YouVersion Logo
تلاش

یسعیاہ 1:54-10

یسعیاہ 1:54-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

رب فرماتا ہے، ”خوشی کے نعرے لگا، تُو جو بےاولاد ہے، جو بچے کو جنم ہی نہیں دے سکتی۔ بلند آواز سے شادیانہ بجا، تُو جسے پیدائش کا درد نہ ہوا۔ کیونکہ اب ترک کی ہوئی عورت کے بچے شادی شدہ عورت کے بچوں سے زیادہ ہیں۔ اپنے خیمے کو بڑا بنا، اُس کے پردے ہر طرف بچھا! بچت مت کرنا! خیمے کے رسّے لمبے لمبے کر کے میخیں مضبوطی سے زمین میں ٹھونک دے۔ کیونکہ تُو تیزی سے دائیں اور بائیں طرف پھیل جائے گی، اور تیری اولاد دیگر قوموں پر قبضہ کر کے تباہ شدہ شہروں کو از سرِ نو آباد کرے گی۔ مت ڈرنا، تیری رُسوائی نہیں ہو گی۔ شرم سار نہ ہو، تیری بےحرمتی نہیں ہو گی۔ اب تُو اپنی جوانی کی شرمندگی بھول جائے گی، تیرے ذہن سے بیوہ ہونے کی ذلت اُتر جائے گی۔ کیونکہ تیرا خالق تیرا شوہر ہے، رب الافواج اُس کا نام ہے، اور تیرا چھڑانے والا اسرائیل کا قدوس ہے، جو پوری دنیا کا خدا کہلاتا ہے۔“ تیرا خدا فرماتا ہے، ”تُو متروکہ اور دل سے مجروح بیوی کی مانند ہے، اُس عورت کی مانند جس کے شوہر نے اُسے رد کیا، گو اُس کی شادی اُس وقت ہوئی جب کنواری ہی تھی۔ لیکن اب مَیں، رب نے تجھے بُلایا ہے۔ ایک ہی لمحے کے لئے مَیں نے تجھے ترک کیا، لیکن اب بڑے رحم سے تجھے جمع کروں گا۔ مَیں نے اپنے غضب کا پورا زور تجھ پر نازل کر کے پل بھر کے لئے اپنا چہرہ تجھ سے چھپا لیا، لیکن اب ابدی شفقت سے تجھ پر رحم کروں گا۔“ رب تیرا چھڑانے والا یہ فرماتا ہے۔ ”بڑے سیلاب کے بعد مَیں نے نوح سے قَسم کھائی تھی کہ آئندہ سیلاب کبھی پوری زمین پر نہیں آئے گا۔ اِسی طرح اب مَیں قَسم کھا کر وعدہ کرتا ہوں کہ آئندہ نہ مَیں کبھی تجھ سے ناراض ہوں گا، نہ تجھے ملامت کروں گا۔ گو پہاڑ ہٹ جائیں اور پہاڑیاں جنبش کھائیں، لیکن میری شفقت تجھ پر سے کبھی نہیں ہٹے گی، میرا سلامتی کا عہد کبھی نہیں ہلے گا۔“ یہ رب کا فرمان ہے جو تجھ پر ترس کھاتا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 54

یسعیاہ 1:54-10 کِتابِ مُقادّس (URD)

اَے بانجھ تُو جو بے اَولاد تھی نغمہ سرائی کر! تُو جِس نے وِلادت کا درد برداشت نہیں کِیا خُوشی سے گا اور زور سے چِلاّ کیونکہ خُداوند فرماتا ہے کہ بے کس چھوڑی ہُوئی کی اَولاد شَوہر والی کی اَولاد سے زِیادہ ہے۔ اپنی خَیمہ گاہ کو وسِیع کر دے ہاں اپنے مسکنوں کے پردے پَھیلا۔ دریغ نہ کر۔ اپنی ڈورِیاں لمبی اور اپنی میخیں مضبُوط کر۔ اِس لِئے کہ تُو دہنی اور بائِیں طرف بڑھے گی اور تیری نسل قَوموں کی وارِث ہو گی اور وِیران شہروں کو بسائے گی۔ خَوف نہ کر کیونکہ تُو پِھر پشیمان نہ ہو گی۔ تُو نہ گھبرا کیونکہ تُو پِھر رُسوا نہ ہو گی اور اپنی جوانی کا ننگ بُھول جائے گی اور اپنی بیوگی کی عار کو پِھر یاد نہ کرے گی۔ کیونکہ تیرا خالِق تیرا شَوہر ہے۔ اُس کا نام ربُّ الافواج ہے اور تیرا فِدیہ دینے والا اِسرائیل کا قُدُّوس ہے۔ وہ تمام رُویِ زمِین کا خُدا کہلائے گا۔ کیونکہ تیرا خُدا فرماتا ہے کہ خُداوند نے تُجھ کو مترُوکہ اور دِل آزُردہ بِیوی کی طرح ہاں جوانی کی مطلُوقہ بِیوی کی مانِند پِھر بُلایا ہے۔ مَیں نے ایک دَم کے لِئے تُجھے چھوڑ دِیا لیکن رحمت کی فراوانی سے تُجھے لے لُوں گا۔ خُداوند تیرا نجات دینے والا فرماتا ہے کہ قہر کی شِدّت میں مَیں نے ایک دَم کے لِئے تُجھ سے مُنہ چِھپایا پر اب مَیں ابدی شفقت سے تُجھ پر رحم کرُوں گا۔ کیونکہ میرے لِئے یہ طُوفانِ نُوح کا سا مُعاملہ ہے کہ جِس طرح مَیں نے قَسم کھائی تھی کہ پِھر زمِین پر نُوح کا سا طُوفان کبھی نہ آئے گا اُسی طرح اب مَیں نے قَسم کھائی ہے کہ مَیں تُجھ سے پِھر کبھی آزُردہ نہ ہُوں گا اور تُجھ کو نہ گُھڑکُوں گا۔ خُداوند تُجھ پر رحم کرنے والا یُوں فرماتا ہے کہ پہاڑ تو جاتے رہیں اور ٹِیلے ٹل جائیں لیکن میری شفقت کبھی تُجھ پر سے جاتی نہ رہے گی اور میرا صُلح کا عہد نہ ٹلے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 54