عبرانیوں 10:10-14
عبرانیوں 10:10-14 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَور اُس کی مرضی پُوری ہو جانے سے ہم حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے بَدن کے ایک ہی بار قُربان ہونے کے وسیلہ سے ہمیشہ کے لئے پاک کر دئیے گیٔے ہیں۔ ہر ایک کاہِنؔ روزانہ بیت المُقدّس میں کھڑا ہوکر اَپنی خدمت کے فرائض اَدا کرتا ہے اَور ایک ہی قِسم کی قُربانیاں بار بار پیش کرتا ہے جو گُناہوں کو کبھی بھی دُور نہیں کر سکتیں۔ لیکن المسیؔح نے گُناہوں کو دُور کرنے کے لیٔے ایک ہی بار ہمیشہ کی قُربانی پیش کرکے خُدا کی دائیں طرف تخت نشین ہو گیٔے۔ اَور اُسی وقت سے المسیؔح مُنتظر ہیں جَب تک خُداتعالیٰ اُن کے دُشمنوں کو اُن کے پاؤں کی چَوکی نہ بنادے۔ کیونکہ المسیؔح نے اَپنی ایک ہی قُربانی سے اُنہیں ہمیشہ کے لیٔے کامِل کر دیا ہے جنہیں مُقدّس کیا جا رہا ہے۔
عبرانیوں 10:10-14 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اور اُس کی مرضی پوری ہو جانے سے ہمیں عیسیٰ مسیح کے بدن کے وسیلے سے مخصوص و مُقدّس کیا گیا ہے۔ کیونکہ اُسے ایک ہی بار سدا کے لئے ہمارے لئے قربان کیا گیا۔ ہر امام روز بہ روز مقدِس میں کھڑا اپنی خدمت کے فرائض ادا کرتا ہے۔ روزانہ اور بار بار وہ وہی قربانیاں پیش کرتا رہتا ہے جو کبھی بھی گناہوں کو دُور نہیں کر سکتیں۔ لیکن مسیح نے گناہوں کو دُور کرنے کے لئے ایک ہی قربانی پیش کی، ایک ایسی قربانی جس کا اثر سدا کے لئے رہے گا۔ پھر وہ اللہ کے دہنے ہاتھ بیٹھ گیا۔ وہیں وہ اب انتظار کرتا ہے جب تک اللہ اُس کے دشمنوں کو اُس کے پاؤں کی چوکی نہ بنا دے۔ یوں اُس نے ایک ہی قربانی سے اُنہیں سدا کے لئے کامل بنا دیا ہے جنہیں مُقدّس کیا جا رہا ہے۔
عبرانیوں 10:10-14 کِتابِ مُقادّس (URD)
اُسی مرضی کے سبب سے ہم یِسُوع مسِیح کے جِسم کے ایک ہی بار قُربان ہونے کے وسِیلہ سے پاک کِئے گئے ہیں۔ اور ہر ایک کاہِن تو کھڑا ہو کر ہر روز عِبادت کرتا ہے اور ایک ہی طرح کی قُربانِیاں بار بار گُذرانتا ہے جو ہرگِز گُناہوں کو دُور نہیں کر سکتِیں۔ لیکن یہ شخص ہمیشہ کے لِئے گُناہوں کے واسطے ایک ہی قُربانی گُذران کر خُدا کی دہنی طرف جا بَیٹھا۔ اور اُسی وقت سے مُنتظِر ہے کہ اُس کے دُشمن اُس کے پاؤں تلے کی چَوکی بنیں۔ کیونکہ اُس نے ایک ہی قُربانی چڑھانے سے اُن کو ہمیشہ کے لِئے کامِل کر دِیا ہے جو پاک کِئے جاتے ہیں۔