عزرا 1:3-10
عزرا 1:3-10 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
جَب ساتواں مہینے آیا اَور بنی اِسرائیل اَپنے اَپنے شہروں میں آباد ہو گئے تَب لوگ یک تن ہوکر یروشلیمؔ میں جمع ہو گئے۔ تَب یہوشُعؔ بِن یُوصدقؔ اَور اُس کے ساتھی کاہِنؔ اَور زرُبّابِیل بِن شیالتی ایل اَور اُس کے رشتہ داروں نے خُدا کے خادِم مَوشہ کے تمام آئین میں لکھے ہُوئے اَحکام کے مُطابق سوختنی نذریں چڑھانے کے لیٔے اِسرائیل کے خُدا کا مذبح بنانا شروع کیا۔ اِردگرد کی قوموں کے خوف کے باوُجُود اُنہُوں نے مذبح کو اُس کی سابقہ بُنیاد پر تعمیر کیا اَور یَاہوِہ کو سوختنی نذریں چڑھائیں، یعنی صُبح اَور شام دونوں وقت کی قُربانیاں۔ پھر جَیسا لِکھّا ہُواہے اُس کے مُطابق ہر روز کے لیٔے واجِب سوختنی نذروں کی مُقرّرہ تعداد کے ساتھ اُنہُوں نے خیموں کی عید منائی۔ اُس کے بعد اُنہُوں نے سوختنی نذریں، نئے چاند کی قُربانیاں، اَور یَاہوِہ کی تمام مُقرّرہ عیدوں کی قُربانیاں اَور یَاہوِہ کے لیٔے لائی گئی نذریں بھی باقاعدہ پابندی کے ساتھ چڑھانا شروع کر دیں۔ ساتویں مہینے کے پہلے دِن سے وہ یَاہوِہ کے لیٔے سوختنی نذریں چڑھانے لگے۔ اگرچہ یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کی بُنیاد ابھی تک رکھی نہیں گئی تھی۔ پھر اُنہُوں نے مِعماروں اَور بڑھئیوں کو نقدی دی اَور صیدونی اَور صُورؔ کے لوگوں کو کھانے پینے کی اَشیا اَور تیل دیا تاکہ وہ لبانونؔ سے دیودار کے لٹھّے سمُندر کے راستے یافؔا تک لائیں جَیسا کہ خورشؔ شاہِ فارسؔ کی طرف سے اُن کو اِجازت دی گئی تھی۔ پھر یروشلیمؔ میں خُدا کے گھر میں آنے کے بعد دُوسرے سال کے دُوسرے مہینے میں زرُبّابِیل بِن شیالتی ایل، یہوشُعؔ بِن یُوصدقؔ اَور اُن کے دُوسرے بھائیوں (کاہِنوں، لیویوں اَور وہ جو اسیری سے یروشلیمؔ واپس لَوٹے تھے) نے بیس سال اَور اُس سے زِیادہ عمر کے لیویوں کو یَاہوِہ کے گھر کی تعمیر کی نِگرانی کرنے پر مُقرّر کرکے کام شروع کیا۔ یہوشُعؔ اَور اُس کے بیٹے اَور بھایٔی اَور قدمی ایل اَور اُس کے بیٹے (جو یہُوداہؔ کی نَسل سے تھے) اَور بنی حِندادؔ اَور اُن کے بیٹے اَور بھایٔی جو سَب لیوی تھے یَاہوِہ کے گھر کے کام کی نِگرانی کے لیٔے باہم اِکٹھّے ہُوئے۔ جَب مِعماروں نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کی بُنیاد رکھی تو کاہِنؔ اَپنے پیراہن پہنے اَور نرسنگے لیٔے ہُوئے اَور لیوی (بنی آسفؔ) اَپنی جھانجھیں لیٔے ہُوئے اَپنی اَپنی جگہ کھڑے ہُوئے تاکہ شاہِ اِسرائیل داویؔد کے مُقرّر کئے ہُوئے طریقہ کے مُطابق یَاہوِہ کی حَمد و ثنا کریں۔
