پَیدایش 26:46-34
پَیدایش 26:46-34 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
یعقوب کی اَپنی نَسل کے جو لوگ اُن کے ساتھ مِصر گیٔے جِن میں اُن کی بہوؤں کا شُمار نہیں ہے کُل چھیاسٹھ آدمی تھے۔ اُن دو بیٹوں کے ساتھ جو یُوسیفؔ کے مِصر میں پیدا ہویٔے یعقوب کے خاندان کے اُن افراد کی کُل تعداد جو مِصر گیٔے ستّر تھی۔ یعقوب نے یہُوداہؔ کو اَپنے آگے یُوسیفؔ کے پاس بھیجا تاکہ وہ مَعلُوم کرے کہ گوشینؔ جانے والا راستہ کون سا ہے۔ جَب وہ گوشینؔ کے علاقہ میں پہُنچے تو یُوسیفؔ نے اَپنا رتھ تیّار کروایا اَور اَپنے باپ اِسرائیل سے مِلنے کے لیٔے گوشینؔ کی طرف روانہ ہُوئے۔ جوں ہی یُوسیفؔ نے اَپنے باپ کو دیکھا وہ اُن سے بغل گیر ہوکر بڑی دیر تک روتے رہے۔ اِسرائیل نے یُوسیفؔ سے کہا، ”اَب موت بھی آ جائے تو مُجھے منظُور ہے کیونکہ مَیں نے اَپنی آنکھوں سے دیکھ لیا کہ تُم ابھی تک زندہ ہو۔“ تَب یُوسیفؔ نے اَپنے بھائیوں اَور اَپنے باپ کے گھرانے کے لوگوں سے کہا، ”میں جا کر فَرعوہؔ سے بات کروں گا اَور کہُوں گا، ’میرے بھایٔی اَور میرے باپ کا خاندان جو مُلکِ کنعانؔ میں رہا کرتے تھے میرے پاس آ گئے ہیں۔ وہ لوگ چرواہے ہیں اَور مویشی پالتے ہیں اَور وہ اَپنے ساتھ اَپنی بھیڑ بکریوں کے گلّے اَور مویشیوں کو اَورجو کچھ اُن کی مِلکیّت ہے سَب لے کر آ گئے ہیں۔‘ جَب فَرعوہؔ تُمہیں اَندر بُلائے اَور پُوچھے، ’تمہارا پیشہ کیا ہے؟‘ تو تُم جَواب دینا، ’تمہارا خادِم اَپنے آباؤاَجداد کی طرح لڑکپن ہی سے گلّہ بان ہیں۔‘ تَب تُمہیں گوشینؔ کے علاقہ میں بس جانے کی اِجازت دے دی جائے گی کیونکہ مِصری تمام گلّے بانوں کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔“
پَیدایش 26:46-34 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
یعقوب کی اولاد کے 66 افراد اُس کے ساتھ مصر چلے گئے۔ اِس تعداد میں بیٹوں کی بیویاں شامل نہیں تھیں۔ جب ہم یعقوب، یوسف اور اُس کے دو بیٹے اِن میں شامل کرتے ہیں تو یعقوب کے گھرانے کے 70 افراد مصر گئے۔ یعقوب نے یہوداہ کو اپنے آگے یوسف کے پاس بھیجا تاکہ وہ جشن میں اُن سے ملے۔ جب وہ وہاں پہنچے تو یوسف اپنے رتھ پر سوار ہو کر اپنے باپ سے ملنے کے لئے جشن گیا۔ اُسے دیکھ کر وہ اُس کے گلے لگ کر کافی دیر روتا رہا۔ یعقوب نے یوسف سے کہا، ”اب مَیں مرنے کے لئے تیار ہوں، کیونکہ مَیں نے خود دیکھا ہے کہ تُو زندہ ہے۔“ پھر یوسف نے اپنے بھائیوں اور اپنے باپ کے خاندان کے باقی افراد سے کہا، ”ضروری ہے کہ مَیں جا کر بادشاہ کو اطلاع دوں کہ میرے بھائی اور میرے باپ کا پورا خاندان جو کنعان کے رہنے والے ہیں میرے پاس آ گئے ہیں۔ مَیں اُس سے کہوں گا، ’یہ آدمی بھیڑبکریوں کے چرواہے ہیں۔ وہ مویشی پالتے ہیں، اِس لئے اپنی بھیڑبکریاں، گائےبَیل اور باقی سارا مال اپنے ساتھ لے آئے ہیں۔‘ بادشاہ تمہیں بُلا کر پوچھے گا کہ تم کیا کام کرتے ہو؟ پھر تم کو جواب دینا ہے، ’آپ کے خادم بچپن سے مویشی پالتے آئے ہیں۔ یہ ہمارے باپ دادا کا پیشہ تھا اور ہمارا بھی ہے۔‘ اگر تم یہ کہو تو تمہیں جشن میں رہنے کی اجازت ملے گی۔ کیونکہ بھیڑبکریوں کے چرواہے مصریوں کی نظر میں قابلِ نفرت ہیں۔“
پَیدایش 26:46-34 کِتابِ مُقادّس (URD)
یعقُوبؔ کے صُلب سے جو لوگ پَیدا ہُوئے اور اُس کے ساتھ مِصرؔ میں آئے وہ اُس کی بہُوؤں کو چھوڑ کر شُمار میں چھیاسٹھ تھے۔ اور یُوسفؔ کے دو بیٹے تھے جو مِصرؔ میں پَیدا ہُوئے۔ سو یعقُوبؔ کے گھرانے کے جو لوگ مِصرؔ میں آئے وہ سب مِل کر ستّر ہُوئے۔ اور اُس نے یہُوداؔہ کو اپنے سے آگے یُوسفؔ کے پاس بھیجا تاکہ وہ اُسے جشن کا راستہ دِکھائے اور وہ جشن کے علاقہ میں آئے۔ اور یُوسفؔ اپنا رتھ تیّار کروا کے اپنے باپ اِسرائیل کے اِستِقبال کے لِئے جشن کو گیا اور اُس کے پاس جا کر اُس کے گلے سے لِپٹ گیا اور وہِیں لِپٹا ہُؤا دیر تک روتا رہا۔ تب اِسرائیل نے یُوسفؔ سے کہا اب چاہے مَیں مَر جاؤں کیونکہ تیرا مُنہ دیکھ چُکا کہ تُو ابھی جِیتا ہے۔ اور یُوسفؔ نے اپنے بھائِیوں سے اور اپنے باپ کے گھرانے سے کہا مَیں ابھی جا کر فرِعونؔ کو خبر کر دُوں گا اور اُس سے کہہ دُوں گا کہ میرے بھائی اور میرے باپ کے گھرانے کے لوگ جو مُلکِ کنعانؔ میں تھے میرے پاس آ گئے ہیں۔ اور وہ چَوپان ہیں کیونکہ برابر چَوپایوں کو پالتے آئے ہیں اور وہ اپنی بھیڑ بکرِیاں اور گائے بَیل اور جو کُچھ اُن کا ہے سب لے آئے ہیں۔ پس جب فرِعونؔ تُم کو بُلا کر پُوچھے کہ تُمہارا پیشہ کیا ہے؟ تو تُم یہ کہنا کہ تیرے خادِم ہم بھی اور ہمارے باپ دادا بھی لڑکپن سے لے کر آج تک چَوپائے پالتے آئے ہیں۔ تب تُم جشن کے علاقہ میں رہ سکو گے اِس لِئے کہ مِصریوں کو چَوپانوں سے نفرت ہے۔