ایُّوب 42
42
ایُّوب کا جَواب
1تَب ایُّوب نے یَاہوِہ کو جَواب دیا:
2”اَے یَاہوِہ، میں جانتا ہُوں کہ آپ سَب کچھ کر سکتے ہیں؛
آپ کا کویٔی منصُوبہ غَیر ممکن نہیں۔#42:2 امثا 19:21؛ یَشع 14:27؛ مرقُ 10:27
3آپ نے پُوچھا، یہ کون ہے جو نادانی سے میری مشورت پر پردہ ڈالتا ہے؟
یقیناً مَیں نے اَیسی باتیں کہیں جنہیں میں نہ سمجھتا تھا،
اَیسی چیزیں جنہیں جاننا میرے لیٔے بہت ہی عجِیب تھا۔
4”آپ نے کہا: ’اَب تُم سُنو، اَور مَیں بولُوں گا؛
میں تُم سے سوال پُوچھوں گا،
اَور تُم مُجھے جَواب دوگے۔‘
5میرے کانوں نے تمہارے بارے میں سُنا تھا،
لیکن اَب میری آنکھوں نے آپ کو دیکھ لیا ہے۔
6اِس لیٔے مُجھے اَپنے آپ سے نفرت ہے،
اَور مَیں خاک اَور راکھ#42:6 خاک اَور راکھ لوگ اَپنے غم کے اِظہار کے لیٔے لوگ اَپنے سَروں پر مٹّی چھڑکتے تھے۔ میں تَوبہ کرتا ہُوں۔“
اِختتام
7جَب یَاہوِہ ایُّوب سے یہ باتیں فرما چُکے، تَب خُدا نے اِلیفزؔ تیمانی سے فرمایا: ”میں تُم سے اَور تمہارے دونوں دوستوں سے خفا ہُوں کیونکہ تُم نے میرے بارے میں وہ نہ کہا جو سچ ہے جَیسا کہ میرے خادِم ایُّوب نے کہا۔ 8پس اَب سات بَیل اَور سات مینڈھے لے کر اَور میرے خادِم ایُّوب کے پاس جا کر اَپنے لیٔے سوختنی نذر پیش کرو۔ میرا خادِم ایُّوب تمہارے لیٔے دعا کرےگا، اَور مَیں اُس کی دعا قبُول کروں گا، اَور مَیں تمہاری حماقت کے مُطابق تُم سے سلُوک نہ کروں گا۔ تُم نے میرے بارے میں وہ نہیں کہا جو حق ہے جَیسے میرے خادِم ایُّوب نے کہاتھا۔“ 9چنانچہ اِلیفزؔ تیمانی، بِلددؔ شوحی اَور صُوفرؔ نَعماتی نے جا کر وُہی کیا جو یَاہوِہ نے اُنہیں فرمایا تھا اَور یَاہوِہ نے ایُّوب کی دعا قبُول فرمائی۔
10ایُّوب نے اَپنے دوستوں کے لیٔے دعا مانگی اَور اُس کے بعد یَاہوِہ نے ایُّوب کو پھر سے سرفراز کیا اَورجو اُن کے پاس پہلے تھا اُس سے بھی دُگنا زِیادہ دے دیا۔ 11ایُّوب کے تمام بھایٔی اَور بہنیں اَور ہر کویٔی جو اُن کو پہلے سے جانتے تھے آئے اَور اُنہُوں نے ایُّوب کے گھر میں اُن کے ساتھ کھانا کھایا اَور اُن تمام بَلاؤں کے لیٔے جو یَاہوِہ نے ایُّوب پر بھیجی تھیں اُن کو تسلّی دی۔ اَور ہر ایک نے ایُّوب کو چاندی کا ایک ایک سِکّہ اَور سونے کی ایک ایک انگُوٹھی دی۔#42:11 یہ چاندی کا ایک بنا ہُوا ٹکڑا تھا جو سِکّے بنانے سے پہلے خریدوفروخت میں اِستعمال ہوتا تھا۔ سونے کی انگُوٹھی ایک زیور تھا جو عورتیں ناک میں پہنتی تھیں (پیدا 24:47؛ یَشع 3:21) اَور مَرد اَور عورتیں کانوں میں پہنتی تھیں (پیدا 35:4؛ خُرو 32:2‑3؛ قُضا 8:24)
12یَاہوِہ نے ایُّوب کو اُن کے آخِری ایّام میں پہلے کی بہ نِسبت زِیادہ برکت بخشی۔ اُن کے پاس چودہ ہزار بھیڑیں، چھ ہزار اُونٹ، بَیل کی ایک ہزار جوڑیاں اَور ہزار گدھیاں ہو گئیں۔ 13اَور اُن کے سات بیٹے اَور تین بیٹیاں بھی ہُوئیں۔ 14ایُّوب نے پہلی بیٹی کا نام یمیمہؔ، دُوسری کا قصیاہؔ اَور تیسری کا قَرنؔ ہپّوک رکھا۔ 15اُس ساری سرزمین میں اَیسی عورتیں کہیں بھی نہ تھیں جو ایُّوب کی بیٹیوں کی طرح خُوبصورت ہُوں اَور اُن کے باپ نے اُنہیں اُن کے بھائیوں کے ساتھ مِیراث دی۔
16اُس کے بعد ایُّوب ایک سَو چالیس بَرس زندہ رہے اَور اَپنے بیٹوں اَور اُن کے بچّوں کی چوتھی پُشت تک دیکھی۔ 17اَور اِس طرح ایُّوب نے بُوڑھے اَور ضعیف ہوکر وفات پائی۔
موجودہ انتخاب:
ایُّوب 42: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.