیں۔“ ”میری ماں اَور میرے بھایٔی کون ہیں؟“ حُضُور عیسیٰ نے جَواب دیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مرقس 3

مرقس 1:3-33 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

کسی اَور وقت جب عیسیٰ عبادت خانے میں گیا تو وہاں ایک آدمی تھا جس کا ہاتھ سوکھا ہوا تھا۔ سبت کا دن تھا اور لوگ بڑے غور سے دیکھ رہے تھے کہ کیا عیسیٰ اِس آدمی کو آج بھی شفا دے گا۔ کیونکہ وہ اُس پر الزام لگانے کا کوئی بہانہ تلاش کر رہے تھے۔ عیسیٰ نے سوکھے ہاتھ والے آدمی سے کہا، ”اُٹھ، درمیان میں کھڑا ہو۔“ پھر عیسیٰ نے اُن سے پوچھا، ”مجھے بتاؤ، شریعت ہمیں سبت کے دن کیا کرنے کی اجازت دیتی ہے، نیک کام کرنے کی یا غلط کام کرنے کی، کسی کی جان بچانے کی یا اُسے تباہ کرنے کی؟“ سب خاموش رہے۔ وہ غصے سے اپنے ارد گرد کے لوگوں کی طرف دیکھنے لگا۔ اُن کی سخت دلی اُس کے لئے بڑے دُکھ کا باعث بن رہی تھی۔ پھر اُس نے آدمی سے کہا، ”اپنا ہاتھ آگے بڑھا۔“ اُس نے ایسا کیا تو اُس کا ہاتھ بحال ہو گیا۔ اِس پر فریسی باہر نکل کرسیدھے ہیرودیس کی پارٹی کے افراد کے ساتھ مل کر عیسیٰ کو قتل کرنے کی سازشیں کرنے لگے۔ لیکن عیسیٰ وہاں سے ہٹ کر اپنے شاگردوں کے ساتھ جھیل کے پاس گیا۔ ایک بڑا ہجوم اُس کے پیچھے ہو لیا۔ لوگ نہ صرف گلیل کے علاقے سے آئے بلکہ بہت سی اَور جگہوں یعنی یہودیہ، یروشلم، ادومیہ، دریائے یردن کے پار اور صور اور صیدا کے علاقے سے بھی۔ وجہ یہ تھی کہ عیسیٰ کے کام کی خبر اُن علاقوں تک بھی پہنچ چکی تھی اور نتیجے میں بہت سے لوگ وہاں سے بھی آئے۔ عیسیٰ نے شاگردوں سے کہا، ”احتیاطاً ایک کشتی اُس وقت کے لئے تیار کر رکھو جب ہجوم مجھے حد سے زیادہ دبانے لگے گا۔“ کیونکہ اُس دن اُس نے بہتوں کو شفا دی تھی، اِس لئے جسے بھی کوئی تکلیف تھی وہ دھکے دے دے کر اُس کے پاس آیا تاکہ اُسے چھو سکے۔ اور جب بھی ناپاک روحوں نے عیسیٰ کو دیکھا تو وہ اُس کے سامنے گر کر چیخیں مارنے لگیں، ”آپ اللہ کے فرزند ہیں۔“ لیکن عیسیٰ نے اُنہیں سختی سے ڈانٹ کر کہا کہ وہ اُسے ظاہر نہ کریں۔ اِس کے بعد عیسیٰ نے پہاڑ پر چڑھ کر جنہیں وہ چاہتا تھا اُنہیں اپنے پاس بُلا لیا۔ اور وہ اُس کے پاس آئے۔ اُس نے اُن میں سے بارہ کو چن لیا۔ اُنہیں اُس نے اپنے رسول مقرر کر لیا تاکہ وہ اُس کے ساتھ چلیں اور وہ اُنہیں منادی کرنے کے لئے بھیج سکے۔ اُس نے اُنہیں بدروحیں نکالنے کا اختیار بھی دیا۔ جن بارہ کو اُس نے مقرر کیا اُن کے نام یہ ہیں: شمعون جس کا لقب اُس نے پطرس رکھا، زبدی کے بیٹے یعقوب اور یوحنا جن کا لقب عیسیٰ نے ’بادل کی گرج کے بیٹے‘ رکھا، اندریاس، فلپّس، برتلمائی، متی، توما، یعقوب بن حلفئی، تدّی، شمعون مجاہد اور یہوداہ اسکریوتی جس نے بعد میں اُسے دشمن کے حوالے کر دیا۔ پھر عیسیٰ کسی گھر میں داخل ہوا۔ اِس بار بھی اِتنا ہجوم جمع ہو گیا کہ عیسیٰ کو اپنے شاگردوں سمیت کھانا کھانے کا موقع بھی نہ ملا۔ جب اُس کے خاندان کے افراد نے یہ سنا تو وہ اُسے پکڑ کر لے جانے کے لئے آئے، کیونکہ اُنہوں نے کہا، ”وہ ہوش میں نہیں ہے۔“ لیکن شریعت کے جو عالِم یروشلم سے آئے تھے اُنہوں نے کہا، ”یہ بدروحوں کے سردار بعل زبول کے قبضے میں ہے۔ اُسی کی مدد سے بدروحوں کو نکال رہا ہے۔“ پھر عیسیٰ نے اُنہیں اپنے پاس بُلا کر تمثیلوں میں جواب دیا۔ ”ابلیس کس طرح ابلیس کو نکال سکتا ہے؟ جس بادشاہی میں پھوٹ پڑ جائے وہ قائم نہیں رہ سکتی۔ اور جس گھرانے کی ایسی حالت ہو وہ بھی قائم نہیں رہ سکتا۔ اِسی طرح اگر ابلیس اپنے آپ کی مخالفت کرے اور یوں اُس میں پھوٹ پڑ جائے تو وہ قائم نہیں رہ سکتا بلکہ ختم ہو چکا ہے۔ کسی زورآور آدمی کے گھر میں گھس کر اُس کا مال و اسباب لُوٹنا اُس وقت تک ممکن نہیں ہے جب تک اُس آدمی کو باندھا نہ جائے۔ پھر ہی اُسے لُوٹا جا سکتا ہے۔ مَیں تم سے سچ کہتا ہوں کہ لوگوں کے تمام گناہ اور کفر کی باتیں معاف کی جا سکیں گی، خواہ وہ کتنا ہی کفر کیوں نہ بکیں۔ لیکن جو روح القدس کے خلاف کفر بکے اُسے ابد تک معافی نہیں ملے گی۔ وہ ایک ابدی گناہ کا قصوروار ٹھہرے گا۔“ عیسیٰ نے یہ اِس لئے کہا کیونکہ عالِم کہہ رہے تھے کہ وہ کسی بدروح کی گرفت میں ہے۔ پھر عیسیٰ کی ماں اور بھائی پہنچ گئے۔ باہر کھڑے ہو کر اُنہوں نے کسی کو اُسے بُلانے کو بھیج دیا۔ اُس کے ارد گرد ہجوم بیٹھا تھا۔ اُنہوں نے کہا، ”آپ کی ماں اور بھائی باہر آپ کو بُلا رہے ہیں۔“ عیسیٰ نے پوچھا، ”کون میری ماں اور کون میرے بھائی ہیں؟“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مرقس 3