یشوع 11:24-15
یشوع 11:24-15 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
پھر تم دریائے یردن کو پار کر کے یریحو کے پاس پہنچ گئے۔ اِس شہر کے باشندے اور اموری، فرِزّی، کنعانی، حِتّی، جرجاسی، حِوّی اور یبوسی تمہارے خلاف لڑتے رہے، لیکن مَیں نے اُنہیں تمہارے قبضے میں کر دیا۔ مَیں نے تمہارے آگے زنبور بھیج دیئے جنہوں نے اموریوں کے دو بادشاہوں کو ملک سے نکال دیا۔ یہ سب کچھ تمہاری اپنی تلوار اور کمان سے نہیں ہوا بلکہ میرے ہی ہاتھ سے۔ مَیں نے تمہیں بیج بونے کے لئے زمین دی جسے تیار کرنے کے لئے تمہیں محنت نہ کرنی پڑی۔ مَیں نے تمہیں شہر دیئے جو تمہیں تعمیر کرنے نہ پڑے۔ اُن میں رہ کر تم انگور اور زیتون کے ایسے باغوں کا پھل کھاتے ہو جو تم نے نہیں لگائے تھے‘۔“ یشوع نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا، ”چنانچہ رب کا خوف مانیں اور پوری وفاداری کے ساتھ اُس کی خدمت کریں۔ اُن بُتوں کو نکال پھینکیں جن کی پوجا آپ کے باپ دادا دریائے فرات کے پار اور مصر میں کرتے رہے۔ اب رب ہی کی خدمت کریں! لیکن اگر رب کی خدمت کرنا آپ کو بُرا لگے تو آج ہی فیصلہ کریں کہ کس کی خدمت کریں گے، اُن دیوتاؤں کی جن کی پوجا آپ کے باپ دادا نے دریائے فرات کے پار کی یا اموریوں کے دیوتاؤں کی جن کے ملک میں آپ رہ رہے ہیں۔ لیکن جہاں تک میرا اور میرے خاندان کا تعلق ہے ہم رب ہی کی خدمت کریں گے۔“
یشوع 11:24-15 کِتابِ مُقادّس (URD)
پِھر تُم یَردن پار ہو کر یرِیحُو کو آئے اور یرِیحُو کے لوگ یعنی اموری اور فرزّی اور کنعانی اور حتّی اور جِرجاسی اور حوّی اور یبُوسی تُم سے لڑے اور مَیں نے اُن کو تُمہارے ہاتھ میں کر دِیا۔ اور مَیں نے تُمہارے آگے زنبُوروں کو بھیجا جِنہوں نے دونوں اموری بادشاہوں کو تُمہارے سامنے سے بھگا دِیا۔ یہ نہ تُمہاری تلوار اور نہ تُمہاری کمان سے ہُؤا۔ اور مَیں نے تُم کو وہ مُلک جِس پر تُم نے مِحنت نہ کی اور وہ شہر جِن کو تُم نے بنایا نہ تھا عِنایت کِئے اور تُم اُن میں بسے ہو اور تُم اَیسے تاکِستانوں اور زَیتُون کے باغوں کا پَھل کھاتے ہو جِن کو تُم نے نہیں لگایا۔ پس اب تُم خُداوند کا خَوف رکھّو اور نیک نِیّتی اور صداقت سے اُس کی پرستِش کرو اور اُن دیوتاؤں کو دُور کر دو جِن کی پرستِش تُمہارے باپ دادا بڑے دریا کے پار اور مِصرؔ میں کرتے تھے اور خُداوند کی پرستِش کرو۔ اور اگر خُداوند کی پرستِش تُم کو بُری معلُوم ہوتی ہو تو آج ہی تُم اُسے جِس کی پرستِش کرو گے چُن لو۔ خواہ وہ وُہی دیوتا ہوں جِن کی پرستِش تُمہارے باپ دادا بڑے دریا کے اُس پار کرتے تھے یا اموریوں کے دیوتا ہوں جِن کے مُلک میں تُم بسے ہو۔ اب رہی میری اور میرے گھرانے کی بات سو ہم تو خُداوند کی پرستِش کریں گے۔