YouVersion Logo
تلاش

عزرا 3

3
مذبح کی تعمیر نَو
1جَب ساتواں مہینے آیا اَور بنی اِسرائیل اَپنے اَپنے شہروں میں آباد ہو گئے تَب لوگ یک تن ہوکر یروشلیمؔ میں جمع ہو گئے۔ 2تَب یہوشُعؔ بِن یُوصدقؔ اَور اُس کے ساتھی کاہِنؔ اَور زرُبّابِیل بِن شیالتی ایل اَور اُس کے رشتہ داروں نے خُدا کے خادِم مَوشہ کے تمام آئین میں لکھے ہُوئے اَحکام کے مُطابق سوختنی نذریں چڑھانے کے لیٔے اِسرائیل کے خُدا کا مذبح بنانا شروع کیا۔ 3اِردگرد کی قوموں کے خوف کے باوُجُود اُنہُوں نے مذبح کو اُس کی سابقہ بُنیاد پر تعمیر کیا اَور یَاہوِہ کو سوختنی نذریں چڑھائیں، یعنی صُبح اَور شام دونوں وقت کی قُربانیاں۔ 4پھر جَیسا لِکھّا ہُواہے اُس کے مُطابق ہر روز کے لیٔے واجِب سوختنی نذروں کی مُقرّرہ تعداد کے ساتھ اُنہُوں نے خیموں کی عید منائی۔ 5اُس کے بعد اُنہُوں نے سوختنی نذریں، نئے چاند کی قُربانیاں، اَور یَاہوِہ کی تمام مُقرّرہ عیدوں کی قُربانیاں اَور یَاہوِہ کے لیٔے لائی گئی نذریں بھی باقاعدہ پابندی کے ساتھ چڑھانا شروع کر دیں۔ 6ساتویں مہینے کے پہلے دِن سے وہ یَاہوِہ کے لیٔے سوختنی نذریں چڑھانے لگے۔ اگرچہ یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کی بُنیاد ابھی تک رکھی نہیں گئی تھی۔
بیت المُقدّس کی تعمیر نَو
7پھر اُنہُوں نے مِعماروں اَور بڑھئیوں کو نقدی دی اَور صیدونی اَور صُورؔ کے لوگوں کو کھانے پینے کی اَشیا اَور تیل دیا تاکہ وہ لبانونؔ سے دیودار کے لٹھّے سمُندر کے راستے یافؔا تک لائیں جَیسا کہ خورشؔ شاہِ فارسؔ کی طرف سے اُن کو اِجازت دی گئی تھی۔
8پھر یروشلیمؔ میں خُدا کے گھر میں آنے کے بعد دُوسرے سال کے دُوسرے مہینے میں زرُبّابِیل بِن شیالتی ایل، یہوشُعؔ بِن یُوصدقؔ اَور اُن کے دُوسرے بھائیوں (کاہِنوں، لیویوں اَور وہ جو اسیری سے یروشلیمؔ واپس لَوٹے تھے) نے بیس سال اَور اُس سے زِیادہ عمر کے لیویوں کو یَاہوِہ کے گھر کی تعمیر کی نِگرانی کرنے پر مُقرّر کرکے کام شروع کیا۔ 9یہوشُعؔ اَور اُس کے بیٹے اَور بھایٔی اَور قدمی ایل اَور اُس کے بیٹے (جو یہُوداہؔ کی نَسل سے تھے) اَور بنی حِندادؔ اَور اُن کے بیٹے اَور بھایٔی جو سَب لیوی تھے یَاہوِہ کے گھر کے کام کی نِگرانی کے لیٔے باہم اِکٹھّے ہُوئے۔
10جَب مِعماروں نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کی بُنیاد رکھی تو کاہِنؔ اَپنے پیراہن پہنے اَور نرسنگے لیٔے ہُوئے اَور لیوی (بنی آسفؔ) اَپنی جھانجھیں لیٔے ہُوئے اَپنی اَپنی جگہ کھڑے ہُوئے تاکہ شاہِ اِسرائیل داویؔد کے مُقرّر کئے ہُوئے طریقہ کے مُطابق یَاہوِہ کی حَمد و ثنا کریں۔ 11اُنہُوں نے یَاہوِہ کی تعریف میں سِتائش اَور شُکر گزاری کا یہ نغمہ گایا:
”وہ بھلےہیں؛
کیونکہ بنی اِسرائیل سے اُن کی مَحَبّت ہمیشہ تک قائِم ہے۔“
اَور تمام لوگوں نے بُلند آواز سے یَاہوِہ کی تمجید کا نعرہ مارا کیونکہ یَاہوِہ کے گھر کی بُنیاد رکھی گئی تھی۔ 12مگر بہت سے عمر رسیدہ کاہِنؔ، لیوی اَور آبائی خاندانوں کے سرداروں جنہوں نے پہلی بیت المُقدّس دیکھی تھی جَب اُن کی آنکھوں کے سامنے اِس بیت المُقدّس کی بُنیاد رکھی گئی تو وہ زور زور سے چِلّاکر رونے لگے جَب کہ بعض دُوسرے لوگ خُوشی کے نعرے مار رہے تھے۔ 13خُوشی کے نعروں اَور رونے کی آواز میں اِمتیاز کرنا مُشکل تھا کیونکہ لوگ بڑے زور و شور سے نعرے مار رہے تھے اَور اُن کی آواز دُور تک سُنایٔی دے رہی تھی۔

موجودہ انتخاب:

عزرا 3: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in