ایوب 1:42-10

ایوب 1:42-10 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

تَب ایُّوب نے یَاہوِہ کو جَواب دیا: ”اَے یَاہوِہ، میں جانتا ہُوں کہ آپ سَب کچھ کر سکتے ہیں؛ آپ کا کویٔی منصُوبہ غَیر ممکن نہیں۔ آپ نے پُوچھا، یہ کون ہے جو نادانی سے میری مشورت پر پردہ ڈالتا ہے؟ یقیناً مَیں نے اَیسی باتیں کہیں جنہیں میں نہ سمجھتا تھا، اَیسی چیزیں جنہیں جاننا میرے لیٔے بہت ہی عجِیب تھا۔ ”آپ نے کہا: ’اَب تُم سُنو، اَور مَیں بولُوں گا؛ میں تُم سے سوال پُوچھوں گا، اَور تُم مُجھے جَواب دوگے۔‘ میرے کانوں نے تمہارے بارے میں سُنا تھا، لیکن اَب میری آنکھوں نے آپ کو دیکھ لیا ہے۔ اِس لیٔے مُجھے اَپنے آپ سے نفرت ہے، اَور مَیں خاک اَور راکھ میں تَوبہ کرتا ہُوں۔“ جَب یَاہوِہ ایُّوب سے یہ باتیں فرما چُکے، تَب خُدا نے اِلیفزؔ تیمانی سے فرمایا: ”میں تُم سے اَور تمہارے دونوں دوستوں سے خفا ہُوں کیونکہ تُم نے میرے بارے میں وہ نہ کہا جو سچ ہے جَیسا کہ میرے خادِم ایُّوب نے کہا۔ پس اَب سات بَیل اَور سات مینڈھے لے کر اَور میرے خادِم ایُّوب کے پاس جا کر اَپنے لیٔے سوختنی نذر پیش کرو۔ میرا خادِم ایُّوب تمہارے لیٔے دعا کرےگا، اَور مَیں اُس کی دعا قبُول کروں گا، اَور مَیں تمہاری حماقت کے مُطابق تُم سے سلُوک نہ کروں گا۔ تُم نے میرے بارے میں وہ نہیں کہا جو حق ہے جَیسے میرے خادِم ایُّوب نے کہاتھا۔“ چنانچہ اِلیفزؔ تیمانی، بِلددؔ شوحی اَور صُوفرؔ نَعماتی نے جا کر وُہی کیا جو یَاہوِہ نے اُنہیں فرمایا تھا اَور یَاہوِہ نے ایُّوب کی دعا قبُول فرمائی۔ ایُّوب نے اَپنے دوستوں کے لیٔے دعا مانگی اَور اُس کے بعد یَاہوِہ نے ایُّوب کو پھر سے سرفراز کیا اَورجو اُن کے پاس پہلے تھا اُس سے بھی دُگنا زِیادہ دے دیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ایوب 42

