یرمیاہ 16:32-25

یرمیاہ 16:32-25 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

”خرید کی دستاویز باروکؔ بِن نیریاہؔ کو دینے کے بعد مَیں نے یَاہوِہ سے یہ دعا کی، ”آہ اَے یَاہوِہ قادر آپ نے اَپنی عظیم قُدرت اَور بڑھائے ہُوئے بازو سے آسمان اَور زمین کو خلق کیا۔ آپ کے لیٔے کویٔی کام ناممکن نہیں ہے۔ آپ ہزاروں پر شفقت کرتے ہیں لیکن آباؤاَجداد کے گُناہوں کی سزا اُن کے بعد اُن کی اَولاد کے دامن میں ڈال دیتے ہیں۔ اَے عظیم اَور قادرمُطلق خُدا آپ کا نام قادرمُطلق یَاہوِہ ہے، آپ کے اِرادے اعلیٰ ہیں اَور آپ کے منصُوبے عظیمُ الشّان ہیں۔ آپ کی نگاہیں اِنسان کی تمام روِشوں پر لگی رہتی ہیں۔ آپ ہر ایک کو اُس کے اَخلاق اَور اُس کے اعمال کے مُطابق اجر دیتے ہیں۔ آپ نے مِصر میں نِشانات اَور عجائبات دِکھائے جنہیں آپ نے بنی اِسرائیل اَور باقی نَوع بشر کے درمیان آج تک جاری رکھے ہُوئے ہیں اَور آپ نے اَپنے لیٔے اَیسا جلالی نام قائِم کیا ہے جو آج تک برقرار ہے۔ آپ نے اَپنی قوم بنی اِسرائیل کو مِصر سے نِشانات اَور عجائب کارناموں سے، اَپنے قوی ہاتھ اَور بڑھائے ہُوئے بازو اَور بڑی ہیبت کے ساتھ باہر نکال لائے۔ آپ نے اُنہیں یہ مُلک دیا، جسے دینے کی آپ نے اُن کے آباؤاَجداد سے قَسم کھائی تھی اَور جِس میں دُودھ اَور شہد کے دریا بہتے ہیں۔ اُنہُوں نے آکر اِس مُلک کو اَپنے اِختیار میں کر لیا لیکن اُنہُوں نے آپ کے حُکم کو نہیں مانا، نہ آپ کے آئین پر عَمل کیا اَورجو کچھ کرنے کا حُکم آپ نے اُنہیں دیا تھا اُنہُوں نے اُس پر عَمل نہیں کیا۔ اِس لیٔے آپ نے اُن کے اُوپر یہ سَب مُصیبتیں نازل کیں۔ ”اَب اِن دمدموں کو دیکھ وہ لوگ اِس شہر پر قبضہ کرنے کے لیٔے آ گیٔے ہیں۔ تلوار، قحط اَور وَبا کے باعث یہ شہر اُن کَسدیوں کے حوالہ کیا جائے گا جو اِس پر حملہ کر رہے ہیں جَیسا کہ آپ نے فرمایا تھا اَور اَب سَب پُورا ہُواہے، اَور آپ اِسے دیکھ بھی رہے ہیں۔ اَور حالانکہ یہ شہر کَسدیوں کے حوالہ کر دیا جائے گا پھر بھی اَے یَاہوِہ قادر آپ مُجھ سے کہتے ہیں، ’چاندی کے عوض کھیت خرید لے اَور گواہوں کے سامنے سَودا کر۔‘ “

