عبرانیوں 1:5-10
عبرانیوں 1:5-10 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
ہر اعلیٰ کاہِنؔ آدمیوں میں سے آدمیوں کے لیٔے مُنتخب کیا جاتا ہے تاکہ وہ خُدا سے تعلّق رکھنے والی باتوں میں لوگوں کی نُمائندگی کرے یعنی نذریں اَور گُناہوں کی قُربانیاں پیش کرے۔ اَور وہ نادانوں اَور گمراہوں سے نرمی کے ساتھ پیش آسکتا ہے کیونکہ وہ خُود بھی کمزوریوں کی گرفت میں مُبتلا رہتاہے۔ یہی وجہ ہے کہ اُسے نہ صِرف قوم کے گُناہوں کی خاطِر بَلکہ اَپنے گُناہوں کی خاطِر بھی قُربانیاں پیش کرنی پڑتی ہیں۔ کسی بھی شخص کو اعلیٰ کاہِنؔ ہونے کی یہ عِزّت اُس کی اَپنی کوشش سے حاصل نہیں ہوتی، جَب تک کہ وہ حضرت ہارونؔ کی طرح خُدا کی طرف سے بُلایا نہ جائے۔ اِسی طرح المسیؔح نے بھی اعلیٰ کاہِنؔ ہونے کا عہدہ خُود ہی اَپنے آپ کو نہیں دیا بَلکہ خُدا نے اُنہیں مُقرّر کرکے حُضُور سے فرمایا، ”تُو میرا بیٹا ہے؛ آج سے میں تیرا باپ بَن گیا ہُوں؟“ اَور خُدا دُوسرے مقام پر بھی فرماتا ہے، ”تُو مَلکِ صِدقؔ کے طور پر، اَبد تک کاہِنؔ ہے۔“ حُضُور عیسیٰ نے اَپنے جِسم میں بشر کے دَوران، پُکار پُکار کر اَور آنسُو بہا بہا کر خُدا سے دعائیں اَور اِلتجائیں کیں جو اُنہیں موت سے بچا سَکتا تھا اَور خُدا ترسی کی وجہ سے اُس کی سُنی گئی۔ اَور بیٹا ہونے کے باوُجُود اُس نے دُکھ اُٹھا اُٹھاکر فرمانبرداری سیکھی اَور کامل بَن کر اَپنے سَب فرمانبرداروں کے لیٔے اَبدی نَجات کا سرچشمہ ہُوا۔ اَور حُضُور عیسیٰ کو خُدا کی طرف سے مَلکِ صِدقؔ کے طور پر اعلیٰ کاہِنؔ کا خِطاب دیا گیا۔
عبرانیوں 1:5-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اب انسانوں میں سے چنے گئے امامِ اعظم کو اِس لئے مقرر کیا جاتا ہے کہ وہ اُن کی خاطر اللہ کی خدمت کرے، تاکہ وہ گناہوں کے لئے نذرانے اور قربانیاں پیش کرے۔ وہ جاہل اور آوارہ لوگوں کے ساتھ نرم سلوک رکھ سکتا ہے، کیونکہ وہ خود کئی طرح کی کمزوریوں کی گرفت میں ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اُسے نہ صرف قوم کے گناہوں کے لئے بلکہ اپنے گناہوں کے لئے بھی قربانیاں چڑھانی پڑتی ہیں۔ اور کوئی اپنی مرضی سے امامِ اعظم کا پُروقار عُہدہ نہیں اپنا سکتا بلکہ لازم ہے کہ اللہ اُسے ہارون کی طرح بُلا کر مقرر کرے۔ اِسی طرح مسیح نے بھی اپنی مرضی سے امامِ اعظم کا پُروقار عُہدہ نہیں اپنایا۔ اِس کے بجائے اللہ نے اُس سے کہا، ”تُو میرا فرزند ہے، آج مَیں تیرا باپ بن گیا ہوں۔“ کہیں اَور وہ فرماتا ہے، ”تُو ابد تک امام ہے، ایسا امام جیسا مَلِک صدق تھا۔“ جب عیسیٰ اِس دنیا میں تھا تو اُس نے زور زور سے پکار کر اور آنسو بہا بہا کر اُسے دعائیں اور التجائیں پیش کیں جو اُسے موت سے بچا سکتا تھا۔ اور اللہ نے اُس کی سنی، کیونکہ وہ خدا کا خوف رکھتا تھا۔ وہ اللہ کا فرزند تو تھا، توبھی اُس نے دُکھ اُٹھانے سے فرماں برداری سیکھی۔ جب وہ کاملیت تک پہنچ گیا تو وہ اُن سب کی ابدی نجات کا سرچشمہ بن گیا جو اُس کی سنتے ہیں۔ اُس وقت اللہ نے اُسے امامِ اعظم بھی متعین کیا، ایسا امام جیسا مَلِک صدق تھا۔
عبرانیوں 1:5-10 کِتابِ مُقادّس (URD)
کیونکہ ہر سردار کاہِن آدمِیوں میں سے مُنتخب ہو کر آدمِیوں ہی کے لِئے اُن باتوں کے واسطے مُقرّر کِیا جاتا ہے جو خُدا سے عِلاقہ رکھتی ہیں تاکہ نذریں اور گُناہوں کی قُربانِیاں گُذرانے۔ اور وہ نادانوں اور گُمراہوں سے نرمی کے ساتھ پیش آنے کے قابِل ہوتا ہے اِس لِئے کہ وہ خُود بھی کمزوری میں مُبتلا رہتا ہے۔ اور اِسی سبب سے اُس پر فرض ہے کہ گُناہوں کی قُربانی جِس طرح اُمّت کی طرف سے گُذرانے اُسی طرح اپنی طرف سے بھی چڑھائے۔ اور کوئی شخص اپنے آپ یہ عِزّت اِختیار نہیں کرتا جب تک ہارُونؔ کی طرح خُدا کی طرف سے بُلایا نہ جائے۔ اِسی طرح مسِیح نے بھی سردار کاہِن ہونے کی بزُرگی اپنے تئِیں نہیں دی بلکہ اُسی نے دی جِس نے اُس سے کہا تھا کہ تُو میرا بیٹا ہے۔ آج تُو مُجھ سے پَیدا ہُؤا۔ چُنانچہ وہ دُوسرے مقام پر بھی کہتا ہے کہ تُو مَلکِ صِدؔق کے طور پر ابد تک کاہِن ہے۔ اُس نے اپنی بشرِیّت کے دِنوں میں زور زور سے پُکار کر اور آنسُو بہا بہا کر اُسی سے دُعائیں اور اِلتجائیں کِیں جو اُس کو مَوت سے بچا سکتا تھا اور خُدا ترسی کے سبب سے اُس کی سُنی گئی۔ اور باوُجُود بیٹا ہونے کے اُس نے دُکھ اُٹھا اُٹھا کر فرمانبرداری سِیکھی۔ اور کامِل بن کر اپنے سب فرمانبرداروں کے لِئے ابدی نجات کا باعِث ہُؤا۔ اور اُسے خُدا کی طرف سے مَلکِ صِدؔق کے طَور کے سردار کاہِن کا خِطاب مِلا۔