YouVersion Logo
تلاش

مرقس 1:16-11

مرقس 1:16-11 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

جَب سَبت کا دِن گزر گیا، تو مریمؔ مَگدلِینیؔ، یعقوب کی ماں مریمؔ اَور سلومؔی خُوشبودار چیزیں خرید کر لائیں تاکہ اُنہیں یِسوعؔ کی لاش پر مَلیں۔ اَور ہفتہ کے پہلے دِن، صُبح سویرے سُورج کے نکلتے ہی، وہ قبر پر آئیں۔ وہ آپَس میں کہہ رہی تھیں: ”قبر کے دروازہ پر سے ہمارے لیٔے پتّھر کون ہٹائے گا؟“ لیکن جَب اُنہُوں نے اُوپر نگاہ کی، تو دیکھا کہ وہ بھاری پتّھر، پہلے ہی سے لُڑھکا ہُوا تھا۔ جَب وہ غارنُما قبر کے اَندر گئیں تو، اُنہُوں نے ایک جَوان آدمی کو سفید چوغہ پہنے داہنی طرف بیٹھے دیکھا، اَور وہ گھبرا گئیں۔ لیکن اُس آدمی نے اُن سے کہا، ”تعجُّب نہ کرو، تُم یِسوعؔ ناصری، کو جو مصلُوب ہُوئے تھے ڈھونڈتی ہو۔ وہ جی اُٹھے ہیں! وہ یہاں نہیں ہیں۔ دیکھو یہ وہ جگہ ہے جہاں اُنہُوں نے یِسوعؔ کو رکھا تھا۔ پس تُم جاؤ، اَور اُن کے شاگردوں اَور پطرس کو خبر کر دو، ’وہ اَور تُم سے پہلے صُوبہ گلِیل کو پہُنچ رہے ہیں۔ تُم اُنہیں وہیں دیکھوگے، جَیسا کہ اُنہُوں نے تُم سے کہاتھا۔‘ “ وہ عورتیں حیرت زدہ اَور کانپتی ہویٔی ‏یِسوعؔ کی قبر سے نکل کر بھاگیں اَور اِس قدر خوفزدہ تھیں کہ پطرس اَور کسی سے کُچھ بھی کہنے کی ہِمّت نہ کر سکیں۔ ہفتہ کے پہلے دِن صُبح کے وقت، یِسوعؔ اَپنے جی اُٹھنے کے بعد سَب سے پہلے مریمؔ مَگدلِینیؔ پر، ظاہر ہویٔے، جِس میں سے آپ نے سات بدرُوحیں نکالی تھیں۔ اُس نے جا کر حُضُور کے ساتھیوں کو جو غم کے باعث ملُول تھے اَور رو رہے تھے، اُن کو خبر دی۔ لیکن اُنہُوں نے یہ سُن کر کہ آپ جی اُٹھے ہیں اَور مریمؔ نے آپ کو دیکھاہے یقین نہ کیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مرقس 16