عزرا 1:3-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
ساتویں مہینے کی ابتدا میں پوری قوم یروشلم میں جمع ہوئی۔ اُس وقت اسرائیلی اپنی آبادیوں میں دوبارہ آباد ہو گئے تھے۔ جمع ہونے کا مقصد اسرائیل کے خدا کی قربان گاہ کو نئے سرے سے تعمیر کرنا تھا تاکہ مردِ خدا موسیٰ کی شریعت کے مطابق اُس پر بھسم ہونے والی قربانیاں پیش کی جا سکیں۔ چنانچہ یشوع بن یو صدق اور زرُبابل بن سیالتی ایل کام میں لگ گئے۔ یشوع کے امام بھائیوں اور زرُبابل کے بھائیوں نے اُن کی مدد کی۔ گو وہ ملک میں رہنے والی دیگر قوموں سے سہمے ہوئے تھے تاہم اُنہوں نے قربان گاہ کو اُس کی پرانی بنیاد پر تعمیر کیا اور صبح شام اُس پر رب کو بھسم ہونے والی قربانیاں پیش کرنے لگے۔ جھونپڑیوں کی عید اُنہوں نے شریعت کی ہدایت کے مطابق منائی۔ اُس ہفتے کے ہر دن اُنہوں نے بھسم ہونے والی اُتنی قربانیاں چڑھائیں جتنی ضروری تھیں۔ اُس وقت سے امام بھسم ہونے والی تمام درکار قربانیاں باقاعدگی سے پیش کرنے لگے، نیز نئے چاند کی عیدوں اور رب کی باقی مخصوص و مُقدّس عیدوں کی قربانیاں۔ قوم اپنی خوشی سے بھی رب کو قربانیاں پیش کرتی تھی۔ گو رب کے گھر کی بنیاد ابھی ڈالی نہیں گئی تھی توبھی اسرائیلی ساتویں مہینے کے پہلے دن سے رب کو بھسم ہونے والی قربانیاں پیش کرنے لگے۔ پھر اُنہوں نے راجوں اور کاری گروں کو پیسے دے کر کام پر لگایا اور صور اور صیدا کے باشندوں سے دیودار کی لکڑی منگوائی۔ یہ لکڑی لبنان کے پہاڑی علاقے سے سمندر تک لائی گئی اور وہاں سے سمندر کے راستے یافا پہنچائی گئی۔ اسرائیلیوں نے معاوضے میں کھانے پینے کی چیزیں اور زیتون کا تیل دے دیا۔ فارس کے بادشاہ خورس نے اُنہیں یہ کروانے کی اجازت دی تھی۔ جلاوطنی سے واپس آنے کے دوسرے سال کے دوسرے مہینے میں رب کے گھر کی نئے سرے سے تعمیر شروع ہوئی۔ اِس کام میں زرُبابل بن سیالتی ایل، یشوع بن یوصدق، دیگر امام اور لاوی اور وطن میں واپس آئے ہوئے باقی تمام اسرائیلی شریک ہوئے۔ تعمیری کام کی نگرانی اُن لاویوں کے ذمے لگا دی گئی جن کی عمر 20 سال یا اِس سے زائد تھی۔ ذیل کے لوگ مل کر رب کا گھر بنانے والوں کی نگرانی کرتے تھے: یشوع اپنے بیٹوں اور بھائیوں سمیت، قدمی ایل اور اُس کے بیٹے جو ہوداویاہ کی اولاد تھے اور حنداد کے خاندان کے لاوی۔ رب کے گھر کی بنیاد رکھتے وقت امام اپنے مُقدّس لباس پہنے ہوئے ساتھ کھڑے ہو گئے اور تُرم بجانے لگے۔ آسف کے خاندان کے لاوی ساتھ ساتھ جھانجھ بجانے اور رب کی ستائش کرنے لگے۔ سب کچھ اسرائیل کے بادشاہ داؤد کی ہدایات کے مطابق ہوا۔
