عزرا 7:6-16
عزرا 7:6-16 کِتابِ مُقادّس (URD)
خُدا کے اِس گھر کے کام میں دست اندازی نہ کرو۔ یہُودیوں کا حاکِم اور یہُودیوں کے بزُرگ خُدا کے گھر کو اُس کی جگہ پر تعمِیر کریں۔ عِلاوہ اِس کے خُدا کے اِس گھر کے بنانے میں یہُودیوں کے بزُرگوں کے ساتھ تُم کو کیا کرنا ہے۔ سو اُس کی بابت میرا یہ حُکم ہے کہ شاہی مال میں سے یعنی دریا پار کے خِراج میں سے اُن لوگوں کو بِلاتوقُّف خرچ دِیا جائے تاکہ اُن کو رُکنا نہ پڑے۔ اور آسمان کے خُدا کی سوختنی قُربانیوں کے لِئے جِس جِس چِیز کی اُن کو ضرُورت ہو یعنی بچھڑے اور مینڈھے اور حلوان اور جِتنا گیہُوں اور نمک اور مَے اور تیل وہ کاہِن جو یروشلِیم میں ہیں بتائیں وہ سب بِلاناغہ روز بروز اُن کو دِیا جائے۔ تاکہ وہ آسمان کے خُدا کے حضُور راحت انگیز قُربانِیاں چڑھائیں اور بادشاہ اور شاہزادوں کی عُمر درازی کے لِئے دُعا کریں۔ مَیں نے یہ حُکم بھی دِیا ہے کہ جو شخص اِس فرمان کو بدل دے اُس کے گھر میں سے کڑی نِکالی جائے اور اُسے اُسی پر چڑھا کر سُولی دی جائے اور اِس بات کے سبب سے اُس کا گھر کُوڑا خانہ بنا دِیا جائے۔ اور وہ خُدا جِس نے اپنا نام وہاں رکھّا ہے سب بادشاہوں اور لوگوں کو جو خُدا کے اُس گھر کو جو یروشلیِم میں ہے ڈھانے کی غرض سے اِس حُکم کو بدلنے کے لِئے اپنا ہاتھ بڑھائیں غارت کرے۔ مُجھ دارا نے حُکم دے دِیا۔ اِس پر بڑی کوشِش سے عمل ہو۔ تب دریا پار کے حاکِم تتّنی اور شتربوزؔنَی اور اُن کے رفِیقوں نے دارا بادشاہ کے فرمان بھیجنے کے سبب سے بِلاتوقُّف اُس کے مُطابِق عمل کِیا۔ سو یہُودیوں کے بزُرگ حَجّی نبی اور زکرؔیاہ بِن عِدُّو کی نبُوّت کے سبب سے تعمِیر کرتے اور کامیاب ہوتے رہے اور اُنہوں نے اِسرائیل کے خُدا کے حُکم اور خورس اور دارا اور شاہِ فارِس ارتخششتا کے حُکم کے مُطابِق اُسے بنایا اور تمام کِیا۔ سو یہ مسکن ادار کے مہِینے کی تِیسری تارِیخ میں دارا بادشاہ کی سلطنت کے چھٹے برس تمام ہُؤا۔ اور بنی اِسرائیل اور کاہِنوں اور لاویوں اور اسِیری کے باقی لوگوں نے خُوشی کے ساتھ خُدا کے اِس گھر کی تقدِیس کی۔
عزرا 7:6-16 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
خُدا کے گھر کے کام میں مداخلت مت کرو۔ یہُودیوں کے حاکم کو اَور اُن کے بُزرگوں کو خُدا کے گھر کو اُس کی سابقہ جگہ پر تعمیر کرنے دو۔ علاوہ اَزیں خُدا کا یہ گھر تعمیر کرنے میں تُم نے یہُودیوں کے بُزرگوں کے لیٔے کیا کچھ کرناہے میں اُس کے لیٔے حُکم دیتا ہُوں: اِن آدمیوں کے تمام اخراجات شاہی خزانہ سے یعنی دریائے فراتؔ کے پار کے خراج میں سے اَدا کئے جایٔیں تاکہ کام نہ رُکے۔ اَور آسمان کے خُدا کی سوختنی نذریں چڑھانے کے لئے جو کچھ بھی درکار ہو یعنی بچھڑے، مینڈھے اَور نر برّے اَور گیہُوں، نمک، مَے اَور تیل وغیرہ جِس کی یروشلیمؔ کے کاہِنؔ فرمائش کریں وہ اُنہیں ہر روز بلاناغہ مُہیّا کیا جائے تاکہ وہ آسمان کے خُدا کی رضا جوئی کے لیٔے قُربانیاں چڑھائیں اَور بادشاہ اَور اُس کے بیٹوں کی فلاح و بہبُود کے لیٔے دعا کریں۔ مزید برآں میں حُکم دیتا ہُوں کہ اگر کویٔی اِس فرمان کو بدلے تو اُس کے مکان کا شہتیر نکال لیا جائے اَور اُسے اُسی کے اُوپر میخیں ٹھونک کر لٹکا دیا جائے اَور اُس جُرم کی وجہ سے اُس کا مکان کوڑے کرکٹ کا ڈھیر بنا دیا جائے۔ جو بھی بادشاہ یا لوگ اِس فرمان کو بدلنے یا یروشلیمؔ میں اِس ہیکل کو تباہ کرنے کے لیٔے ہاتھ بڑھائیں تو خُدا جِس نے وہاں اَپنا نام قائِم کیا ہے اُنہیں غارت کرے۔ مَیں نے یعنی داریاویشؔ نے یہ فرمان جاری کیا ہے لہٰذا اِس کی فوراً تعمیل کی جائے۔ تَب اُس فرمان کے باعث جو داریاویشؔ بادشاہ نے بھیجا تھا دریائے فراتؔ کے پار کے حاکم تتّنیؔ اَور شتھر بوزنئی اَور اُن کے مُعاوِنوں نے اُس پر بڑی سرگرمی سے عَمل کیا۔ پس یہُودیوں کے بُزرگوں نے حگّیؔ نبی اَور زکریاؔہ بِن عِدّوؔ کی نبُوّت کے زیرِ اثر تعمیری سرگرمیاں جاری رکھیں۔ اُنہُوں نے اِسرائیل کے خُدا کے حُکم اَور شاہانِ فارسؔ خورشؔ، داریاویشؔ اَور ارتخشستاؔ کے اَحکام کے مُطابق اُس عمارت کو مُکمّل کیا۔ اِس طرح ہیکل آدارؔ مہینے کے تیسرے دِن اَور داریاویشؔ بادشاہ کے دَورِ حُکومت کے چھٹے سال میں پایۂ تکمیل کو پہُنچا۔ تَب بنی اِسرائیل، کاہِنوں، لیویوں اَور دیگر لوگوں نے جو اسیری کے بعد واپس آئےتھے خُوشی سے خُدا کے گھر کی تقدیس کے جشن کو منایا۔
عزرا 7:6-16 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
لوگوں کو کام جاری رکھنے دیں۔ یہودیوں کا گورنر اور اُن کے بزرگ اللہ کا یہ گھر اُس کی پرانی جگہ پر تعمیر کریں۔ نہ صرف یہ بلکہ مَیں حکم دیتا ہوں کہ آپ اِس کام میں بزرگوں کی مدد کریں۔ تعمیر کے تمام اخراجات وقت پر مہیا کریں تاکہ کام نہ رُکے۔ یہ پیسے شاہی خزانے یعنی دریائے فرات کے مغربی علاقے سے جمع کئے گئے ٹیکسوں میں سے ادا کئے جائیں۔ روز بہ روز اماموں کو بھسم ہونے والی قربانیوں کے لئے درکار تمام چیزیں مہیا کرتے رہیں، خواہ وہ جوان بَیل، مینڈھے، بھیڑ کے بچے، گندم، نمک، مَے یا زیتون کا تیل کیوں نہ مانگیں۔ اِس میں سُستی نہ کریں تاکہ وہ آسمان کے خدا کو پسندیدہ قربانیاں پیش کر کے شہنشاہ اور اُس کے بیٹوں کی سلامتی کے لئے دعا کر سکیں۔ اِس کے علاوہ مَیں حکم دیتا ہوں کہ جو بھی اِس فرمان کی خلاف ورزی کرے اُس کے گھر سے شہتیر نکال کر کھڑا کیا جائے اور اُسے اُس پر مصلوب کیا جائے۔ ساتھ ساتھ اُس کے گھر کو ملبے کا ڈھیر بنایا جائے۔ جس خدا نے وہاں اپنا نام بسایا ہے وہ ہر بادشاہ اور قوم کو ہلاک کرے جو میرے اِس حکم کی خلاف ورزی کر کے یروشلم کے گھر کو تباہ کرنے کی جرأت کرے۔ مَیں، دارا نے یہ حکم دیا ہے۔ اِسے ہر طرح سے پورا کیا جائے۔“ دریائے فرات کے مغربی علاقے کے گورنر تتّنی، شتربوزنی اور اُن کے ہم خدمت افسروں نے ہر طرح سے دارا بادشاہ کے حکم کی تعمیل کی۔ چنانچہ یہودی بزرگ رب کے گھر پر کام جاری رکھ سکے۔ دونوں نبی حجی اور زکریاہ بن عِدّو اپنی نبوّتوں سے اُن کی حوصلہ افزائی کرتے رہے، اور یوں سارا کام اسرائیل کے خدا اور فارس کے بادشاہوں خورس، دارا اور ارتخشستا کے حکم کے مطابق ہی مکمل ہوا۔ رب کا گھر دارا بادشاہ کی حکومت کے چھٹے سال میں تکمیل تک پہنچا۔ ادار کے مہینے کا تیسرا دن تھا۔ اسرائیلیوں نے اماموں، لاویوں اور جلاوطنی سے واپس آئے ہوئے اسرائیلیوں سمیت بڑی خوشی سے رب کے گھر کی مخصوصیت کی عید منائی۔