مرقس 1:16-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

ہفتے کی شام کو جب سبت کا دن گزر گیا تو مریم مگدلینی، یعقوب کی ماں مریم اور سلومی نے خوشبودار مسالے خرید لئے، کیونکہ وہ قبر کے پاس جا کر اُنہیں عیسیٰ کی لاش پر لگانا چاہتی تھیں۔ چنانچہ وہ اتوار کو صبح سویرے ہی قبر پر گئیں۔ سورج طلوع ہو رہا تھا۔ راستے میں وہ ایک دوسرے سے پوچھنے لگیں، ”کون ہمارے لئے قبر کے منہ سے پتھر کو لُڑھکائے گا؟“ لیکن جب وہاں پہنچیں اور نظر اُٹھا کر قبر پر غور کیا تو دیکھا کہ پتھر کو ایک طرف لُڑھکایا جا چکا ہے۔ یہ پتھر بہت بڑا تھا۔ وہ قبر میں داخل ہوئیں۔ وہاں ایک جوان آدمی نظر آیا جو سفید لباس پہنے ہوئے دائیں طرف بیٹھا تھا۔ وہ گھبرا گئیں۔ اُس نے کہا، ”مت گھبراؤ۔ تم عیسیٰ ناصری کو ڈھونڈ رہی ہو جو مصلوب ہوا تھا۔ وہ جی اُٹھا ہے، وہ یہاں نہیں ہے۔ اُس جگہ کو خود دیکھ لو جہاں اُسے رکھا گیا تھا۔ اب جاؤ، اُس کے شاگردوں اور پطرس کو بتا دو کہ وہ تمہارے آگے آگے گلیل پہنچ جائے گا۔ وہیں تم اُسے دیکھو گے، جس طرح اُس نے تم کو بتایا تھا۔“ خواتین لرزتی اور اُلجھی ہوئی حالت میں قبر سے نکل کر بھاگ گئیں۔ اُنہوں نے کسی کو بھی کچھ نہ بتایا، کیونکہ وہ نہایت سہمی ہوئی تھیں۔ جب عیسیٰ اتوار کو صبح سویرے جی اُٹھا تو پہلا شخص جس پر وہ ظاہر ہوا مریم مگدلینی تھی جس سے اُس نے سات بدروحیں نکالی تھیں۔ مریم عیسیٰ کے ساتھیوں کے پاس گئی جو ماتم کر رہے اور رو رہے تھے۔ اُس نے اُنہیں جو کچھ ہوا تھا بتایا۔ لیکن گو اُنہوں نے سنا کہ عیسیٰ زندہ ہے اور کہ مریم نے اُسے دیکھا ہے توبھی اُنہیں یقین نہ آیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مرقس 16

مرقس 1:16-11 کِتابِ مُقادّس (URD)

جب سبت کا دِن گُذر گیا تو مریمؔ مگدلینی اور یعقُوبؔ کی ماں مریمؔ اور سلوؔمی نے خُوشبُودار چِیزیں مول لِیں تاکہ آ کر اُس پر ملیں۔ وہ ہفتہ کے پہلے دِن بُہت سویرے جب سُورج نِکلا ہی تھا قبر پر آئِیں۔ اور آپس میں کہتی تِھیں کہ ہمارے لِئے پتّھر کو قبر کے مُنہ پر سے کَون لُڑھکائے گا؟ جب اُنہوں نے نِگاہ کی تو دیکھا کہ پتّھر لُڑھکا ہُؤا ہے کیونکہ وہ بُہت ہی بڑا تھا۔ اور قبر کے اندر جا کر اُنہوں نے ایک جوان کو سفید جامہ پہنے ہُوئے دہنی طرف بَیٹھے دیکھا اور نِہایت حَیران ہُوئِیں۔ اُس نے اُن سے کہا اَیسی حَیران نہ ہو۔ تُم یِسُوعؔ ناصری کو جو مصلُوب ہُؤا تھا ڈُھونڈتی ہو۔ وہ جی اُٹھا ہے۔ وہ یہاں نہیں ہے۔ دیکھو یہ وہ جگہ ہے جہاں اُنہوں نے اُسے رکھّا تھا۔ لیکن تُم جا کر اُس کے شاگِردوں اور پطرؔس سے کہو کہ وہ تُم سے پہلے گلِیل کو جائے گا۔ تُم وہِیں اُسے دیکھو گے جَیسا اُس نے تُم سے کہا۔ اور وہ نِکل کر قبر سے بھاگِیں کیونکہ لرزِش اور ہَیبت اُن پر غالِب آ گئی تھی اور اُنہوں نے کِسی سے کُچھ نہ کہا کیونکہ وہ ڈرتی تِھیں۔ ہفتہ کے پہلے روز جب وہ سویرے جی اُٹھا تو پہلے مریمؔ مگدلینی کو جِس میں سے اُس نے سات بدرُوحیں نِکالی تِھیں دِکھائی دِیا۔ اُس نے جا کر اُس کے ساتِھیوں کو جو ماتم کرتے اور روتے تھے خبر دی۔ اور اُنہوں نے یہ سُن کر کہ وہ جِیتا ہے اور اُس نے اُسے دیکھا ہے یقِین نہ کِیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مرقس 16