YouVersion Logo
تلاش

لوقا 1:5-11

لوقا 1:5-11 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

ایک دِن حُضُور عیسیٰ گنیسرتؔ کی جھیل کے کنارے کھڑے تھے اَور لوگوں کا ایک ہُجوم خُدا کا کلام سُننے کی غرض سے آپ پر گِرا پڑتا تھا۔ حُضُور عیسیٰ نے دو کشتیاں کنارے لگی ہویٔی دیکھیں۔ مچھلی پکڑنے والے اُنہیں وہاں چھوڑکر اَپنے جال دھونے میں لگے ہوئے تھے۔ حُضُور عیسیٰ اُن میں سے ایک پر چڑھ گیٔے اَور اُس کے مالک شمعُونؔ سے درخواست کہ کشتی کو کنارے سے ہٹا کر ذرا دُور لے چل۔ پھر آپ کشتی میں بَیٹھ گیٔے اَور لوگوں کو تعلیم دینے لگے۔ جَب حُضُور عیسیٰ اُن سے کلام کرچُکے تو آپ نے شمعُونؔ سے کہا، ”کشتی کو گہرے پانی میں لے چل اَور تُم مچھلِیاں پکڑنے کے لیٔے اَپنے جال ڈالو۔“ شمعُونؔ نے جَواب دیا، ”اَے مالک، ہم نے ساری رات محنت کی لیکن کُچھ ہاتھ نہ آیا، لیکن آپ کے کہنے پر، جال ڈالتا ہُوں۔“ چنانچہ اُنہُوں نے جال ڈالے اَور مچھلِیوں کااِتنا بڑا غول گھیر لیا کہ اُن کے جال پھٹنے لگے۔ تَب اُنہُوں نے دُوسری کشتی والے ساتھیوں کو اِشارہ کیا کہ آؤ اَور ہماری مدد کرو۔ پس وہ آئے اَور دونوں کشتیوں کو مچھلِیوں سے اِس قدر بھر دیا کہ وہ ڈُوبنے لگیں۔ شمعُونؔ پطرس نے یہ دیکھا تو، وہ حُضُور عیسیٰ کے پاؤں پر گِرکرکہنے لگے، ”اَے خُداوؔند؛ میں گنہگار آدمی ہُوں۔ آپ میرے پاس سے چلے جائیے!“ وجہ یہ تھی کہ وہ اَور اُن کے ساتھی مچھلِیوں کے اتنے بَڑے شِکار کے سبب حیرت زدہ تھے۔ یہی حال زبدیؔ کے بیٹوں، یعقوب اَور یُوحنّؔا کا بھی تھا جو شمعُونؔ کے ساتھی تھے۔ عیسیٰ نے شمعُونؔ سے کہا، ”خوف نہ کر، اَب سے تُو اِنسانوں کو پکڑا کرے گا۔“ وہ کشتیوں کو کنارے لے آئے اَور سَب کُچھ چھوڑکر آپ کے پیچھے ہو لیٔے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں لوقا 5

لوقا 1:5-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

ایک دن عیسیٰ گلیل کی جھیل گنیسرت کے کنارے پر کھڑا ہجوم کو اللہ کا کلام سنا رہا تھا۔ لوگ سنتے سنتے اِتنے قریب آ گئے کہ اُس کے لئے جگہ کم ہو گئی۔ پھر اُسے دو کشتیاں نظر آئیں جو جھیل کے کنارے لگی تھیں۔ مچھیرے اُن میں سے اُتر چکے تھے اور اب اپنے جالوں کو دھو رہے تھے۔ عیسیٰ ایک کشتی پر سوار ہوا۔ اُس نے کشتی کے مالک شمعون سے درخواست کی کہ وہ کشتی کو کنارے سے تھوڑا سا دُور لے چلے۔ پھر وہ کشتی میں بیٹھا اور ہجوم کو تعلیم دینے لگا۔ تعلیم دینے کے اختتام پر اُس نے شمعون سے کہا، ”اب کشتی کو وہاں لے جا جہاں پانی گہرا ہے اور اپنے جالوں کو مچھلیاں پکڑنے کے لئے ڈال دو۔“ لیکن شمعون نے اعتراض کیا، ”اُستاد، ہم نے تو پوری رات بڑی کوشش کی، لیکن ایک بھی نہ پکڑی۔ تاہم آپ کے کہنے پر مَیں جالوں کو دوبارہ ڈالوں گا۔“ یہ کہہ کر اُنہوں نے گہرے پانی میں جا کر اپنے جال ڈال دیئے۔ اور واقعی، مچھلیوں کا اِتنا بڑا غول جالوں میں پھنس گیا کہ وہ پھٹنے لگے۔ یہ دیکھ کر اُنہوں نے اپنے ساتھیوں کو اشارہ کر کے بُلایا تاکہ وہ دوسری کشتی میں آ کر اُن کی مدد کریں۔ وہ آئے اور سب نے مل کر دونوں کشتیوں کو اِتنی مچھلیوں سے بھر دیا کہ آخرکار دونوں ڈوبنے کے خطرے میں تھیں۔ جب شمعون پطرس نے یہ سب کچھ دیکھا تو اُس نے عیسیٰ کے سامنے منہ کے بل گر کر کہا، ”خداوند، مجھ سے دُور چلے جائیں۔ مَیں تو گناہ گار ہوں۔“ کیونکہ وہ اور اُس کے ساتھی اِتنی مچھلیاں پکڑنے کی وجہ سے سخت حیران تھے۔ اور زبدی کے بیٹے یعقوب اور یوحنا کی حالت بھی یہی تھی جو شمعون کے ساتھ مل کر کام کرتے تھے۔ لیکن عیسیٰ نے شمعون سے کہا، ”مت ڈر۔ اب سے تُو آدمیوں کو پکڑا کرے گا۔“ وہ اپنی کشتیوں کو کنارے پر لے آئے اور سب کچھ چھوڑ کر عیسیٰ کے پیچھے ہو لئے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں لوقا 5

لوقا 1:5-11 کِتابِ مُقادّس (URD)

جب بِھیڑ اُس پر گِری پڑتی تھی اور خُدا کا کلام سُنتی تھی اور وہ گنّیسرؔت کی جِھیل کے کنارے کھڑا تھا تو اَیسا ہُؤا کہ اُس نے جِھیل کے کنارے دو کشتِیاں لگی دیکِھیں لیکن مچھلی پکڑنے والے اُن پر سے اُتر کر جال دھو رہے تھے۔ اور اُس نے اُن کشتِیوں میں سے ایک پر چڑھ کر جو شمعُوؔن کی تھی اُس سے درخواست کی کہ کنارے سے ذرا ہٹا لے چل اور وہ بَیٹھ کر لوگوں کو کشتی پر سے تعلِیم دینے لگا۔ جب کلام کر چُکا تو شمعُوؔن سے کہا گہرے میں لے چل اور تُم شِکار کے لِئے اپنے جال ڈالو۔ شمعُوؔن نے جواب میں کہا اَے اُستاد ہم نے رات بھر محنت کی اور کُچھ ہاتھ نہ آیا مگر تیرے کہنے سے جال ڈالتا ہُوں۔ یہ کِیا اور وہ مچھلِیوں کا بڑا غَول گھیر لائے اور اُن کے جال پھٹنے لگے۔ اور اُنہوں نے اپنے شرِیکوں کو جو دُوسری کشتی پر تھے اِشارہ کِیا کہ آؤ ہماری مدد کرو۔ پس اُنہوں نے آ کر دونوں کشتِیاں یہاں تک بھر دیں کہ ڈُوبنے لگِیں۔ شمعُوؔن پطرس یہ دیکھ کر یِسُوعؔ کے پاؤں میں گِرا اور کہا اَے خُداوند! میرے پاس سے چلا جا کیونکہ مَیں گُنہگار آدمی ہُوں۔ کیونکہ مچھلِیوں کے اِس شِکار سے جو اُنہوں نے کِیا وہ اور اُس کے سب ساتھی بُہت حَیران ہُوئے۔ اور وَیسے ہی زبدؔی کے بیٹے یعقُوبؔ اور یُوحنّا بھی جو شمعُوؔن کے شرِیک تھے حَیران ہُوئے۔ یِسُوعؔ نے شمعُوؔن سے کہا خَوف نہ کر۔ اب سے تُو آدمِیوں کا شِکار کِیا کرے گا۔ وہ کشتِیوں کو کنارے پر لے آئے اور سب کُچھ چھوڑ کر اُس کے پِیچھے ہو لِئے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں لوقا 5