عزرا 1:3-10 کِتابِ مُقادّس (URD)
جب ساتواں مہِینہ آیا اور بنی اِسرائیل اپنے اپنے شہر میں بس گئے تو لوگ یک تن ہو کر یروشلیِم میں اِکٹّھے ہُوئے۔ تب یشُوع بِن یُوصدؔق اور اُس کے بھائی جو کاہِن تھے اور زرُبّابل بِن سِالتی ایل اور اُس کے بھائی اُٹھ کھڑے ہُوئے اور اُنہوں نے اِسرائیل کے خُدا کا مذبح بنایا تاکہ اُس پر سوختنی قُربانِیاں چڑھائیں جَیسا مَردِ خُدا مُوسیٰ کی شرِیعت میں لِکھا ہے۔ اور اُنہوں نے مذبح کو اُس کی جگہ پر رکھّا کیونکہ اُن اطراف کی قَوموں کے سبب سے اُن کو خَوف رہا اور وہ اُس پر خُداوند کے لِئے سوختنی قُربانِیاں یعنی صُبح و شام کی سوختنی قُربانِیاں چڑھانے لگے۔ اور اُنہوں نے نوِشتہ کے مُطابِق خَیموں کی عِید منائی اور روز کی سوختنی قُربانِیاں گِن گِن کر جَیسا جِس دِن کا فرض تھا دستُور کے مُوافِق چڑھائِیں۔ اُس کے بعد دائِمی سوختنی قُربانی اور نئے چاند کی اور خُداوند کی اُن سب مُقرّرہ عِیدوں کی جو مُقدّس ٹھہرائی گئی تِھیں اور ہر شخص کی طرف سے اَیسی قُربانِیاں چڑھائِیں جو رضا کی قُربانی خُوشی سے خُداوند کے لِئے گُذرانتا تھا۔ ساتویں مہِینے کی پہلی تارِیخ سے وہ خُداوند کے لِئے سوختنی قُربانِیاں چڑھانے لگے پر خُداوند کی ہَیکل کی بُنیاد ہنُوز ڈالی نہ گئی تھی۔ اور اُنہوں نے مِعماروں اور بڑھیوں کی نقدی دی اور صَیدانیوں اور صُوریوں کو کھانا پِینا اور تیل دِیا تاکہ وہ دیودار کے لٹّھے لُبناؔن سے یافا کو سمُندر کی راہ سے لائیں جَیسا اُن کو شاہِ فارِس خورس سے پروانہ مِلا تھا۔ پِھر اُن کے خُدا کے گھر میں جو یروشلیِم میں ہے آ پُہنچنے کے بعد دُوسرے برس کے دُوسرے مہِینے میں زرُبّابل بن سِالتی ایل اور یشُوع بِن یُوصدؔق نے اور اُن کے باقی بھائی کاہِنوں اور لاویوں اور سبھوں نے جو اسِیری سے لَوٹ کر یروشلیِم کو آئے تھے کام شرُوع کِیا اور لاویوں کو جو بِیس برس کے اور اُس سے اُوپر تھے مُقرّر کِیا کہ خُداوند کے گھر کے کام کی نِگرانی کریں۔ تب یشُوع اور اُس کے بیٹے اور بھائی اور قدمی ایل اور اُس کے بیٹے جو یہُوداؔہ کی نسل سے تھے مِل کر اُٹھے کہ خُدا کے گھر میں کارِیگروں کی نِگرانی کریں اور بنی حنداد بھی اور اُن کے بیٹے اور بھائی جو لاوی تھے اُن کے ساتھ تھے۔ سو جب مِعمار خُداوند کی ہَیکل کی بُنیاد ڈالنے لگے تو اُنہوں نے کاہِنوں کو اپنے اپنے پَیراہن پہنے اور نرسِنگے لِئے ہُوئے اور آسف کی نسل کے لاویوں کو جھانجھ لِئے ہُوئے کھڑا کِیا کہ شاہِ اِسرائیل داؤُد کی ترتِیب کے مُطابِق خُداوند کی حمد کریں۔