YouVersion Logo
تلاش

مرقس 1:2-12

مرقس 1:2-12 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

کُچھ دِنوں کے بعد حُضُور عیسیٰ پھر سے کَفرنحُومؔ، میں آئے، تو خبر پھیل گئی کہ وہ گھر واپس آ گئے ہیں۔ چنانچہ اتنے لوگ جمع ہو گئے یہاں تک کہ دروازے کے آس پاس، بھی جگہ نہ رہی، حُضُور عیسیٰ اُنہیں کلام کی تبلیغ کر رہے تھے۔ کُچھ لوگ، ایک مفلُوج کو حُضُور کے پاس لایٔے، جسے چار آدمی اُٹھائے ہویٔے تھے۔ جَب وہ اُس بیمار کو ہُجوم کے باعث حُضُور عیسیٰ کے پاس نہ لا سکے، تو چھت پر چڑھ گیٔے اَور اُنہُوں نے چھت کا وہ حِصّہ اُدھیڑ ڈالا جِس کے نیچے حُضُور عیسیٰ بَیٹھے ہویٔے تھے اَور مفلُوج کو بچھونا سمیت جِس پر وہ لیٹا تھا شگاف میں سے نیچے اُتار دیا۔ اُن لوگوں کے ایمان کو دیکھ کر، حُضُور عیسیٰ نے مفلُوج سے کہا، ”بیٹے، تمہارے گُناہ مُعاف ہویٔے۔“ شَریعت کے بعض عالِم وہاں بَیٹھے تھے، وہ دل میں یہ سوچنے لگے، ”یہ شخص اَیسا کیوں کہتاہے؟ یہ تو کُفر ہے! خُدا کے سِوا کون گُناہ مُعاف کر سَکتا ہے؟“ حُضُور عیسیٰ نے فوراً ہی اَپنی رُوح سے اُسی وقت مَعلُوم کرکے کہ وہ اَپنے دلوں میں کیا کُچھ سوچ رہے ہیں، اَور حُضُور عیسیٰ نے اُن لوگوں سے کہا، ”تُم اَپنے دلوں میں اَیسی باتیں کیوں سوچتے ہو؟ کیا مفلُوج سے یہ کہنا آسان ہے، ’تمہارے گُناہ مُعاف ہویٔے‘ یا یہ کہنا، ’اُٹھو! اَپنے بچھونے کو اُٹھاکر چلے جاؤ‘؟ لیکن میں چاہتا ہُوں کہ تُمہیں مَعلُوم ہو کہ اِبن آدمؔ کو زمین پر گُناہ مُعاف کرنے کا اِختیّار ہے۔“ حُضُور نے مفلُوج سے کہا، ”میں تُجھ سے کہتا ہُوں، اُٹھ اَور اَپنا بچھونا اُٹھاکر اَپنے گھر چَلا جا۔“ وہ آدمی اُٹھا، اَور اُسی گھڑی اَپنے بچھونے کو اُٹھاکر سَب کے سامنے وہاں سے چَلا گیا۔ چنانچہ وہ سَب حیران رہ گیٔے اَور خُدا کی تَعریف کرتے ہویٔے، کہنے لگے، ”ہم نے اَیسا کبھی نہیں دیکھا!“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مرقس 2

مرقس 1:2-12 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

کچھ دنوں کے بعد عیسیٰ کفرنحوم میں واپس آیا۔ جلد ہی خبر پھیل گئی کہ وہ گھر میں ہے۔ اِس پر اِتنے لوگ جمع ہو گئے کہ پورا گھر بھر گیا بلکہ دروازے کے سامنے بھی جگہ نہ رہی۔ وہ اُنہیں کلامِ مُقدّس سنانے لگا۔ اِتنے میں کچھ لوگ پہنچے۔ اُن میں سے چار آدمی ایک مفلوج کو اُٹھائے عیسیٰ کے پاس لانا چاہتے تھے۔ مگر وہ اُسے ہجوم کی وجہ سے عیسیٰ تک نہ پہنچا سکے، اِس لئے اُنہوں نے چھت کھول دی۔ عیسیٰ کے اوپر کا حصہ اُدھیڑ کر اُنہوں نے چارپائی کو جس پر مفلوج لیٹا تھا اُتار دیا۔ جب عیسیٰ نے اُن کا ایمان دیکھا تو اُس نے مفلوج سے کہا، ”بیٹا، تیرے گناہ معاف کر دیئے گئے ہیں۔“ شریعت کے کچھ عالِم وہاں بیٹھے تھے۔ وہ یہ سن کر سوچ بچار میں پڑ گئے۔ ”یہ کس طرح ایسی باتیں کر سکتا ہے؟ کفر بک رہا ہے۔ صرف اللہ ہی گناہ معاف کر سکتا ہے۔“ عیسیٰ نے اپنی روح میں فوراً جان لیا کہ وہ کیا سوچ رہے ہیں، اِس لئے اُس نے اُن سے پوچھا، ”تم دل میں اِس طرح کی باتیں کیوں سوچ رہے ہو؟ کیا مفلوج سے یہ کہنا آسان ہے کہ ’تیرے گناہ معاف کر دیئے گئے ہیں‘ یا یہ کہ ’اُٹھ، اپنی چارپائی اُٹھا کر چل پھر‘؟ لیکن مَیں تم کو دکھاتا ہوں کہ ابنِ آدم کو واقعی دنیا میں گناہ معاف کرنے کا اختیار ہے۔“ یہ کہہ کر وہ مفلوج سے مخاطب ہوا، ”مَیں تجھ سے کہتا ہوں کہ اُٹھ، اپنی چارپائی اُٹھا کر گھر چلا جا۔“ وہ آدمی کھڑا ہوا اور فوراً اپنی چارپائی اُٹھا کر اُن کے دیکھتے دیکھتے چلا گیا۔ سب سخت حیرت زدہ ہوئے اور اللہ کی تمجید کر کے کہنے لگے، ”ایسا کام ہم نے کبھی نہیں دیکھا!“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مرقس 2

مرقس 1:2-12 کِتابِ مُقادّس (URD)

کئی دِن بعد جب وہ کفرنحُوم میں پِھر داخِل ہُؤا تو سُنا گیا کہ وہ گھر میں ہے۔ پِھر اِتنے آدمی جمع ہو گئے کہ دروازہ کے پاس بھی جگہ نہ رہی اور وہ اُن کو کلام سُنا رہا تھا۔ اور لوگ ایک مفلُوج کو چار آدمِیوں سے اُٹھوا کر اُس کے پاس لائے۔ مگر جب وہ بِھیڑ کے سبب سے اُس کے نزدِیک نہ آ سکے تو اُنہوں نے اُس چھت کو جہاں وہ تھا کھول دِیا اور اُسے اُدھیڑ کر اُس چارپائی کو جِس پر مفلُوج لیٹا تھا لٹکا دِیا۔ یِسُوعؔ نے اُن کا اِیمان دیکھ کر مفلُوج سے کہا بیٹا تیرے گُناہ مُعاف ہُوئے۔ مگر وہاں بعض فقِیہہ جو بَیٹھے تھے۔ وہ اپنے دِلوں میں سوچنے لگے کہ یہ کیوں اَیسا کہتا ہے؟ کُفر بکتا ہے خُدا کے سوا گُناہ کَون مُعاف کر سکتا ہے؟ اور فی الفَور یِسُوعؔ نے اپنی رُوح سے معلُوم کر کے کہ وہ اپنے دِلوں میں یُوں سوچتے ہیں اُن سے کہا تُم کیوں اپنے دِلوں میں یہ باتیں سوچتے ہو؟ آسان کیا ہے؟ مفلُوج سے یہ کہنا کہ تیرے گُناہ مُعاف ہُوئے یا یہ کہنا کہ اُٹھ اور اپنی چارپائی اُٹھا کر چل پِھر؟ لیکن اِس لِئے کہ تُم جانو کہ اِبنِ آدمؔ کو زمِین پر گُناہ مُعاف کرنے کا اِختیار ہے (اُس نے اُس مفلُوج سے کہا)۔ مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں اُٹھ اپنی چارپائی اُٹھا کر اپنے گھر چلا جا۔ اور وہ اُٹھا اور فی الفَور چارپائی اُٹھا کر اُن سب کے سامنے باہر چلا گیا۔ چُنانچہ وہ سب حَیران ہو گئے اور خُدا کی تمجِید کر کے کہنے لگے ہم نے اَیسا کبھی نہیں دیکھا تھا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مرقس 2