ایوب 18:41-34

ایوب 18:41-34 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اُس کی چھینک گویا رَوشنی کی شعائیں پھینکتی ہے؛ اَور اُس کی آنکھیں صُبح کی جھلملاتی کرنوں کی مانند ہیں۔ اُس کے مُنہ سے جلتی ہُوئی مشعلیں نکلتی ہیں؛ گویا آگ کی چنگاریاں تیروں کی طرح اُڑتی ہُوں۔ اُس کے نتھنوں سے اَیسا دُھواں نکلتا ہے جَیسے اُبلتی ہُوئی دیگ سے جو جلتے ہویٔے سَرکنڈوں پر رکھی ہو۔ اُس کا سانس کوئلوں کو دہکا دیتاہے، اَور اُس کے مُنہ سے شُعلے لپکتے ہیں۔ طاقت اُس کی گردن میں سمائی ہُوئی ہے؛ اَور دہشت اُس کے آگے آگے چلتی ہے۔ اُس کے گوشت کی تہیں مضبُوطی سے جُڑی ہُوئی ہیں؛ جو بڑی پیوستہ اَور غَیر متحّرک ہیں۔ اُس کا سینہ چٹّان کی طرح سخت ہے، ہُوبہو چکّی کے نِچلے پاٹ کی طرح۔ جَب خُدا اُٹھ کھڑا ہوتاہے تو بہادر لوگ ڈر جاتے ہیں؛ اِس سے قبل کہ وہ اُن پر ٹوٹ پڑے، وہ پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔ تلوار کا وار اُس پر کویٔی اثر نہیں کرتا، نہ ہی نیزہ، تیر یا برچھی۔ وہ لوہے کو بھُوسا سمجھتا ہے، اَور کانسے کو سڑی ہُوئی لکڑی کی مانند۔ تیر اُس کو بھگا نہیں پاتے؛ فلاخن کے پتّھر اُس کے لیٔے بھُوسا ہیں۔ لٹھ اُسے گھاس کے تنکے مَعلُوم ہوتے ہیں؛ اَور برچھی کے کھڑکھڑانے پر وہ ہنستا ہے۔ اُس کے نیچے کے حِصّے تیز ٹھیکروں کی مانند ہیں، جو وزنی ہتھوڑے کی طرح مٹّی میں نِشان چھوڑ جاتے ہیں۔ وہ گہراؤ کو اُبلتی ہُوئی دیگ کی طرح کھَولاتا ہے اَور سمُندر کو مرہم (کے مرتبان) کی طرح ہلاتا ہے۔ وہ اَپنے پیچھے پانی کی ایک چمکتی دمکتی ہموار لکیر چھوڑ جاتا ہے؛ جِس سے یہ لگتا ہے کہ گہراؤ سفید بالوں والا ہو گیا ہے۔ زمین پر اُس کا کویٔی ثانی نہیں ایک بے خوف مخلُوق۔ وہ بُلندیوں کو حقارت کی نظر سے دیکھتا ہے؛ وہ مغروُروں پر بادشاہی کرتا ہے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ایوب 41

