YouVersion Logo
تلاش

پَیدائش 26:46-34

پَیدائش 26:46-34 URD

یعقُوبؔ کے صُلب سے جو لوگ پَیدا ہُوئے اور اُس کے ساتھ مِصرؔ میں آئے وہ اُس کی بہُوؤں کو چھوڑ کر شُمار میں چھیاسٹھ تھے۔ اور یُوسفؔ کے دو بیٹے تھے جو مِصرؔ میں پَیدا ہُوئے۔ سو یعقُوبؔ کے گھرانے کے جو لوگ مِصرؔ میں آئے وہ سب مِل کر ستّر ہُوئے۔ اور اُس نے یہُوداؔہ کو اپنے سے آگے یُوسفؔ کے پاس بھیجا تاکہ وہ اُسے جشن کا راستہ دِکھائے اور وہ جشن کے علاقہ میں آئے۔ اور یُوسفؔ اپنا رتھ تیّار کروا کے اپنے باپ اِسرائیل کے اِستِقبال کے لِئے جشن کو گیا اور اُس کے پاس جا کر اُس کے گلے سے لِپٹ گیا اور وہِیں لِپٹا ہُؤا دیر تک روتا رہا۔ تب اِسرائیل نے یُوسفؔ سے کہا اب چاہے مَیں مَر جاؤں کیونکہ تیرا مُنہ دیکھ چُکا کہ تُو ابھی جِیتا ہے۔ اور یُوسفؔ نے اپنے بھائِیوں سے اور اپنے باپ کے گھرانے سے کہا مَیں ابھی جا کر فرِعونؔ کو خبر کر دُوں گا اور اُس سے کہہ دُوں گا کہ میرے بھائی اور میرے باپ کے گھرانے کے لوگ جو مُلکِ کنعانؔ میں تھے میرے پاس آ گئے ہیں۔ اور وہ چَوپان ہیں کیونکہ برابر چَوپایوں کو پالتے آئے ہیں اور وہ اپنی بھیڑ بکرِیاں اور گائے بَیل اور جو کُچھ اُن کا ہے سب لے آئے ہیں۔ پس جب فرِعونؔ تُم کو بُلا کر پُوچھے کہ تُمہارا پیشہ کیا ہے؟ تو تُم یہ کہنا کہ تیرے خادِم ہم بھی اور ہمارے باپ دادا بھی لڑکپن سے لے کر آج تک چَوپائے پالتے آئے ہیں۔ تب تُم جشن کے علاقہ میں رہ سکو گے اِس لِئے کہ مِصریوں کو چَوپانوں سے نفرت ہے۔