YouVersion Logo
تلاش

عبرانیوں 23:10-35

عبرانیوں 23:10-35 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور اپنی اُمّید کے اِقرار کو مضبُوطی سے تھامے رہیں کیونکہ جِس نے وعدہ کِیا ہے وہ سچّا ہے۔ اور مُحبّت اور نیک کاموں کی ترغِیب دینے کے لِئے ایک دُوسرے کا لِحاظ رکھّیں۔ اور ایک دُوسرے کے ساتھ جمع ہونے سے باز نہ آئیں جَیسا بعض لوگوں کا دستُور ہے بلکہ ایک دُوسرے کو نصِیحت کریں اور جِس قدر اُس دِن کو نزدِیک ہوتے ہُوئے دیکھتے ہو اُسی قدر زِیادہ کِیا کرو۔ کیونکہ حق کی پہچان حاصِل کرنے کے بعد اگر ہم جان بُوجھ کر گُناہ کریں تو گُناہوں کی کوئی اَور قُربانی باقی نہیں رہی۔ ہاں عدالت کا ایک ہَولناک اِنتِظار اور غضب ناک آتِش باقی ہے جو مُخالِفوں کو کھا لے گی۔ جب مُوسیٰ کی شرِیعت کا نہ ماننے والا دو یا تِین شخصوں کی گواہی سے بغَیر رَحم کِئے مارا جاتا ہے۔ تو خیال کرو کہ وہ شخص کِس قدر زِیادہ سزا کے لائِق ٹھہرے گا جِس نے خُدا کے بیٹے کو پامال کِیا اور عہد کے خُون کو جِس سے وہ پاک ہُؤا تھا ناپاک جانا اور فضل کے رُوح کو بے عِزّت کِیا۔ کیونکہ اُسے ہم جانتے ہیں جِس نے فرمایا کہ اِنتِقام لینا میرا کام ہے۔ بدلہ مَیں ہی دُوں گا اور پِھر یہ کہ خُداوند اپنی اُمّت کی عدالت کرے گا۔ زِندہ خُدا کے ہاتھوں میں پڑنا ہَولناک بات ہے۔ لیکن اُن پہلے دِنوں کو یاد کرو کہ تُم نے مُنوّر ہونے کے بعد دُکھوں کی بڑی کھکھیڑ اُٹھائی۔ کُچھ تو یُوں کہ لَعن طَعن اور مُصِیبتوں کے باعِث تُمہارا تماشا بنا اور کُچھ یُوں کہ تُم اُن کے شرِیک ہُوئے جِن کے ساتھ یہ بدسلُوکی ہوتی تھی۔ چُنانچہ تُم نے قَیدِیوں کی ہمدردی بھی کی اور اپنے مال کا لُٹ جانا بھی خُوشی سے منظُور کِیا۔ یہ جان کر کہ تُمہارے پاس ایک بِہتر اور دائِمی مِلکِیّت ہے۔ پس اپنی دِلیری کو ہاتھ سے نہ دو۔ اِس لِئے کہ اُس کا بڑا اَجر ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں عبرانیوں 10

عبرانیوں 23:10-35 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اَور اَپنی اُمّید کے اقرار کو مضبُوطی سے تھامے رہیں کیونکہ جِس نے وعدہ کیا ہے وہ سچّا ہے۔ اَور ہم اِس بات پر غور کریں کہ کیسے ہم ایک دُوسرے کو مَحَبّت اَور نیک کام کرنے کے لیٔے ترغِیب دے سکتے ہیں، باہم جمع ہونا نہ چھوڑیں جَیسا بعض لوگوں کی جمع نہ ہونے کی عادت بَن گئی ہے، بَلکہ ہم ایک دُوسرے کو نصیحت کریں۔ خاص کر یہ بات مدِّ نظِر رکھ کر کہ خُداوؔند کی دوبارہ آمد کے دِن نَزدیک ہیں۔ کیونکہ اگر ہم حق کی پہچان حاصل کرنے کے بعد بھی جان بوجھ کر گُناہ کریں تو گُناہوں کی کویٔی اَور قُربانی باقی نہیں رہی۔ ہاں صِرف روز عدالت کی خَوفناک اَور غضبناک آتش باقی رہے گی جو خُدا کے مُخالفوں کو جَلا کر خاک کر دے گی۔ جَب حضرت مُوسیٰ کی شَریعت کی خِلاف ورزی کرنے والا دو یا تین چشم دید گواہوں کی گواہی سے بے رحمی کے ساتھ قتل کر دیا جاتا ہے۔ تو خیال کرو کہ وہ شخص کس قدر زِیادہ سزا کے لائق ٹھہرے گا، جِس نے خُدا کے بیٹے کو پامال کیا، اَور عہد کے اُس خُون کو جِس سے وہ پاک کیا گیا تھا، ناپاک جانا اَور جِس نے فضل کے رُوح کی بےحُرمتی کی؟ کیونکہ ہم اُسے جانتے ہیں جِس نے فرمایاہے، ”اِنتقام لینا میرا کام ہے، بدلہ میں ہی دُوں گا۔“ اَور پھر یہ کہ، ”خُداوؔند اَپنے لوگوں کا اِنصاف کرے گا۔“ زندہ خُدا کے ہاتھوں میں پڑنا ہَولناک بات ہے۔ لیکن ایمان کے اُن اِبتدائی دِنوں کو یاد کرو جَب تُم نے حقیقی رَوشنی پائی اَور شدید تکالیف کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ یعنی کبھی تو لَعن طَعن اَور مُصیبتوں کے باعث تُم خُود عوام کے سامنے تماشا بنے اَور کبھی تُم نے دُوسروں کی پُوری مدد کی جو اَذیّتیں برداشت کر رہے تھے۔ تُم نے قَیدیوں کے ساتھ ہمدردی کی اَور اَپنے جائِداد کا لُٹ جانا بھی خُوشی سے قبُول کیا کیونکہ تُم جانتے تھے کہ ایک بہتر اَور دائمی مِلکیّت تمہارے پاس مَوجُود ہے۔ پس ہِمّت مت ہارو کیونکہ اِس کا اجر بڑا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں عبرانیوں 10

