پھر سے حُضُور عیسیٰ یہُودی عبادت گاہ میں داخل ہوئے اَور وہاں، ایک آدمی تھا جِس کا ایک ہاتھ سُوکھا ہُوا تھا۔ اَور فرِیسی حُضُور عیسیٰ کی تاک میں تھے اِس لیٔے حُضُور کو قریب سے دیکھنے لگے کہ اگر حُضُور سَبت کے دِن اُس آدمی کو شفا بَخشیں تو وہ حُضُور پر اِلزام لگاسکیں۔ حُضُور عیسیٰ نے اُس سُوکھے ہاتھ والے آدمی سے کہا، ”اُٹھو اَور آکر سَب کے بیچ میں کھڑے ہو جاؤ۔“ حُضُور عیسیٰ نے اُن سے فرمایا، ”سَبت کے دِن کیا کرنا روا ہے: نیکی کرنا یا بدی کرنا، جان بچانا یا ہلاک کرنا؟“ لیکن وہ خاموش رہے۔ وہ اُن کی سخت دِلی پر نہایت ہی غمگین ہوئے اَور، اُن پر غُصّہ سے نظر کرکے، حُضُور عیسیٰ نے اُس آدمی سے کہا، ”اَپنا ہاتھ بڑھا۔“ اُس نے جَیسے ہی ہاتھ آگے بڑھایا اُس کا ہاتھ بالکُل ٹھیک ہو گیا تھا۔ یہ دیکھ کر فرِیسی فوراً باہر چلے گیٔے اَور ہیرودیوں کے ساتھ حُضُور عیسیٰ کو ہلاک کرنے کی سازش کرنے لگے۔ حُضُور عیسیٰ اَپنے شاگردوں کے ساتھ جھیل کی طرف تشریف لے گیٔے، اَور صُوبہ گلِیل اَور یہُودیؔہ سے لوگوں کا ایک بڑا ہُجوم بھی آپ کے پیچھے چل رہاتھا۔ اَور یہُودیؔہ، یروشلیمؔ، اِدوُمیہؔ، دریائے یردؔن کے پار اَور صُورؔ اَور صیؔدا کے علاقوں کے لوگ بھی آ پہُنچے، کیونکہ اُنہیں پتہ چَلاتھا کہ حُضُور عیسیٰ بہت بَڑے بَڑے کام کرتے ہیں۔ ہُجوم کو دیکھ کر حُضُور عیسیٰ نے اَپنے شاگردوں سے کہا، میرے لیٔے ایک چھوٹی کشتی تیّار رکھو لوگ بہت ہی زِیادہ ہیں، کہیں اَیسا نہ ہو کہ وہ مُجھے دبا دیں۔ حُضُور عیسیٰ نے بہت سے لوگوں کو شفا بخشی تھی، لہٰذا جتنے لوگ بیمار تھے آپ کو چھُونے کی کوشش میں اُن پر گِرے پڑتے تھے۔ بَدرُوحیں بھی حُضُور عیسیٰ کو دیکھتی تھیں، اُن کے سامنے گِرکر چِلّانے لگتی تھیں، ”آپ خُدا کے بیٹے ہیں۔“ حُضُور عیسیٰ نے اُنہیں سخت تَاکید کی کہ وہ دُوسروں کو اُن کے بارے میں نہ بتائیں۔ پھر حُضُور عیسیٰ ایک پہاڑی پر چڑھ گیٔے اَور وہ جنہیں چاہتے تھے، اُنہیں اَپنے پاس بُلایا اَور وہ حُضُور کے پاس چلے آئے۔ حُضُور عیسیٰ نے بَارہ کو بطور رسول مُقرّر کیا تاکہ وہ اُن کے ساتھ رہیں اَور وہ اُنہیں مُنادی کرنے کے لیٔے بھیجیں اَور بَدرُوحوں کو نکالنے کا اِختیّار حاصل ہو۔ چنانچہ حُضُور عیسیٰ نے اِن بَارہ کو مُقرّر کیا: شمعُونؔ (جسے حُضُور عیسیٰ نے پطرس کا نام دیا)، یعقوب اُس کا بھایٔی یُوحنّؔا جو زبدیؔ کا بیٹے تھے (حُضُور عیسیٰ نے اُن کا تخّلص بُوانِرگِسؔ یعنی ”رَعد کا بیٹا رکھا“)، اَندریاسؔ، فِلِپُّسؔ اَور برتلماؔئی، متّیؔ، اَور توماؔ، حلفئؔی کا بیٹا یعقوب اَور تدّیؔ، اَور شمعُونؔ قنانی اَور یہُوداؔہ اِسکریوتی جِس نے حُضُور عیسیٰ سے دغابازی بھی کی تھی۔ حُضُور عیسیٰ ایک گھر میں داخل ہویٔے، اَور وہاں اِس قدر بھیڑ لگ گئی کہ وہ، اَور اُن کے شاگرد کھانا بھی نہ کھا سکے۔ جَب اُن کے اہلِ خانہ کو خبر ہویٔی تو وہ حُضُور عیسیٰ کو اَپنے ساتھ لے جانے کے لیٔے آئے کیونکہ اُن کا کہنا تھا، ”حُضُور المسیؔح اَپنا ذہنی تَوازن کھو بَیٹھے ہیں۔“ شَریعت کے عالِم جو یروشلیمؔ سے آئےتھے اُن کا کہنا تھا، ”حُضُور عیسیٰ میں بَعل زبُولؔ ہے! اَور یہ بھی کہ وہ بَدرُوحوں کے رہنما کی مدد سے بَدرُوحوں کو نکالتے ہیں۔“ حُضُور عیسیٰ اُنہیں اَپنے پاس بُلاکر اُن سے تمثیلوں میں کہنے لگے: ”شیطان کو خُود شیطان ہی نِکالے یہ کیسے ہو سَکتا ہے؟ اگر کسی سلطنت میں پھُوٹ پڑ جائے، تو اُس کا وُجُود قائِم نہیں رہ سَکتا۔ اگر کسی گھر میں پھُوٹ پڑ جائے، تو وہ قائِم نہیں رہ سَکتا۔ اگر شیطان اَپنے ہی خِلاف لڑنے لگے اَور اُس کے اَپنے اَندر پھُوٹ پڑ جائے، تو وہ بھی قائِم نہیں رہ سَکتا؛ بَلکہ اُس کا خاتِمہ ہو جائے گا۔ درحقیقت، کویٔی شخص کسی زورآور کے گھر میں گھس کر اُس کا سامان نہیں لُوٹ سَکتا جَب تک کہ وہ پہلے اُس زورآور کو باندھ نہ لے۔ تَب ہی وہ اُس گھر کو لُوٹ سکے گا۔ میں تُم سے سچ کہتا ہُوں، اِنسانوں کے سارے گُناہ اَور جِتنا کُفر وہ بکتے ہیں مُعاف کیٔے جایٔیں گے، لیکن پاک رُوح کے خِلاف کُفر بکنے والا ایک اَبدی گُناہ کا مُرتکب ہوتاہے؛ اِس لیٔے وہ ہر گز نہ بَخشا جائے گا۔“ حُضُور عیسیٰ کا اِشارہ اُن ہی کی طرف تھا کیونکہ وہ کہتے تھے، ”حُضُور عیسیٰ میں ایک بَدرُوح ہے۔“ پھر حُضُور عیسیٰ کی ماں اَور اُن کے بھایٔی آ گئے اَور اُنہُوں نے حُضُور عیسیٰ کو باہر بُلوا بھیجا۔ حُضُور کے آس پاس ایک ہُجوم بیَٹھا تھا، لوگوں نے حُضُور کو خبر دی، ”وہ دیکھئے! آپ کی ماں اَور آپ کے بھایٔی اَور بہن باہر کھڑے ہیں اَور آپ سے مُلاقات کرنا چاہتے ہیں۔“ ”میری ماں اَور میرے بھایٔی کون ہیں؟“ حُضُور عیسیٰ نے جَواب دیا۔
پڑھیں مرقُس 3
سنیں مرقُس 3
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: مرقُس 1:3-33
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos