YouVersion Logo
تلاش

لُوقا 1:5-11

لُوقا 1:5-11 UCV

ایک دِن حُضُور عیسیٰ گنیسرتؔ کی جھیل کے کنارے کھڑے تھے اَور لوگوں کا ایک ہُجوم خُدا کا کلام سُننے کی غرض سے آپ پر گِرا پڑتا تھا۔ حُضُور عیسیٰ نے دو کشتیاں کنارے لگی ہویٔی دیکھیں۔ مچھلی پکڑنے والے اُنہیں وہاں چھوڑکر اَپنے جال دھونے میں لگے ہوئے تھے۔ حُضُور عیسیٰ اُن میں سے ایک پر چڑھ گیٔے اَور اُس کے مالک شمعُونؔ سے درخواست کہ کشتی کو کنارے سے ہٹا کر ذرا دُور لے چل۔ پھر آپ کشتی میں بَیٹھ گیٔے اَور لوگوں کو تعلیم دینے لگے۔ جَب حُضُور عیسیٰ اُن سے کلام کرچُکے تو آپ نے شمعُونؔ سے کہا، ”کشتی کو گہرے پانی میں لے چل اَور تُم مچھلِیاں پکڑنے کے لیٔے اَپنے جال ڈالو۔“ شمعُونؔ نے جَواب دیا، ”اَے مالک، ہم نے ساری رات محنت کی لیکن کُچھ ہاتھ نہ آیا، لیکن آپ کے کہنے پر، جال ڈالتا ہُوں۔“ چنانچہ اُنہُوں نے جال ڈالے اَور مچھلِیوں کااِتنا بڑا غول گھیر لیا کہ اُن کے جال پھٹنے لگے۔ تَب اُنہُوں نے دُوسری کشتی والے ساتھیوں کو اِشارہ کیا کہ آؤ اَور ہماری مدد کرو۔ پس وہ آئے اَور دونوں کشتیوں کو مچھلِیوں سے اِس قدر بھر دیا کہ وہ ڈُوبنے لگیں۔ شمعُونؔ پطرس نے یہ دیکھا تو، وہ حُضُور عیسیٰ کے پاؤں پر گِرکرکہنے لگے، ”اَے خُداوؔند؛ میں گنہگار آدمی ہُوں۔ آپ میرے پاس سے چلے جائیے!“ وجہ یہ تھی کہ وہ اَور اُن کے ساتھی مچھلِیوں کے اتنے بَڑے شِکار کے سبب حیرت زدہ تھے۔ یہی حال زبدیؔ کے بیٹوں، یعقوب اَور یُوحنّؔا کا بھی تھا جو شمعُونؔ کے ساتھی تھے۔ عیسیٰ نے شمعُونؔ سے کہا، ”خوف نہ کر، اَب سے تُو اِنسانوں کو پکڑا کرے گا۔“ وہ کشتیوں کو کنارے لے آئے اَور سَب کُچھ چھوڑکر آپ کے پیچھے ہو لیٔے۔

پڑھیں لُوقا 5