گلتیوں 11:6-18
گلتیوں 11:6-18 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
دیکھو! میں اَپنے ہاتھ سے کیسے بڑے بڑے حُروف میں تُمہیں لِکھ رہا ہُوں۔ جو لوگ جِسمانی نُمود و نمائش کی فکر میں ہیں وہ تُمہیں ختنہ کرانے پر محض اِس لیٔے مجبُور کرتے ہیں، وہ المسیح کی صلیب کے سبب سے خُود ستائے نہ جایٔیں۔ کیونکہ ختنہ کرانے والے خُود بھی شَریعت پر عَمل نہیں کرتے، لیکن تُمہیں ختنہ کرانے پر مجبُور کرتے ہیں تاکہ وہ فخر کر سکیں کہ تُم نے اِس جِسمانی رسم کو قبُول کر لیا ہے۔ خُدا نہ کرے کہ میں کسی چیز پر فخر کروں سِوا اَپنے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کی صلیب کے، جِس کے ذریعہ دُنیا میرے لیٔے مصلُوب ہو گئی ہے اَور مَیں دُنیا کے لیٔے۔ سچ تو یہ ہے کہ ختنہ کرانا یا نہ کرانا اہم نہیں؛ لیکن نئی مخلُوق بَن جانا بڑا اہم ہے۔ اَور جتنے اِس قاعدہ پر چلتے ہیں، اُن سَب کو اَور خُدا کے اِسرائیلؔ کو اِطمینان اَور رحم حاصل ہوتا رہے۔ مُجھے آخِری بات کہنا ہے، کویٔی مُجھے تکلیف نہ دے کیونکہ مَیں اَپنے بَدن پر یِسوعؔ کے داغ لیٔے پھرتا ہُوں۔ اَے میرے بھائیو اَور بہنوں! ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کا فضل، تُم سَب کی رُوح کے ساتھ ہوتا رہے۔ آمین۔
گلتیوں 11:6-18 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
دیکھیں، مَیں بڑے بڑے حروف کے ساتھ اپنے ہاتھ سے آپ کو لکھ رہا ہوں۔ یہ لوگ جو دنیا کے سامنے عزت حاصل کرنا چاہتے ہیں آپ کو ختنہ کروانے پر مجبور کرنا چاہتے ہیں۔ مقصد اُن کا صرف ایک ہی ہے، کہ وہ اُس ایذا رسانی سے بچے رہیں جو تب پیدا ہوتی ہے جب ہم مسیح کی صلیبی موت کی تعلیم دیتے ہیں۔ بات یہ ہے کہ جو اپنا ختنہ کراتے ہیں وہ خود شریعت کی پیروی نہیں کرتے۔ توبھی یہ چاہتے ہیں کہ آپ اپنا ختنہ کروائیں تاکہ آپ کے جسم کی حالت پر وہ فخر کر سکیں۔ لیکن خدا کرے کہ مَیں صرف ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کی صلیب ہی پر فخر کروں۔ کیونکہ اُس کی صلیب سے دنیا میرے لئے مصلوب ہوئی ہے اور مَیں دنیا کے لئے۔ ختنہ کروانے یا نہ کروانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا بلکہ فرق اُس وقت پڑتا ہے جب اللہ کسی کو نئے سرے سے خلق کرتا ہے۔ جو بھی اِس اصول پر عمل کرتے ہیں اُنہیں سلامتی اور رحم حاصل ہوتا رہے، اُنہیں بھی اور اللہ کی قوم اسرائیل کو بھی۔ آئندہ کوئی مجھے تکلیف نہ دے، کیونکہ میرے جسم پر زخموں کے نشان ظاہر کرتے ہیں کہ مَیں عیسیٰ کا غلام ہوں۔ بھائیو، ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کا فضل آپ کی روح کے ساتھ ہوتا رہے۔ آمین۔
گلتیوں 11:6-18 کِتابِ مُقادّس (URD)
دیکھو۔ مَیں نے کَیسے بڑے بڑے حَرفوں میں تُم کو اپنے ہاتھ سے لِکھا ہے۔ جِتنے لوگ جِسمانی نمُود چاہتے ہیں وہ تُمہیں خَتنہ کرانے پر مجبُور کرتے ہیں۔ صِرف اِس لِئے کہ مسِیح کی صلِیب کے سبب سے ستائے نہ جائیں۔ کیونکہ خَتنہ کرانے والے خُود بھی شرِیعت پر عمل نہیں کرتے مگر تُمہارا خَتنہ اِس لِئے کرانا چاہتے ہیں کہ تُمہاری جِسمانی حالت پر فخر کریں۔ لیکن خُدا نہ کرے کہ مَیں کِسی چِیز پر فخر کرُوں سِوا اپنے خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کی صلِیب کے جِس سے دُنیا میرے اِعتبار سے مصلُوب ہُوئی اور مَیں دُنیا کے اِعتبار سے۔ کیونکہ نہ خَتنہ کُچھ چِیز ہے نہ نامختُونی بلکہ نئے سِرے سے مخلُوق ہونا۔ اور جِتنے اِس قاعِدہ پر چلیں اُنہیں اور خُدا کے اِسرائیلؔ کو اِطمِینان اور رَحم حاصِل ہوتا رہے۔ آگے کو کوئی مُجھے تکلِیف نہ دے کیونکہ مَیں اپنے جِسم پر یِسُوعؔ کے داغ لِئے ہُوئے پِھرتا ہُوں۔ اَے بھائِیو! ہمارے خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کا فضل تُمہاری رُوح کے ساتھ رہے۔ آمِین۔