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یرمیاہ 32

یرمیاہ 16:32-25 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

باروک بن نیریاہ کو انتقال نامہ دینے کے بعد مَیں نے رب سے دعا کی، ’اے رب قادرِ مطلق، تُو نے اپنا ہاتھ بڑھا کر بڑی قدرت سے آسمان و زمین کو بنایا، تیرے لئے کوئی بھی کام ناممکن نہیں۔ تُو ہزاروں پر شفقت کرتا اور ساتھ ساتھ بچوں کو اُن کے والدین کے گناہوں کی سزا دیتا ہے۔ اے عظیم اور قادر خدا جس کا نام رب الافواج ہے، تیرے مقاصد عظیم اور تیرے کام زبردست ہیں، تیری آنکھیں انسان کی تمام راہوں کو دیکھتی رہتی ہیں۔ تُو ہر ایک کو اُس کے چال چلن اور اعمال کا مناسب اجر دیتا ہے۔ مصر میں تُو نے الٰہی نشان اور معجزے دکھائے، اور تیرا یہ سلسلہ آج تک جاری رہا ہے، اسرائیل میں بھی اور باقی قوموں میں بھی۔ یوں تیرے نام کو وہ عزت و جلال ملا جو تجھے آج تک حاصل ہے۔ تُو الٰہی نشان اور معجزے دکھا کر اپنی قوم اسرائیل کو مصر سے نکال لایا۔ تُو نے اپنا ہاتھ بڑھا کر اپنی عظیم قدرت مصریوں پر ظاہر کی تو اُن پر شدید دہشت طاری ہوئی۔ تب تُو نے اپنی قوم کو یہ ملک بخش دیا جس میں دودھ اور شہد کی کثرت تھی اور جس کا وعدہ تُو نے قَسم کھا کر اُن کے باپ دادا سے کیا تھا۔ لیکن جب ہمارے باپ دادا نے ملک میں داخل ہو کر اُس پر قبضہ کیا تو اُنہوں نے نہ تیری سنی، نہ تیری شریعت کے مطابق زندگی گزاری۔ جو کچھ بھی تُو نے اُنہیں کرنے کو کہا تھا اُس پر اُنہوں نے عمل نہ کیا۔ نتیجے میں تُو اُن پر یہ آفت لایا۔ دشمن مٹی کے پُشتے بنا کر فصیل کے قریب پہنچ چکا ہے۔ ہم تلوار، کال اور مہلک بیماریوں سے اِتنے کمزور ہو گئے ہیں کہ جب بابل کی فوج شہر پر حملہ کرے گی تو وہ اُس کے قبضے میں آئے گا۔ جو کچھ بھی تُو نے فرمایا تھا وہ پیش آیا ہے۔ تُو خود اِس کا گواہ ہے۔ لیکن اے رب قادرِ مطلق، کمال ہے کہ گو شہر کو بابل کی فوج کے حوالے کیا جائے گا توبھی تُو مجھ سے ہم کلام ہوا ہے کہ چاندی دے کر کھیت خرید لے اور گواہوں سے کارروائی کی تصدیق کروا‘۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یرمیاہ 32

یرمیاہ 16:32-25 کِتابِ مُقادّس (URD)

بارُوؔک بِن نیرِؔیاہ کو قبالہ دینے کے بعد مَیں نے خُداوند سے یُوں دُعا کی۔ آہ اَے خُداوند خُدا! دیکھ تُو نے اپنی عظِیم قُدرت اور اپنے بُلند بازُو سے آسمان اور زمِین کو پَیدا کِیا اور تیرے لِئے کوئی کام مُشکِل نہیں ہے۔ تُو ہزاروں پر شفقت کرتا ہے اور باپ دادا کی بدکرداری کا بدلہ اُن کے بعد اُن کی اَولاد کے دامن میں ڈال دیتا ہے جِس کا نام خُدایِ عظِیم و قادِر ربُّ الافواج ہے۔ مشوَرت میں بزُرگ اور کام میں قُدرت والا ہے۔ بنی آدمؔ کی سب راہیں تیری زیرِ نظر ہیں تاکہ ہر ایک کو اُس کی روِش کے مُوافِق اور اُس کے اعمال کے پَھل کے مُطابِق اجر دے۔ جِس نے مُلکِ مِصرؔ میں آج تک اور اِسرائیل اور دُوسرے لوگوں میں نِشان اور عجائِب دِکھائے اور اپنے لِئے نام پَیدا کِیا جَیسا کہ اِس زمانہ میں ہے۔ کیونکہ تُو اپنی قَوم اِسرائیل کو مُلکِ مِصرؔ سے نِشانوں اور عجائِب اور قَوی ہاتھ اور بُلند بازُو سے اور بڑی ہَیبت کے ساتھ نِکال لایا۔ اور یہ مُلک اُن کو دِیا جِسے دینے کی تُو نے اُن کے باپ دادا سے قَسم کھائی تھی۔ اَیسا مُلک جِس میں دُودھ اور شہد بہتا ہے۔ اور وہ آ کر اُس کے مالِک ہو گئے لیکن وہ نہ تیری آواز کے شِنوا ہُوئے اور نہ تیری شرِیعت پر چلے اور جو کُچھ تُو نے کرنے کو کہا اُنہوں نے نہیں کِیا اِس لِئے تُو یہ سب مُصِیبت اُن پر لایا۔ دمدموں کو دیکھ۔ وہ شہر تک آ پُہنچے ہیں کہ اُسے فتح کر لیں اور شہر تلوار اور کال اور وبا کے سبب سے کسدیوں کے حوالہ کر دِیا گیا ہے جو اُس پر چڑھ آئے اور جو کُچھ تُو نے فرمایا پُورا ہُؤا اور تُو آپ دیکھتا ہے۔ تَو بھی اَے خُداوند خُدا تُو نے مُجھ سے فرمایا کہ وہ کھیت رُوپیہ دے کر اپنے لِئے خرِید لے اور گواہ ٹھہرا لے حالانکہ یہ شہر کسدیوں کے حوالہ کر دِیا گیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یرمیاہ 32