YouVersion Logo
تلاش

پَیدایش 2:31-21

پَیدایش 2:31-21 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور یعقُوبؔ نے لابنؔ کے چہرے کو دیکھ کر تاڑ لِیا کہ اُس کا رُخ پہلے سے بدلا ہُؤا ہے۔ اور خُداوند نے یعقُوبؔ سے کہا کہ تُو اپنے باپ دادا کے مُلک کو اور اپنے رِشتہ داروں کے پاس لَوٹ جا اور مَیں تیرے ساتھ رہُوں گا۔ تب یعقُوبؔ نے راخِلؔ اور لیاہؔ کو مَیدان میں جہاں اُس کی بھیڑ بکریاں تِھیں بُلوایا۔ اور اُن سے کہا مَیں دیکھتا ہُوں کہ تُمہارے باپ کا رُخ پہلے سے بدلا ہُؤا ہے پر میرے باپ کا خُدا میرے ساتھ رہا۔ تُم تو جانتی ہو کہ مَیں نے اپنے مقدُور بھر تُمہارے باپ کی خِدمت کی ہے۔ لیکن تُمہارے باپ نے مُجھے دھوکا دے دے کر دس بار میری مزدُوری بدلی پر خُدا نے اُس کو مُجھے نُقصان پُہنچانے نہ دِیا۔ جب اُس نے یہ کہا کہ چِتلے بچّے تیری اُجرت ہوں گے تو بھیڑ بکریاں چِتلے بچّے دینے لگیں اور جب کہا کہ دھاری دار بچّے تیرے ہوں گے تو بھیڑ بکریوں نے دھاری دار بچّے دِئے۔ یُوں خُدا نے تُمہارے باپ کے جانور لے کر مُجھے دے دِیے۔ اور جب بھیڑ بکریاں گابھن ہُوئِیں تو مَیں نے خواب میں دیکھا کہ جو بکرے بکریوں پر چڑھ رہے ہیں سو دھاری دار چِتلے اور چتکبرے ہیں۔ اور خُدا کے فرِشتہ نے خواب میں مُجھ سے کہا اَے یعقُوبؔ! مَیں نے کہا مَیں حاضِر ہُوں۔ تب اُس نے کہا کہ اب تُو اپنی آنکھ اُٹھا کر دیکھ کہ سب بکرے جو بکریوں پر چڑھ رہے ہیں دھاری دار چِتلے اور چتکبرے ہیں کیونکہ جو کُچھ لابنؔ تُجھ سے کرتا ہے مَیں نے دیکھا۔ مَیں بَیت ایلؔ کا خُدا ہُوں جہاں تُو نے سُتُون پر تیل ڈالا اور میری مَنّت مانی۔ پس اب اُٹھ اور اِس مُلک سے نِکل کر اپنی زادبُوم کو لَوٹ جا۔ تب راخِلؔ اور لیاہؔ نے اُسے جواب دِیا کیا اب بھی ہمارے باپ کے گھر میں کُچھ ہمارا بخرہ یا مِیراث ہے؟ کیا وہ ہم کو اجنبی کے برابر نہیں سمجھتا؟ کیونکہ اُس نے ہم کو بھی بیچ ڈالا اور ہمارے رُوپَے بھی کھا بَیٹھا۔ اِس لِئے اب جو دَولت خُدا نے ہمارے باپ سے لی وہ ہماری اور ہمارے فرزندوں کی ہے۔ پس جو کُچھ خُدا نے تُجھ سے کہا ہے وُہی کر۔ تب یعقُوبؔ نے اُٹھ کر اپنے بال بچّوں اور بِیویوں کو اُونٹوں پر بِٹھایا۔ اور اپنے سب جانوروں اور مال و اسباب کو جو اُس نے اِکٹّھا کِیا تھا یعنی وہ جانور جو اُسے فدّانؔ ارامؔ میں اُجرت میں مِلے تھے لے کر چلا تاکہ مُلکِ کنعانؔ میں اپنے باپ اِضحاقؔ کے پاس جائے۔ اور لابنؔ اپنی بھیڑوں کی پشم کترنے کو گیا ہُؤا تھا۔ سو راخِلؔ اپنے باپ کے بُتوں کو چُرا لے گئی۔ اور یعقُوبؔ لابنؔ ارامی کے پاس سے چوری سے چلا گیا کیونکہ اُسے اُس نے اپنے بھاگنے کی خبر نہ دی۔ سو وہ اپنا سب کُچھ لے کر بھاگا اور دریا پار ہو کر اپنا رُخ کوہِ جِلعادؔ کی طرف کِیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں پَیدایش 31