عبرانیوں 23:10-35 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

آئیں، ہم مضبوطی سے اُس اُمید کو تھامے رکھیں جس کا اقرار ہم کرتے ہیں۔ ہم ڈانواں ڈول نہ ہو جائیں، کیونکہ جس نے اِس اُمید کا وعدہ کیا ہے وہ وفادار ہے۔ اور آئیں، ہم اِس پر دھیان دیں کہ ہم ایک دوسرے کو کس طرح محبت دکھانے اور نیک کام کرنے پر اُبھار سکیں۔ ہم باہم جمع ہونے سے باز نہ آئیں، جس طرح بعض کی عادت بن گئی ہے۔ اِس کے بجائے ہم ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کریں، خاص کر یہ بات مدِ نظر رکھ کر کہ خداوند کا دن قریب آ رہا ہے۔ خبردار! اگر ہم سچائی جان لینے کے بعد بھی جان بوجھ کر گناہ کرتے رہیں تو مسیح کی قربانی اِن گناہوں کو دُور نہیں کر سکے گی۔ پھر صرف اللہ کی عدالت کی ہول ناک توقع باقی رہے گی، اُس بھڑکتی ہوئی آگ کی جو اللہ کے مخالفوں کو بھسم کر ڈالے گی۔ جو موسیٰ کی شریعت رد کرتا ہے اُس پر رحم نہیں کیا جا سکتا بلکہ اگر دو یا اِس سے زائد لوگ اِس جرم کی گواہی دیں تو اُسے سزائے موت دی جائے۔ تو پھر کیا خیال ہے، وہ کتنی سخت سزا کے لائق ہو گا جس نے اللہ کے فرزند کو پاؤں تلے روندا؟ جس نے عہد کا وہ خون حقیر جانا جس سے اُسے مخصوص و مُقدّس کیا گیا تھا؟ اور جس نے فضل کے روح کی بےعزتی کی؟ کیونکہ ہم اُسے جانتے ہیں جس نے فرمایا، ”انتقام لینا میرا ہی کام ہے، مَیں ہی بدلہ لوں گا۔“ اُس نے یہ بھی کہا، ”رب اپنی قوم کا انصاف کرے گا۔“ یہ ایک ہول ناک بات ہے اگر زندہ خدا ہمیں سزا دینے کے لئے پکڑے۔ ایمان کے پہلے دن یاد کریں جب اللہ نے آپ کو روشن کر دیا تھا۔ اُس وقت کے سخت مقابلے میں آپ کو کئی طرح کا دُکھ سہنا پڑا، لیکن آپ ثابت قدم رہے۔ کبھی کبھی آپ کی بےعزتی اور عوام کے سامنے ہی ایذا رسانی ہوتی تھی، کبھی کبھی آپ اُن کے ساتھی تھے جن سے ایسا سلوک ہو رہا تھا۔ جنہیں جیل میں ڈالا گیا آپ اُن کے دُکھ میں شریک ہوئے اور جب آپ کا مال و متاع لُوٹا گیا تو آپ نے یہ بات خوشی سے برداشت کی۔ کیونکہ آپ جانتے تھے کہ وہ مال ہم سے نہیں چھین لیا گیا جو پہلے کی نسبت کہیں بہتر ہے اور ہر صورت میں قائم رہے گا۔ چنانچہ اپنے اِس اعتماد کو ہاتھ سے جانے نہ دیں کیونکہ اِس کا بڑا اجر ملے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں عبرانیوں 10