ایوب 1:42-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

تب ایوب نے جواب میں رب سے کہا، ”مَیں نے جان لیا ہے کہ تُو سب کچھ کر پاتا ہے، کہ تیرا کوئی بھی منصوبہ روکا نہیں جا سکتا۔ تُو نے فرمایا، ’یہ کون ہے جو سمجھ سے خالی باتیں کرنے سے میرے منصوبے کے صحیح مطلب پر پردہ ڈالتا ہے؟‘ یقیناً مَیں نے ایسی باتیں بیان کیں جو میری سمجھ سے باہر ہیں، ایسی باتیں جو اِتنی انوکھی ہیں کہ مَیں اُن کا علم رکھ ہی نہیں سکتا۔ تُو نے فرمایا، ’سن میری بات تو مَیں بولوں گا۔ مَیں تجھ سے سوال کرتا ہوں، اور تُو مجھے تعلیم دے۔‘ پہلے مَیں نے تیرے بارے میں صرف سنا تھا، لیکن اب میری اپنی آنکھوں نے تجھے دیکھا ہے۔ اِس لئے مَیں اپنی باتیں مسترد کرتا، اپنے آپ پر خاک اور راکھ ڈال کر توبہ کرتا ہوں۔“ ایوب سے یہ تمام باتیں کہنے کے بعد رب اِلی فز تیمانی سے ہم کلام ہوا، ”مَیں تجھ سے اور تیرے دو دوستوں سے غصے ہوں، کیونکہ گو میرے بندے ایوب نے میرے بارے میں درست باتیں کیں مگر تم نے ایسا نہیں کیا۔ چنانچہ اب سات جوان بَیل اور سات مینڈھے لے کر میرے بندے ایوب کے پاس جاؤ اور اپنی خاطر بھسم ہونے والی قربانی پیش کرو۔ لازم ہے کہ ایوب تمہاری شفاعت کرے، ورنہ مَیں تمہیں تمہاری حماقت کا پورا اجر دوں گا۔ لیکن اُس کی شفاعت پر مَیں تمہیں معاف کروں گا، کیونکہ میرے بندے ایوب نے میرے بارے میں وہ کچھ بیان کیا جو صحیح ہے جبکہ تم نے ایسا نہیں کیا۔“ اِلی فز تیمانی، بِلدد سوخی اور ضوفر نعماتی نے وہ کچھ کیا جو رب نے اُنہیں کرنے کو کہا تھا تو رب نے ایوب کی سنی۔ اور جب ایوب نے دوستوں کی شفاعت کی تو رب نے اُسے اِتنی برکت دی کہ آخرکار اُسے پہلے کی نسبت دُگنی دولت حاصل ہوئی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ایوب 42

ایوب 1:42-10 کِتابِ مُقادّس (URD)

تب ایُّوب نے خُداوند کو یُوں جواب دِیا:- مَیں جانتا ہُوں کہ تُو سب کُچھ کر سکتا ہے اور تیرا کوئی اِرادہ رُک نہیں سکتا۔ یہ کَون ہے جو نادانی سے مصلحت پر پردہ ڈالتا ہے؟ لیکن مَیں نے جو نہ سمجھا وُہی کہا یعنی اَیسی باتیں جو میرے لِئے نِہایت عجِیب تِھیں جِن کو مَیں جانتا نہ تھا۔ مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں سُن۔ مَیں کُچھ کہُوں گا۔ مَیں تُجھ سے سوال کرُوں گا۔ تُو مُجھے بتا۔ مَیں نے تیری خبر کان سے سُنی تھی پر اب میری آنکھ تُجھے دیکھتی ہے اِس لِئے مُجھے اپنے آپ سے نفرت ہے اور مَیں خاک اور راکھ میں تَوبہ کرتا ہُوں۔ اور اَیسا ہُؤا کہ جب خُداوند یہ باتیں ایُّوب سے کہہ چُکا تو اُس نے الِیفز تیمانی سے کہا کہ میرا غضب تُجھ پر اور تیرے دونوں دوستوں پر بھڑکا ہے کیونکہ تُم نے میری بابت وہ بات نہ کہی جو حق ہے جَیسے میرے بندہ ایُّوب نے کہی۔ پس اب اپنے لِئے سات بَیل اور سات مینڈھے لے کر میرے بندہ ایُّوب کے پاس جاؤ اور اپنے لِئے سوختنی قُربانی گُذرانو اور میرا بندہ ایُّوب تُمہارے لِئے دُعا کرے گا کیونکہ اُسے تو مَیں قبُول کرُوں گا تاکہ تُمہاری جہالت کے مُطابِق تُمہارے ساتھ سلُوک نہ کرُوں کیونکہ تُم نے میری بابت وہ بات نہ کہی جو حق ہے جَیسے میرے بندہ ایُّوب نے کہی۔ سو اِلیفز تیمانی اور بِلدد سُوخی اور ضُوؔفر نعماتی نے جا کر جَیسا خُداوند نے اُن کو فرمایا تھا کِیا اور خُداوند نے ایُّوب کو قبُول کِیا۔ اور خُداوند نے ایُّوب کی اسِیری کو جب اُس نے اپنے دوستوں کے لِئے دُعا کی بدل دِیا اور خُداوند نے ایُّوب کو جِتنا اُس کے پاس پہلے تھا اُس کا دو چند دِیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ایوب 42