پَیدایش 2:31-21 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اَور یعقوب نے دیکھا کہ اَب لابنؔ کا رویّہ پہلے جَیسا نہ تھا۔ تَب یَاہوِہ نے یعقوب سے فرمایا، ”تُم اَپنے آباؤاَجداد کے مُلک کو اَور اَپنے رشتہ داروں کے پاس لَوٹ جاؤ اَور مَیں تمہارے ساتھ رہُوں گا۔“ تَب یعقوب نے راخلؔ اَور لِیاہؔ کو خبر بھیجی کہ وہ اُن کھیتوں میں چلی آئیں جہاں اُس کے گلّے تھے۔ اُنہُوں نے اُن سے کہا، ”میں دیکھ رہا ہُوں کہ تمہارے باپ کا رویّہ میرے ساتھ پہلے جَیسا نہیں رہا۔ لیکن میرے باپ کے خُدا نے میرا ساتھ دیا ہے۔ تُم تو جانتی ہو کہ مَیں نے کتنی محنت سے تمہارے باپ کی خدمت کی۔ تو بھی تمہارے باپ نے دس بار میری مزدُوری بدل کر مُجھ سے فریب کیا لیکن خُدا نے اُن سے مُجھے نُقصان نہیں پہُنچنے دیا۔ اگر اُنہُوں نے کہا، ’چتلے بچّے تمہاری اُجرت ہوں گے،‘ تو ساری بھیڑ بکریاں، چتلے بچّے دیتی تھیں؛ اَور اگر وہ کہتے، ’دھاری دار بچّے تمہاری اُجرت ہوں گے،‘ تو سَب بھیڑ بکریاں، دھاری دار بچّے جنتی تھیں۔ چنانچہ خُدا نے تمہارے باپ کی بھیڑ بکریاں، لے کر مُجھے دے دیں۔ ”ایک بار مَیں نے ریوڑ کے نر و مادہ کے مِلاپ کے دِنوں میں ایک خواب دیکھا کہ جو بکرے بکریوں سے مِل رہے ہیں وہ دھاری دار، چتلے یا داغ دار ہیں۔ خُدا کے فرشتہ نے خواب میں مُجھ سے کہا، ’اَے یعقوب،‘ مَیں نے جَواب دیا، ’مَیں حاضِر ہُوں؟‘ اَور فرشتہ نے کہا، ’یعقوب آنکھ اُٹھاکر دیکھو کہ جو بکرے بکریوں سے میل کر رہے ہیں وہ دھاری دار، چتلے اَور داغ دار ہیں کیونکہ لابنؔ نے جو کچھ تمہارے ساتھ کیا اُسے میں دیکھ چُکا ہُوں۔ میں اُسی بیت ایل کا خُدا ہُوں جہاں تُم نے سُتون پر تیل کا مَسح کیا تھا اَور میری مَنّت مانی تھی؛ اَب اِس مُلک کو فوراً چھوڑ دو اَور اَپنے وطن لَوٹ جاؤ۔‘ “ تَب راخلؔ اَور لِیاہؔ نے جَواب دیا، ”کیا اَب بھی ہمارے باپ کی جائداد میں ہمارا کویٔی حِصّہ یا مِیراث باقی ہے؟ کیا ہم اُن کی نظر میں پردیسی تو نہیں؟ اُنہُوں نے ہمیں نہ صِرف بیچ ہی دیا بَلکہ جو کچھ ہمارے عِوض قیمت اَدا کی گئی اُسے بھی اِستعمال کر لیا ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ جو دولت خُدا نے ہمارے باپ سے چھین لی وہ سَب ہماری اَور ہمارے بچّوں کی ہے۔ چنانچہ آپ وُہی کرو جو خُدا نے آپ سے فرمایاہے۔“ تَب یعقوب نے بچّوں اَور اَپنی بیویوں کو اُونٹوں پر سوار کیا، اَور یعقوب نے اَپنے سَب مویشیوں اَور اُس مال و اَسباب سمیت جو یعقوب نے فدّان ارام میں جمع کیا تھا اَپنے آگے آگے روانہ کیا تاکہ مُلکِ کنعانؔ میں اَپنے باپ اِصحاقؔ کے پاس جایٔیں۔ جَب لابنؔ اَپنے بھیڑوں کی پشم کترنے گئے تو راخلؔ نے اَپنے باپ کے خانگی معبُود چُرا لیٔے۔ مزید یہ کہ یعقوب نے بھی لابنؔ ارامی کے ساتھ فریب کیا؛ یعقوب نے لابنؔ کو اَپنے فرار ہونے کی خبر تک نہ دی۔ چنانچہ وہ اَپنا سَب کچھ لے کر فرار ہو گئے اَور دریا فراتؔ کو عبور کرکے گِلعادؔ کے کوہستانی مُلک کی طرف چلےگئے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں پَیدایش 31

