ایوب 1:39-12

ایوب 1:39-12 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

”کیا تُم جانتے ہو کہ پہاڑی بکریاں کب بچّے دیتی ہیں؟ اَور ہِرنی کب بچّے دیتی ہے؟ کیا تُم اُن کے حَمل کے مہینوں کا شُمار رکھتے ہو؟ یا جانتے ہو، وہ کس موسم میں جنتی ہیں؟ وہ جھکتی ہیں اَور اَپنا بچّہ دیتی ہیں؛ اَور دردِزہ سے رِہائی پاتی ہیں۔ اُن کے بچّے جنگلوں میں بڑھتے اَور قُوّت پاتے ہیں؛ وہ چلے جاتے ہیں اَور اَپنی ماؤں کے پاس واپس نہیں آتے۔ ”گورخر کو کس نے آزاد کیا؟ اُس کے بند کس نے کھولے؟ مَیں نے بنجر زمین کو اُس کا گھر بنایا، اَور زمینِ شور کو اُس کا مَسکن۔ شہر کا شوروغل اُس تک نہیں پہُنچ پاتا؛ وہ گاڑی بان کی ہُنکار نہیں سُنتا۔ وہ چراگاہوں کی کھوج میں، پہاڑیوں پر گھُومتا ہے اَور سبزہ زاروں کی جُستُجو میں لگا رہتاہے۔ ”کیا کویٔی جنگلی سانڈ تمہاری خدمت کرنے پر راضی ہوگا؟ کیا وہ تمہاری چرنی کے پاس رات کاٹے گا؟ کیا تُم جنگلی سانڈ کو رسّی سے باندھ کر ریگھاری میں چلا سکتے ہو؟ کیا وہ تمہارے پیچھے پیچھے وادی میں ہل جوتیں گے؟ کیا تُم اُس کی بڑی طاقت کی بنا پر اُس پر بھروسا کروگے؟ کیا تُم اَپنا بھاری کام اُس پر چھوڑ دوگے؟ کیا تُم اُس سے اُمّید کروگے کہ وہ تمہاری فصل ڈھوئے اَور اُسے تمہارے کھلیان میں جمع کرے؟

ایوب 1:39-12 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

کیا تجھے معلوم ہے کہ پہاڑی بکریوں کے بچے کب پیدا ہوتے ہیں؟ جب ہرنی اپنا بچہ جنم دیتی ہے تو کیا تُو اِس کو ملاحظہ کرتا ہے؟ کیا تُو وہ مہینے گنتا رہتا ہے جب بچے ہرنیوں کے پیٹ میں ہوں؟ کیا تُو جانتا ہے کہ کس وقت بچے جنم دیتی ہیں؟ اُس دن وہ دبک جاتی، بچے نکل آتے اور دردِ زہ ختم ہو جاتا ہے۔ اُن کے بچے طاقت ور ہو کر کھلے میدان میں پھلتے پھولتے، پھر ایک دن چلے جاتے ہیں اور اپنی ماں کے پاس واپس نہیں آتے۔ کس نے جنگلی گدھے کو کھلا چھوڑ دیا؟ کس نے اُس کے رسّے کھول دیئے؟ مَیں ہی نے بیابان اُس کا گھر بنا دیا، مَیں ہی نے مقرر کیا کہ بنجر زمین اُس کی رہائش گاہ ہو۔ وہ شہر کا شور شرابہ دیکھ کر ہنس اُٹھتا، اور اُسے ہانکنے والے کی آواز سننی نہیں پڑتی۔ وہ چرنے کے لئے پہاڑی علاقے میں اِدھر اُدھر گھومتا اور ہریالی کا کھوج لگاتا رہتا ہے۔ کیا جنگلی بَیل تیری خدمت کرنے کے لئے تیار ہو گا؟ کیا وہ کبھی رات کو تیری چرنی کے پاس گزارے گا؟ کیا تُو اُسے باندھ کر ہل چلا سکتا ہے؟ کیا وہ وادی میں تیرے پیچھے چل کر سہاگا پھیرے گا؟ کیا تُو اُس کی بڑی طاقت دیکھ کر اُس پر اعتماد کرے گا؟ کیا تُو اپنا سخت کام اُس کے سپرد کرے گا؟ کیا تُو بھروسا کر سکتا ہے کہ وہ تیرا اناج جمع کر کے گاہنے کی جگہ پر لے آئے؟ ہرگز نہیں!

ایوب 1:39-12 کِتابِ مُقادّس (URD)

کیا تُو جانتا ہے پہاڑ کی جنگلی بکریاں کب بچّے دیتی ہیں؟ یا جب ہرنِیاں بیاتی ہیں تو کیا تُو دیکھ سکتا ہے؟ کیا تُو اُن مہِینوں کو جِنہیں وہ پُورا کرتی ہیں گِن سکتا ہے؟ یا تُجھے وہ وقت معلُوم ہے جب وہ بچّے دیتی ہیں؟ وہ جُھک جاتی ہیں۔ وہ اپنے بچّے دیتی ہیں اور اپنے درد سے رہائی پاتی ہیں۔ اُن کے بچّے موٹے تازہ ہوتے ہیں۔ وہ کُھلے مَیدان میں بڑھتے ہیں۔ وہ نِکل جاتے ہیں اور پِھر نہیں لَوٹتے۔ گورخر کو کِس نے آزاد کِیا؟ جنگلی گدھے کے بند کِس نے کھولے؟ بیابان کو مَیں نے اُس کا مکان بنایا اور زمِینِ شور کو اُس کا مسکن۔ وہ شہر کے شور و غُل کو ہیچ سمجھتا ہے اور ہانکنے والے کی ڈانٹ کو نہیں سُنتا۔ پہاڑوں کا سِلسِلہ اُس کی چراگاہ ہے اور وہ ہریالی کی تلاش میں رہتا ہے۔ کیا جنگلی سانڈ تیری خِدمت پر راضی ہو گا؟ کیا وہ تیری چرنی کے پاس رہے گا؟ کیا تُو جنگلی سانڈ کو رسّے سے باندھ کر ریگھاری میں چلا سکتا ہے؟ یا وہ تیرے پِیچھے پِیچھے وادِیوں میں ہینگا پھیرے گا؟ کیا تُو اُس کی بڑی طاقت کے سبب سے اُس پر بھروسا کرے گا؟ یا کیا تُو اپنا کام اُس پر چھوڑ دے گا؟ کیا تُو اُس پر اِعتماد کرے گا کہ وہ تیرا غلّہ گھر لے آئے اور تیرے کھلِیہان کا اناج اِکٹّھا کرے؟