احبار 1:4-26
احبار 1:4-26 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا: ”بنی اِسرائیل کو حُکم دے اگر کویٔی اِنسان غَیر اِرادی طور پر گُناہ کرتا ہے اَور اُن کاموں کو کرتا ہے جسے یَاہوِہ کے اَحکام میں منع کیا گیا ہے۔ ” ’اگر کویٔی ممسوح کاہِنؔ اَیسی خطا کرے جِس سے پُوری اُمّت مُجرم ٹھہرتی ہو تو، وہ اَپنی اُس خطا کے لیٔے جو اُس نے کی ہے، ایک بے عیب بچھڑا گُناہ کی قُربانی کے طور پر یَاہوِہ کے حُضُور گذرانے۔ اَور وہ اُس بچھڑے کو خیمہ اِجتماع کے مدخل پر یَاہوِہ کے حُضُور لایٔے اَور اُس کے سَر پر اَپنا ہاتھ رکھے اَور اُسے یَاہوِہ کے حُضُور ذبح کرے۔ اَور پھر وہ ممسوح کاہِنؔ اُس بچھڑے کے خُون میں سے کچھ خُون لے کر خیمہ اِجتماع کے اَندر لے آئے۔ اَور کاہِنؔ اُس خُون میں اَپنی اُنگلی ڈُبو ڈُبو کر اُس خُون میں سے کچھ پاک مَقدِس کے پردہ کے سامنے یَاہوِہ کے حُضُور سات بار چھڑکے۔ پھر کاہِنؔ اُسی خُون میں سے کچھ خُون لے کر اُسے خُوشبودار بخُور جَلانے کی نذر کے مذبح کے سینگوں پر لگائے جو خیمہ اِجتماع میں یَاہوِہ کے حُضُور ہے اَور اُس بچھڑے کے باقی سَب خُون کو سوختنی نذر کی قُربانی کے اُس مذبح کے پایہ پرجو خیمہ اِجتماع کے مدخل پر ہے اُنڈیل دے۔ پھر وہ گُناہ کی قُربانی کے بچھڑے کی تمام چربی کو اُس سے الگ کرے یعنی وہ چربی جو آنتوں پر لپٹی رہتی ہے، اَور دونوں گُردوں کے ساتھ اُن کی چربی جو کمر کے قریب رہتی ہے اَور جگر کے اُوپر کی جھِلّی، اُنہیں وہ گُردوں کے ساتھ ہی الگ کر دے۔ بالکُل وَیسے ہی جَیسا کہ اُس بچھڑے کی چربی الگ کی جاتی ہے جو سلامتی کی نذر کی قُربانی کے طور پر قُربان کیا جاتا ہے۔ پھر کاہِنؔ اُن کو سوختنی نذر کو قُربانی کے مذبح پر جَلا دے۔ لیکن اُس بچھڑے کی کھال اَور اُس کا تمام گوشت، سَر اَور پایٔے، انتڑیاں اَور گوبر یعنی باقی کا سارا بچھڑا لازماً چھاؤنی سے باہر کسی رسماً پاک جگہ پر جہاں قُربانیوں کی راکھ پھینکی جاتی ہے، لے کر جائے اَور اُسے راکھ کے ڈھیر پر لکڑیوں کی آگ میں جَلا دے۔ ” ’اَور اگر بنی اِسرائیل کی ساری جماعت غَیر اِرادی طور پر گُناہ کرے اَور اُس کام کو کرے جنہیں یَاہوِہ کے اَحکام میں منع کیا گیا ہے، اَور جماعت اُس بات سے بے خبر ہو تو بھی وہ لوگ خطاوار ہیں؛ اَور جَب وہ اُس گُناہ سے واقف ہو جایٔیں تو جماعت لازماً گُناہ کی قُربانی کے طور پر ایک بچھڑا خیمہ اِجتماع کے سامنے لایٔے۔ اَور جماعت کے بُزرگ اَپنے اَپنے ہاتھ یَاہوِہ کے حُضُور اُس بچھڑے کے سَر پر رکھیں اَور وہ بچھڑا یَاہوِہ کے حُضُور ذبح کیا جائے۔ اَور پھر ممسوح کاہِنؔ اُس بچھڑے کے خُون میں سے کچھ خُون لے کر خیمہ اِجتماع میں لے جائے۔ اَور کاہِنؔ اَپنی اُنگلی اُس خُون میں ڈُبو ڈُبو کر اُس خُون کو پاک مَقدِس کے پردہ کے سامنے یَاہوِہ کے حُضُور سات بار چھڑکے۔ اَور وہ اُس خُون میں سے کچھ خُون اُس مذبح کے سینگوں پر لگائے جو خیمہ اِجتماع میں یَاہوِہ کے حُضُور ہے۔ اَور باقی کا خُون وہ سوختنی نذر کی قُربانی کے اُس مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دے جو خیمہ اِجتماع کے مدخل پر ہے۔ اَور اُس بچھڑے کی سَب چربی کو اُس سے الگ کرکے اُسے مذبح پر جَلا دے، اَور وہ اُس بچھڑے سے بالکُل وُہی کرے جَیسا اُس نے گُناہ کی قُربانی کے بچھڑے کے ساتھ کیا تھا۔ یُوں وہ کاہِنؔ جماعت کے لیٔے کفّارہ دے گا اَور وہ مُعاف کر دئیے جایٔیں گے۔ پھر کاہِنؔ اُس بچھڑے کو چھاؤنی سے باہر لے جائے اَور اُسے جَلا دے جَیسا کہ اُس نے پہلے بچھڑے کو جَلایا تھا۔ اَور یہ جماعت کے لیٔے گُناہ کی قُربانی ہے۔ ” ’اَور جَب کویٔی سربراہ غَیر اِرادی طور پر گُناہ کرے یعنی وہ کام کرے جو یَاہوِہ اُس کے خُدا کی اَحکام میں منع ہے، اَور جَب اُسے اَپنے مُجرم ہونے کا احساس ہو جائے، اَورجو گُناہ اُس نے کیا ہے ظاہر ہو جائے تو وہ لازماً قُربانی کے لیٔے بکریوں میں سے ایک بے عیب بکرا لایٔے۔ اَور اَپنا ہاتھ اُس بکرے کے سَر پر رکھے اَور اُسے اُس جگہ ذبح کرے جہاں سوختنی نذر کے جانور یَاہوِہ کے حُضُور ذبح کئے جاتے ہیں۔ یہ گُناہ کی قُربانی ہے۔ اَور پھر کاہِنؔ گُناہ کی قُربانی کا کچھ خُون اَپنی اُنگلی پر لے کر اُسے سوختنی نذر کی قُربانی کے مذبح کے سینگوں پر لگائے اَور اُس کا باقی سَب خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دے۔ اَور تمام چربی کو مذبح پر جَلا دے جَیسے اُس نے سلامتی کی نذر کی چربی کو جَلایا تھا۔ اِس طرح کاہِنؔ اُس سربراہ کے گُناہ کا کفّارہ دے گا اَور اُسے مُعافی مِل جائے گی۔
احبار 1:4-26 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
رب نے موسیٰ سے کہا، ”اسرائیلیوں کو بتانا کہ جو بھی غیرارادی طور پر گناہ کر کے رب کے کسی حکم کو توڑے وہ یہ کرے: اگر امامِ اعظم گناہ کرے اور نتیجے میں پوری قوم قصوروار ٹھہرے تو پھر وہ رب کو ایک بےعیب جوان بَیل لے کر گناہ کی قربانی کے طور پر پیش کرے۔ وہ جوان بَیل کو ملاقات کے خیمے کے دروازے کے پاس لے آئے اور اپنا ہاتھ اُس کے سر پر رکھ کر اُسے رب کے سامنے ذبح کرے۔ پھر وہ جانور کے خون میں سے کچھ لے کر خیمے میں جائے۔ وہاں وہ اپنی اُنگلی اُس میں ڈال کر اُسے سات بار رب کے سامنے یعنی مُقدّس ترین کمرے کے پردے پر چھڑکے۔ پھر وہ خیمے کے اندر کی اُس قربان گاہ کے چاروں سینگوں پر خون لگائے جس پر بخور جلایا جاتا ہے۔ باقی خون وہ باہر خیمے کے دروازے پر کی اُس قربان گاہ کے پائے پر اُنڈیلے جس پر جانور جلائے جاتے ہیں۔ جوان بَیل کی ساری چربی، انتڑیوں پر کی ساری چربی، گُردے اُس چربی سمیت جو اُن پر اور کمر کے قریب ہوتی ہے اور جوڑ کلیجی کو گُردوں کے ساتھ ہی الگ کرنا ہے۔ یہ بالکل اُسی طرح کیا جائے جس طرح اُس بَیل کے ساتھ کیا گیا جو سلامتی کی قربانی کے لئے پیش کیا جاتا ہے۔ امام یہ سب کچھ اُس قربان گاہ پر جلا دے جس پر جانور جلائے جاتے ہیں۔ لیکن وہ اُس کی کھال، اُس کا سارا گوشت، سر اور پنڈلیاں، انتڑیاں اور اُن کا گوبر خیمہ گاہ کے باہر لے جائے۔ یہ چیزیں اُس پاک جگہ پر جہاں قربانیوں کی راکھ پھینکی جاتی ہے لکڑیوں پر رکھ کر جلا دینی ہیں۔ اگر اسرائیل کی پوری جماعت نے غیرارادی طور پر گناہ کر کے رب کے کسی حکم سے تجاوز کیا ہے اور جماعت کو معلوم نہیں تھا توبھی وہ قصوروار ہے۔ جب لوگوں کو پتا لگے کہ ہم نے گناہ کیا ہے تو جماعت ملاقات کے خیمے کے پاس ایک جوان بَیل لے آئے اور اُسے گناہ کی قربانی کے طور پر پیش کرے۔ جماعت کے بزرگ رب کے سامنے اپنے ہاتھ اُس کے سر پر رکھیں، اور وہ وہیں ذبح کیا جائے۔ پھر امامِ اعظم جانور کے خون میں سے کچھ لے کر ملاقات کے خیمے میں جائے۔ وہاں وہ اپنی اُنگلی اُس میں ڈال کر اُسے سات بار رب کے سامنے یعنی مُقدّس ترین کمرے کے پردے پر چھڑکے۔ پھر وہ خیمے کے اندر کی اُس قربان گاہ کے چاروں سینگوں پر خون لگائے جس پر بخور جلایا جاتا ہے۔ باقی خون وہ باہر خیمے کے دروازے کی اُس قربان گاہ کے پائے پر اُنڈیلے جس پر جانور جلائے جاتے ہیں۔ اِس کے بعد وہ اُس کی تمام چربی نکال کر قربان گاہ پر جلا دے۔ اُس بَیل کے ساتھ وہ سب کچھ کرے جو اُسے اپنے ذاتی غیرارادی گناہ کے لئے کرنا ہوتا ہے۔ یوں وہ لوگوں کا کفارہ دے گا اور اُنہیں معافی مل جائے گی۔ آخر میں وہ بَیل کو خیمہ گاہ کے باہر لے جا کر اُس طرح جلا دے جس طرح اُسے اپنے لئے بَیل کو جلا دینا ہوتا ہے۔ یہ جماعت کا گناہ دُور کرنے کی قربانی ہے۔ اگر کوئی سردار غیرارادی طور پر گناہ کر کے رب کے کسی حکم سے تجاوز کرے اور یوں قصوروار ٹھہرے تو جب بھی اُسے پتا لگے کہ مجھ سے گناہ ہوا ہے تو وہ قربانی کے لئے ایک بےعیب بکرا لے آئے۔ وہ اپنا ہاتھ بکرے کے سر پر رکھ کر اُسے وہاں ذبح کرے جہاں بھسم ہونے والی قربانیاں ذبح کی جاتی ہیں۔ یہ گناہ کی قربانی ہے۔ امام اپنی اُنگلی خون میں ڈال کر اُسے اُس قربان گاہ کے چاروں سینگوں پر لگائے جس پر جانور جلائے جاتے ہیں۔ باقی خون وہ قربان گاہ کے پائے پر اُنڈیلے۔ پھر وہ اُس کی ساری چربی قربان گاہ پر اُس طرح جلا دے جس طرح وہ سلامتی کی قربانیوں کی چربی جلا دیتا ہے۔ یوں امام اُس آدمی کا کفارہ دے گا اور اُسے معافی حاصل ہو جائے گی۔
احبار 1:4-26 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ بنی اِسرائیل سے کہہ کہ اگر کوئی اُن کاموں میں سے جِن کو خُداوند نے منع کِیا ہے کِسی کام کو کرے اور اُس سے نادانِستہ خطا ہو جائے۔ اگر کاہِن ممسُوح اَیسی خطا کرے جِس سے قَوم مُجرم ٹھہرتی ہو تو وہ اپنی اُس خطا کے واسطے جو اُس نے کی ہے ایک بے عَیب بچھڑا خطا کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور گُذرانے۔ وہ اُس بچھڑے کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے آگے لائے اور بچھڑے کے سر پر اپنا ہاتھ رکھّے اور اُس کو خُداوند کے آگے ذبح کرے۔ اور وہ کاہِن ممسُوح اُس بچھڑے کے خُون میں سے کُچھ لے کر اُسے خَیمۂِ اِجتماع میں لے جائے۔ اور کاہِن اپنی اُنگلی خُون میں ڈبو ڈبو کر اور خُون میں سے لے لے کر اُسے مَقدِس کے پردہ کے سامنے سات بار خُداوند کے آگے چِھڑکے۔ اور کاہِن اُسی خُون میں سے خُوشبُودار بخُور جلانے کی قُربان گاہ کے سِینگوں پر جو خَیمۂِ اِجتماع میں ہے خُداوند کے آگے لگائے اور اُس بچھڑے کے باقی سب خُون کو سوختنی قُربانی کے مذبح کے پایہ پر جو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر ہے اُنڈیل دے۔ پِھر وہ خطا کی قُربانی کے بچھڑے کی سب چربی کو اُس سے الگ کرے یعنی جِس چربی سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں اور وہ سب چربی جو انتڑیوں پر لِپٹی رہتی ہے۔ اور دونوں گُردے اور اُن کے اُوپر کی چربی جو کمر کے پاس رہتی ہے اور جِگر پر کی جِھلّی گُردوں سمیت اِن سبھوں کو وہ وَیسے ہی الگ کرے۔ جَیسے سلامتی کے ذبِیحہ کے بچھڑے سے وہ الگ کِئے جاتے ہیں اور کاہِن اُن کو سوختنی قُربانی کے مذبح پر جلائے۔ اور اُس بچھڑے کی کھال اور اُس کا سب گوشت اور سر اور پائے اور انتڑیاں اور گوبر۔ یعنی پُورے بچھڑے کو لشکر گاہ کے باہر کِسی صاف جگہ میں جہاں راکھ پڑتی ہے لے جائے اور سب کُچھ لکڑیوں پر رکھ کر آگ سے جلائے۔ وہ وہیں جلایا جائے جہاں راکھ ڈالی جاتی ہے۔ اگر بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سے انجانے چُوک ہو جائے اور یہ بات جماعت کی آنکھوں سے چِھپی تو ہو تَو بھی وہ اُن کاموں میں سے جِنہیں خُداوند نے منع کِیا ہے کِسی کام کو کر کے مُجرم ہو گئی ہو۔ تو اُس خطا کے جِس کے وہ قصُوروار ہوں معلُوم ہو جانے پر جماعت ایک بچھڑا خطا کی قُربانی کے طَور پر چڑھانے کے لِئے خَیمۂِ اِجتماع کے سامنے لائے۔ اور جماعت کے بزُرگ اپنے اپنے ہاتھ خُداوند کے آگے اُس بچھڑے کے سر پر رکھّیں اور بچھڑا خُداوند کے آگے ذبح کِیا جائے۔ اور کاہِن ممسُوح اُس بچھڑے کے خُون میں سے کُچھ خَیمۂِ اِجتماع میں لے جائے۔ اور کاہِن اپنی اُنگلی اُس خُون میں ڈبو ڈبو کر اُسے پردہ کے سامنے سات بار خُداوند کے آگے چِھڑکے۔ اور اُسی خُون میں سے مذبح کے سِینگوں پر جو خُداوند کے آگے خَیمۂِ اِجتماع میں ہے لگائے اور باقی سارا خُون سوختنی قُربانی کے مذبح کے پایہ پر جو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر ہے اُنڈیل دے۔ اور اُس کی سب چربی اُس سے الگ کر کے اُسے مذبح پر جلائے۔ وہ بچھڑے سے یِہی کرے یعنی جو کُچھ خطا کی قُربانی کے بچھڑے سے کِیا تھا وُہی اِس بچھڑے سے کرے۔ یُوں کاہِن اُن کے لِئے کفّارہ دے تو اُنہیں مُعافی مِلے گی۔ اور وہ اُس بچھڑے کو لشکر گاہ کے باہر لے جا کر جلائے جَیسے پہلے بچھڑے کو جلایا تھا۔ یہ جماعت کی خطا کی قُربانی ہے۔ اور جب کِسی سردار سے خطا سرزد ہو اور وہ اُن کاموں میں سے جِنہیں خُداوند نے منع کِیا ہے کِسی کام کو نادانِستہ کر بَیٹھے اور مُجرم ہو جائے۔ تو جب وہ خطا جو اُس سے سرزد ہُوئی ہے اُسے بتا دی جائے تو وہ ایک بے عَیب بکرا اپنی قُربانی کے واسطے لائے۔ اور اپنا ہاتھ اُس بکرے کے سر پر رکھّے اور اُسے اُس جگہ ذبح کرے جہاں سوختنی قُربانی کے جانور خُداوند کے آگے ذبح کرتے ہیں۔ یہ خطا کی قُربانی ہے۔ اور کاہِن خطا کی قُربانی کا کُچھ خُون اپنی اُنگلی پر لے کر اُسے سوختنی قُربانی کے مذبح کے سِینگوں پر لگائے اور اُس کا باقی سب خُون سوختنی قُربانی کے مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دے۔ اور سلامتی کے ذبِیحہ کی چربی کی طرح اُس کی سب چربی مذبح پر جلائے۔ یُوں کاہِن اُس کی خطا کا کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