پَیدایش 2:31-21 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

یعقوب نے یہ بھی دیکھا کہ لابن کا میرے ساتھ رویہ پہلے کی نسبت بگڑ گیا ہے۔ پھر رب نے اُس سے کہا، ”اپنے باپ کے ملک اور اپنے رشتے داروں کے پاس واپس چلا جا۔ مَیں تیرے ساتھ ہوں گا۔“ اُس وقت یعقوب کھلے میدان میں اپنے ریوڑوں کے پاس تھا۔ اُس نے وہاں سے راخل اور لیاہ کو بُلا کر اُن سے کہا، ”مَیں نے دیکھ لیا ہے کہ آپ کے باپ کا میرے ساتھ رویہ پہلے کی نسبت بگڑ گیا ہے۔ لیکن میرے باپ کا خدا میرے ساتھ رہا ہے۔ آپ دونوں جانتی ہیں کہ مَیں نے آپ کے ابو کے لئے کتنی جاں فشانی سے کام کیا ہے۔ لیکن وہ مجھے فریب دیتا رہا اور میری اُجرت دس بار بدلی۔ تاہم اللہ نے اُسے مجھے نقصان پہنچانے نہ دیا۔ جب ماموں لابن کہتے تھے، ’جن جانوروں کے جسم پر دھبے ہوں وہی آپ کو اُجرت کے طور پر ملیں گے‘ تو تمام بھیڑبکریوں کے ایسے بچے پیدا ہوئے جن کے جسموں پر دھبے ہی تھے۔ جب اُنہوں نے کہا، ’جن جانوروں کے جسم پر دھاریاں ہوں گی وہی آپ کو اُجرت کے طور پر ملیں گے‘ تو تمام بھیڑبکریوں کے ایسے بچے پیدا ہوئے جن کے جسموں پر دھاریاں ہی تھیں۔ یوں اللہ نے آپ کے ابو کے مویشی چھین کر مجھے دے دیئے ہیں۔ اب ایسا ہوا کہ حیوانوں کی مستی کے موسم میں مَیں نے ایک خواب دیکھا۔ اُس میں جو مینڈھے اور بکرے بھیڑبکریوں سے ملاپ کر رہے تھے اُن کے جسم پر بڑے اور چھوٹے دھبے اور دھاریاں تھیں۔ اُس خواب میں اللہ کے فرشتے نے مجھ سے بات کی، ’یعقوب!‘ مَیں نے کہا، ’جی، مَیں حاضر ہوں۔‘ فرشتے نے کہا، ’اپنی نظر اُٹھا کر اُس پر غور کر جو ہو رہا ہے۔ وہ تمام مینڈھے اور بکرے جو بھیڑبکریوں سے ملاپ کر رہے ہیں اُن کے جسم پر بڑے اور چھوٹے دھبے اور دھاریاں ہیں۔ مَیں یہ خود کروا رہا ہوں، کیونکہ مَیں نے وہ سب کچھ دیکھ لیا ہے جو لابن نے تیرے ساتھ کیا ہے۔ مَیں وہ خدا ہوں جو بیت ایل میں تجھ پر ظاہر ہوا تھا، اُس جگہ جہاں تُو نے ستون پر تیل اُنڈیل کر اُسے میرے لئے مخصوص کیا اور میرے حضور قَسم کھائی تھی۔ اب اُٹھ اور روانہ ہو کر اپنے وطن واپس چلا جا‘۔“ راخل اور لیاہ نے جواب میں یعقوب سے کہا، ”اب ہمیں اپنے باپ کی میراث سے کچھ ملنے کی اُمید نہیں رہی۔ اُس کا ہمارے ساتھ اجنبی کا سا سلوک ہے۔ پہلے اُس نے ہمیں بیچ دیا، اور اب اُس نے وہ سارے پیسے کھا بھی لئے ہیں۔ چنانچہ جو بھی دولت اللہ نے ہمارے باپ سے چھین لی ہے وہ ہماری اور ہمارے بچوں کی ہی ہے۔ اب جو کچھ بھی اللہ نے آپ کو بتایا ہے وہ کریں۔“ تب یعقوب نے اُٹھ کر اپنے بال بچوں کو اونٹوں پر بٹھایا اور اپنے تمام مویشی اور مسوپتامیہ سے حاصل کیا ہوا تمام سامان لے کر ملکِ کنعان میں اپنے باپ کے ہاں جانے کے لئے روانہ ہوا۔ اُس وقت لابن اپنی بھیڑبکریوں کی پشم کترنے کو گیا ہوا تھا۔ اُس کی غیرموجودگی میں راخل نے اپنے باپ کے بُت چُرا لئے۔ یعقوب نے لابن کو فریب دے کر اُسے اطلاع نہ دی کہ مَیں جا رہا ہوں بلکہ اپنی ساری ملکیت سمیٹ کر فرار ہوا۔ دریائے فرات کو پار کر کے وہ جِلعاد کے پہاڑی علاقے کی طرف سفر کرنے لگا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں پَیدایش 31