ایوب 18:41-34 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

جب چھینکیں مارے تو بجلی چمک اُٹھتی ہے۔ اُس کی آنکھیں طلوعِ صبح کی پلکوں کی مانند ہیں۔ اُس کے منہ سے مشعلیں اور چنگاریاں خارج ہوتی ہیں، اُس کے نتھنوں سے دھواں یوں نکلتا ہے جس طرح بھڑکتی اور دہکتی آگ پر رکھی گئی دیگ سے۔ جب پھونک مارے تو کوئلے دہک اُٹھتے اور اُس کے منہ سے شعلے نکلتے ہیں۔ اُس کی گردن میں اِتنی طاقت ہے کہ جہاں بھی جائے وہاں اُس کے آگے آگے مایوسی پھیل جاتی ہے۔ اُس کے گوشت پوست کی تہیں ایک دوسری سے خوب جُڑی ہوئی ہیں، وہ ڈھالے ہوئے لوہے کی طرح مضبوط اور بےلچک ہیں۔ اُس کا دل پتھر جیسا سخت، چکّی کے نچلے پاٹ جیسا مستحکم ہے۔ جب اُٹھے تو زورآور ڈر جاتے اور دہشت کھا کر پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔ ہتھیاروں کا اُس پر کوئی اثر نہیں ہوتا، خواہ کوئی تلوار، نیزے، برچھی یا تیر سے اُس پر حملہ کیوں نہ کرے۔ وہ لوہے کو بھوسا اور پیتل کو گلی سڑی لکڑی سمجھتا ہے۔ تیر اُسے نہیں بھگا سکتے، اور اگر فلاخن کے پتھر اُس پر چلاؤ تو اُن کا اثر بھوسے کے برابر ہے۔ ڈنڈا اُسے تنکا سا لگتا ہے، اور وہ شمشیر کا شور شرابہ سن کر ہنس اُٹھتا ہے۔ اُس کے پیٹ پر تیز ٹھیکرے سے لگے ہیں، اور جس طرح اناج پر گاہنے کا آلہ چلایا جاتا ہے اُسی طرح وہ کیچڑ پر چلتا ہے۔ جب سمندر کی گہرائیوں میں سے گزرے تو پانی اُبلتی دیگ کی طرح کَھولنے لگتا ہے۔ وہ مرہم کے مختلف اجزا کو ملا ملا کر تیار کرنے والے عطار کی طرح سمندر کو حرکت میں لاتا ہے۔ اپنے پیچھے وہ چمکتا دمکتا راستہ چھوڑتا ہے۔ تب لگتا ہے کہ سمندر کی گہرائیوں کے سفید بال ہیں۔ دنیا میں اُس جیسا کوئی مخلوق نہیں، ایسا بنایا گیا ہے کہ کبھی نہ ڈرے۔ جو بھی اعلیٰ ہو اُس پر وہ حقارت کی نگاہ سے دیکھتا ہے، وہ تمام رُعب دار جانوروں کا بادشاہ ہے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ایوب 41

ایوب 18:41-34 کِتابِ مُقادّس (URD)

اُس کی چِھینکیں نُور افشانی کرتی ہیں۔ اُس کی آنکھیں صُبح کے پپوٹوں کی طرح ہیں۔ اُس کے مُنہ سے جلتی مشعلیں نِکلتی ہیں اور آگ کی چِنگاریاں اُڑتی ہیں اُس کے نتھنوں سے دُھؤاں نِکلتا ہے۔ گویا کَھولتی دیگ اور سُلگتے سرکنڈے سے۔ اُس کا سانس کوئِلوں کو دہکا دیتا ہے اور اُس کے مُنہ سے شُعلے نِکلتے ہیں۔ طاقت اُس کی گردن میں بستی ہے اور دہشت اُس کے آگے آگے چلتی ہے۔ اُس کے گوشت کی تہیں آپس میں جُڑی ہُوئی ہیں۔ وہ اُس پر خُوب سٹی ہیں اور ہٹ نہیں سکتِیں۔ اُس کا دِل پتّھر کی طرح مضبُوط ہے بلکہ چکّی کے نِچلے پاٹ کی طرح۔ جب وہ اُٹھ کھڑا ہوتا ہے تو زبردست لوگ ڈر جاتے ہیں اور گھبرا کر حواس باختہ ہو جاتے ہیں۔ اگر کوئی اُس پر تلوار چلائے تو اُس سے کُچھ نہیں بنتا۔ نہ بھالے۔ نہ تِیر۔ نہ برچھی سے۔ وہ لوہے کو بُھوسا سمجھتا ہے اور پِیتل کو گلی ہُوئی لکڑی۔ تِیر اُسے بھگا نہیں سکتا۔ فلاخن کے پتّھر اُس پر تِنکے سے ہیں۔ لاٹِھیاں گویا تِنکے ہیں۔ وہ برچھی کے چلنے پر ہنستا ہے۔ اُس کے نِیچے کے حِصّے تیز ٹِھیکروں کی مانِند ہیں۔ وہ کِیچڑ پر گویا ہینگا پھیرتا ہے۔ وہ گہراؤ کو دیگ کی طرح کھَولاتا اور سمُندر کو مرہم کی مانِند بنا دیتا ہے۔ وہ اپنے پِیچھے چمکِیلی لِیک چھوڑتا جاتا ہے۔ گہراؤ گویا سفید نظر آنے لگتا ہے۔ زمِین پر اُس کا نظِیر نہیں جو اَیسا بے خَوف پَیدا ہُؤا ہو۔ وہ ہر اُونچی چِیز کو دیکھتا ہے اور سب مغرُوروں کا بادشاہ ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ایوب 41