YouVersion Logo
تلاش

مرقُس 1:16-11

مرقُس 1:16-11 UCV

جَب سَبت کا دِن گزر گیا، تو مریمؔ مَگدلِینیؔ، یعقوب کی ماں مریمؔ اَور سلومؔی خُوشبودار چیزیں خرید کر لائیں تاکہ اُنہیں یِسوعؔ کی لاش پر مَلیں۔ اَور ہفتہ کے پہلے دِن، صُبح سویرے سُورج کے نکلتے ہی، وہ قبر پر آئیں۔ وہ آپَس میں کہہ رہی تھیں: ”قبر کے دروازہ پر سے ہمارے لیٔے پتّھر کون ہٹائے گا؟“ لیکن جَب اُنہُوں نے اُوپر نگاہ کی، تو دیکھا کہ وہ بھاری پتّھر، پہلے ہی سے لُڑھکا ہُوا تھا۔ جَب وہ غارنُما قبر کے اَندر گئیں تو، اُنہُوں نے ایک جَوان آدمی کو سفید چوغہ پہنے داہنی طرف بیٹھے دیکھا، اَور وہ گھبرا گئیں۔ لیکن اُس آدمی نے اُن سے کہا، ”تعجُّب نہ کرو، تُم یِسوعؔ ناصری، کو جو مصلُوب ہُوئے تھے ڈھونڈتی ہو۔ وہ جی اُٹھے ہیں! وہ یہاں نہیں ہیں۔ دیکھو یہ وہ جگہ ہے جہاں اُنہُوں نے یِسوعؔ کو رکھا تھا۔ پس تُم جاؤ، اَور اُن کے شاگردوں اَور پطرس کو خبر کر دو، ’وہ اَور تُم سے پہلے صُوبہ گلِیل کو پہُنچ رہے ہیں۔ تُم اُنہیں وہیں دیکھوگے، جَیسا کہ اُنہُوں نے تُم سے کہاتھا۔‘ “ وہ عورتیں حیرت زدہ اَور کانپتی ہویٔی ‏یِسوعؔ کی قبر سے نکل کر بھاگیں اَور اِس قدر خوفزدہ تھیں کہ پطرس اَور کسی سے کُچھ بھی کہنے کی ہِمّت نہ کر سکیں۔ ہفتہ کے پہلے دِن صُبح کے وقت، یِسوعؔ اَپنے جی اُٹھنے کے بعد سَب سے پہلے مریمؔ مَگدلِینیؔ پر، ظاہر ہویٔے، جِس میں سے آپ نے سات بدرُوحیں نکالی تھیں۔ اُس نے جا کر حُضُور کے ساتھیوں کو جو غم کے باعث ملُول تھے اَور رو رہے تھے، اُن کو خبر دی۔ لیکن اُنہُوں نے یہ سُن کر کہ آپ جی اُٹھے ہیں اَور مریمؔ نے آپ کو دیکھاہے یقین نہ کیا۔

پڑھیں مرقُس 16

سنیں مرقُس 16