خروج 34:40-38
خروج 34:40-38 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
تَب خیمہ اِجتماع پر بادل چھا گیا اَور پاک مَسکن یَاہوِہ کے جلال سے معموُر ہو گیا۔ اَور مَوشہ خیمہ اِجتماع میں داخل نہ ہو سکے کیونکہ وہ بادل اُن پر ٹھہرا ہُوا تھا اَور مَسکن یَاہوِہ کے جلال سے معموُر تھا۔ اَور بنی اِسرائیل کے سارے سفر میں جَب کبھی وہ بادل اُس مَسکن کے اُوپر سے چھٹ جاتا تو وہ آگے بڑھتے۔ لیکن اگر وہ بادل سایہ ڈالے رہتا تو وہ اُس کے چھٹ جانے کے دِن تک سفر نہ کرتے تھے۔ یَاہوِہ کا بادل تمام بنی اِسرائیل کے گھرانے کے سارے سفر کے دَوران اُن کی نظروں کے سامنے دِن کو مَسکن کے اُوپر چھایا رہتا تھا، اَور رات کو بادل میں آگ ہوتی تھی۔
خروج 34:40-38 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
پھر ملاقات کے خیمے پر بادل چھا گیا اور مقدِس رب کے جلال سے بھر گیا۔ موسیٰ خیمے میں داخل نہ ہو سکا، کیونکہ بادل اُس پر ٹھہرا ہوا تھا اور مقدِس رب کے جلال سے بھر گیا تھا۔ تمام سفر کے دوران جب بھی مقدِس کے اوپر سے بادل اُٹھتا تو اسرائیلی سفر کے لئے تیار ہو جاتے۔ اگر وہ نہ اُٹھتا تو وہ اُس وقت تک ٹھہرے رہتے جب تک بادل اُٹھ نہ جاتا۔ دن کے وقت بادل مقدِس کے اوپر ٹھہرا رہتا اور رات کے وقت وہ تمام اسرائیلیوں کو آگ کی صورت میں نظر آتا تھا۔ یہ سلسلہ پورے سفر کے دوران جاری رہا۔
خروج 34:40-38 کِتابِ مُقادّس (URD)
تب خَیمۂِ اِجتماع پر ابر چھا گیا اور مسکن خُداوند کے جلال سے معمُور ہو گیا۔ اور مُوسیٰؔ خَیمۂِ اِجتماع میں داخِل نہ ہو سکا کیونکہ وہ ابر اُس پر ٹھہرا ہُؤا تھا اور مسکن خُداوند کے جلال سے معمُور تھا۔ اور بنی اِسرائیل کے سارے سفر میں یہ ہوتا رہا کہ جب وہ ابر مسکن کے اُوپر سے اُٹھ جاتا تو وہ آگے بڑھتے۔ پر اگر وہ ابر نہ اُٹھتا تو وہ اُس دِن تک سفر نہیں کرتے تھے جب تک وہ اُٹھ نہ جاتا۔ کیونکہ خُداوند کا ابر اِسرائیلؔ کے سارے گھرانے کے سامنے اور اُن کے سارے سفر میں دِن کے وقت تو مسکن کے اُوپر ٹھہرا رہتا اور رات کو اُس میں آگ رہتی تھی۔