YouVersion Logo
تلاش

یسعیاہ 1:54-10

یسعیاہ 1:54-10 URD

اَے بانجھ تُو جو بے اَولاد تھی نغمہ سرائی کر! تُو جِس نے وِلادت کا درد برداشت نہیں کِیا خُوشی سے گا اور زور سے چِلاّ کیونکہ خُداوند فرماتا ہے کہ بے کس چھوڑی ہُوئی کی اَولاد شَوہر والی کی اَولاد سے زِیادہ ہے۔ اپنی خَیمہ گاہ کو وسِیع کر دے ہاں اپنے مسکنوں کے پردے پَھیلا۔ دریغ نہ کر۔ اپنی ڈورِیاں لمبی اور اپنی میخیں مضبُوط کر۔ اِس لِئے کہ تُو دہنی اور بائِیں طرف بڑھے گی اور تیری نسل قَوموں کی وارِث ہو گی اور وِیران شہروں کو بسائے گی۔ خَوف نہ کر کیونکہ تُو پِھر پشیمان نہ ہو گی۔ تُو نہ گھبرا کیونکہ تُو پِھر رُسوا نہ ہو گی اور اپنی جوانی کا ننگ بُھول جائے گی اور اپنی بیوگی کی عار کو پِھر یاد نہ کرے گی۔ کیونکہ تیرا خالِق تیرا شَوہر ہے۔ اُس کا نام ربُّ الافواج ہے اور تیرا فِدیہ دینے والا اِسرائیل کا قُدُّوس ہے۔ وہ تمام رُویِ زمِین کا خُدا کہلائے گا۔ کیونکہ تیرا خُدا فرماتا ہے کہ خُداوند نے تُجھ کو مترُوکہ اور دِل آزُردہ بِیوی کی طرح ہاں جوانی کی مطلُوقہ بِیوی کی مانِند پِھر بُلایا ہے۔ مَیں نے ایک دَم کے لِئے تُجھے چھوڑ دِیا لیکن رحمت کی فراوانی سے تُجھے لے لُوں گا۔ خُداوند تیرا نجات دینے والا فرماتا ہے کہ قہر کی شِدّت میں مَیں نے ایک دَم کے لِئے تُجھ سے مُنہ چِھپایا پر اب مَیں ابدی شفقت سے تُجھ پر رحم کرُوں گا۔ کیونکہ میرے لِئے یہ طُوفانِ نُوح کا سا مُعاملہ ہے کہ جِس طرح مَیں نے قَسم کھائی تھی کہ پِھر زمِین پر نُوح کا سا طُوفان کبھی نہ آئے گا اُسی طرح اب مَیں نے قَسم کھائی ہے کہ مَیں تُجھ سے پِھر کبھی آزُردہ نہ ہُوں گا اور تُجھ کو نہ گُھڑکُوں گا۔ خُداوند تُجھ پر رحم کرنے والا یُوں فرماتا ہے کہ پہاڑ تو جاتے رہیں اور ٹِیلے ٹل جائیں لیکن میری شفقت کبھی تُجھ پر سے جاتی نہ رہے گی اور میرا صُلح کا عہد نہ ٹلے گا۔

پڑھیں یسعیاہ 54

سنیں یسعیاہ 54