YouVersion Logo
تلاش

عِبرانیوں 10

10
سَب کے واسطے ایک ہی بار المسیؔح کی قُربانی
1مُوسوی شَریعت آئندہ کی اَچھّی چیزوں کا محض ایک عکس ہے نہ کہ اُن کی اصلی صورت۔ اِس لیٔے ایک ہی قِسم کی قُربانیاں جو سال بہ سال پیش کی جاتی ہیں وہ خُدا کے پاس آنے وَالوں کو ہر گز کامِل نہیں کر سکتیں۔ 2اگر وہ کامل کر سکتیں تو قُربانیاں پیش کرنے کی ضروُرت نہیں ہوتی؟ کیونکہ اِس صورت میں عبادت کرنے والے ایک ہی بار میں ہمیشہ کے لیٔے پاک صَاف ہو جاتے تو اُن کا ضمیر پھر اُنہیں گنہگار نہ ٹھہراتا۔ 3لیکن وہ قُربانیاں سال بہ سال لوگوں کو یاد دلاتی ہیں کہ وہ گنہگار ہیں۔ 4کیونکہ یہ ناممکن ہے کہ بَیلوں اَور بکروں کا خُون گُناہوں کو دُور کر سکے۔
5لہٰذا المسیؔح اِس دُنیا میں تشریف لاتے وقت خُدا سے یُوں مُخاطِب ہویٔے،
”تُو قُربانیاں اَور نذریں نہیں چاہتا،
لیکن تُونے میرے لیٔے ایک بَدن تیّار کیا؛
6سوختنی قُربانیوں اَور گُناہ کی قُربانیوں سے
تُو خُوش نہ ہُوا۔
7تَب میں نے کہا، ’اَے خُدا، دیکھ، میں حاضِر ہُوں تاکہ تیری مرضی پُوری کروں،
جَیسا کہ چمڑے کے نوشتے میں میری بابت لِکھّا ہُواہے۔‘ “#10‏:7 زبُور 40‏:6‏-8‏‏
8پہلے المسیؔح فرماتے ہیں، ”تُو نہ قُربانیوں اَور نذروں، سوختنی قُربانیوں اَور خطا کے ذبیحوں کو نہ چاہتا تھا، اَور نہ اُن سے خُوش ہُوا“ حالانکہ یہ قُربانیاں شَریعت کے مُطابق پِیش کی جاتی ہیں۔ 9اَور پھر وہ فرماتا ہے، ”دیکھ! میں حاضِر ہُوں تاکہ تیری مرضی پُوری کروں۔“ یُوں وہ پہلے نظام کو موقُوف کرتا ہے تاکہ اُس کی جگہ دُوسرے نظام کو قائِم کرے۔ 10اَور اُس کی مرضی پُوری ہو جانے سے ہم حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے بَدن کے ایک ہی بار قُربان ہونے کے وسیلہ سے ہمیشہ کے لئے پاک کر دئیے گیٔے ہیں۔
11ہر ایک کاہِنؔ روزانہ بیت المُقدّس میں کھڑا ہوکر اَپنی خدمت کے فرائض اَدا کرتا ہے اَور ایک ہی قِسم کی قُربانیاں بار بار پیش کرتا ہے جو گُناہوں کو کبھی بھی دُور نہیں کر سکتیں۔ 12لیکن المسیؔح نے گُناہوں کو دُور کرنے کے لیٔے ایک ہی بار ہمیشہ کی قُربانی پیش کرکے خُدا کی دائیں طرف تخت نشین ہو گیٔے۔ 13اَور اُسی وقت سے المسیؔح مُنتظر ہیں جَب تک خُداتعالیٰ اُن کے دُشمنوں کو اُن کے پاؤں کی چَوکی نہ بنادے۔ 14کیونکہ المسیؔح نے اَپنی ایک ہی قُربانی سے اُنہیں ہمیشہ کے لیٔے کامِل کر دیا ہے جنہیں مُقدّس کیا جا رہا ہے۔
15پاک رُوح بھی اِس بابت ہمیں یہی گواہی دیتاہے، پہلے وہ فرماتا ہے:
16”خُداوؔند فرماتا ہے جو عہد میں
اَپنے لوگوں کے ساتھ اُن دِنوں کے بعدباندھوں گا وہ یہ ہے کہ
میں اَپنے قوانین اُن کے دلوں میں ڈالُوں گا،
اَور اُن کے ذہنوں پر نَقش کردُوں گا۔“#10‏:16 یرم 31‏:33‏
17اَور پھر وہ فرماتا ہے،
”میں اُن کے گُناہوں اَور اُن کی بدکاریوں کو
پھر کبھی یاد نہ کروں گا۔“#10‏:17 یرم 31‏:34‏‏
18پس جَب اِن کی مُعافی ہو گئی ہے تو پھر گُناہوں کو دُور کرنے کی قُربانیوں کی ضروُرت ہی نہیں رہی؟
ایمان کی حِفاظت کے لئے دعوت
19اِس لیٔے اَے بھائیوں اَور بہنوں! جَب ہمیں حُضُور عیسیٰ کے خُون کے سبب سے پُورے یقین کے ساتھ پاک ترین مقام میں داخل ہو سکتے ہے۔ 20اَپنی قُربانی سے حُضُور عیسیٰ نے ایک نیا اَور زندگی بخش راستہ کھول دیا ہے تاکہ ہم اُس پردے یعنی اُن کے بَدن سے گزر کر پاک ترین مقام کے اَندر داخل ہو جایٔیں۔ 21اَور ہمارا ایک اَیسا عظیم کاہِنؔ ہے جو خُدا کے گھر کا مُختار ہے، 22تو آؤ! ہم سچّے دل اَور پُورے ایمان کے ساتھ، اَپنے مُجرم ٹھہرانے والے ضمیر سے پاک ہونے کے لیٔے اَپنے دل کو اُن کے خُون کے چھِینٹوں سے اَور اَپنے بَدن کو مُقدّس پانی سے صَاف کرکے خُدا کے حُضُور آئیں۔ 23اَور اَپنی اُمّید کے اقرار کو مضبُوطی سے تھامے رہیں کیونکہ جِس نے وعدہ کیا ہے وہ سچّا ہے۔ 24اَور ہم اِس بات پر غور کریں کہ کیسے ہم ایک دُوسرے کو مَحَبّت اَور نیک کام کرنے کے لیٔے ترغِیب دے سکتے ہیں، 25باہم جمع ہونا نہ چھوڑیں جَیسا بعض لوگوں کی جمع نہ ہونے کی عادت بَن گئی ہے، بَلکہ ہم ایک دُوسرے کو نصیحت کریں۔ خاص کر یہ بات مدِّ نظِر رکھ کر کہ خُداوؔند کی دوبارہ آمد کے دِن نَزدیک ہیں۔
26کیونکہ اگر ہم حق کی پہچان حاصل کرنے کے بعد بھی جان بوجھ کر گُناہ کریں تو گُناہوں کی کویٔی اَور قُربانی باقی نہیں رہی۔ 27ہاں صِرف روز عدالت کی خَوفناک اَور غضبناک آتش باقی رہے گی جو خُدا کے مُخالفوں کو جَلا کر خاک کر دے گی۔ 28جَب حضرت مُوسیٰ کی شَریعت کی خِلاف ورزی کرنے والا دو یا تین چشم دید گواہوں کی گواہی سے بے رحمی کے ساتھ قتل کر دیا جاتا ہے۔ 29تو خیال کرو کہ وہ شخص کس قدر زِیادہ سزا کے لائق ٹھہرے گا، جِس نے خُدا کے بیٹے کو پامال کیا، اَور عہد کے اُس خُون کو جِس سے وہ پاک کیا گیا تھا، ناپاک جانا اَور جِس نے فضل کے رُوح کی بےحُرمتی کی؟ 30کیونکہ ہم اُسے جانتے ہیں جِس نے فرمایاہے، ”اِنتقام لینا میرا کام ہے، بدلہ میں ہی دُوں گا۔“#10‏:30 اِست 32‏:35‏‏ اَور پھر یہ کہ، ”خُداوؔند اَپنے لوگوں کا اِنصاف کرے گا۔“#10‏:30 اِست 32‏:36؛ زبُور 135‏:14‏‏ 31زندہ خُدا کے ہاتھوں میں پڑنا ہَولناک بات ہے۔
32لیکن ایمان کے اُن اِبتدائی دِنوں کو یاد کرو جَب تُم نے حقیقی رَوشنی پائی اَور شدید تکالیف کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ 33یعنی کبھی تو لَعن طَعن اَور مُصیبتوں کے باعث تُم خُود عوام کے سامنے تماشا بنے اَور کبھی تُم نے دُوسروں کی پُوری مدد کی جو اَذیّتیں برداشت کر رہے تھے۔ 34تُم نے قَیدیوں کے ساتھ ہمدردی کی اَور اَپنے جائِداد کا لُٹ جانا بھی خُوشی سے قبُول کیا کیونکہ تُم جانتے تھے کہ ایک بہتر اَور دائمی مِلکیّت تمہارے پاس مَوجُود ہے۔ 35پس ہِمّت مت ہارو کیونکہ اِس کا اجر بڑا ہے۔
36چنانچہ تُمہیں اِس وقت بَڑے صبر سے کام لیناہے تاکہ تُم خُدا کی مرضی پُوری کرکے وعدہ کی ہویٔی چیز حاصل کرو۔ 37کیونکہ کِتاب مُقدّس میں یُوں لِکھّا ہے،
”اَب تھوڑی ہی دیر باقی ہے
کہ آنے والا آئے گا
اَور تاخِیر نہ کرے گا۔“#10‏:37 یسع 26‏:20؛ حبق 2‏:3‏‏
38اَور،
”لیکن میرا راستباز خادِم ایمان سے زندہ رہے گا۔
اَور اگر وہ ڈر کر پیچھے ہٹ جائے،
تو میرا دل اُس سے خُوش نہ ہوگا۔“
39مگر ہم اُن میں سے نہیں ہیں جو پیچھے ہٹ کر تباہ ہو جاتے ہیں، بَلکہ ہم اُن میں سے ہیں جو ایمان رکھ کر نَجات پاتے ہیں۔

موجودہ انتخاب:

عِبرانیوں 10: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in