YouVersion Logo
تلاش

خروج 1:12-28

خروج 1:12-28 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

پھر یَاہوِہ نے مِصر میں مَوشہ اَور اَہرونؔ سے فرمایا کہ، ”یہ مہینہ تمہارے لیٔے مہینوں کا شروع اَور سال کا پہلا مہینہ ہو۔ لہٰذا سارے بنی اِسرائیل کی جماعت سے کہہ کہ اِس مہینے کے دسویں دِن ہر اِنسان اَپنے آبائی خاندان کے مُطابق ہر گھرانے کے لیٔے ایک برّہ لے۔ اَور اگر کسی گھرانے میں لوگ اِتنے کم ہُوں کہ وہ سالِم برّہ نہ کھا سکتے ہُوں تو وہ اَپنے قریب ترین ہمسایہ کے ساتھ مِل کر دونوں گھرانوں کے لوگوں کی تعداد کے مُوافق ایک برّہ لیں اَور ہر اِنسان کے کھانے کی مقدار کے مُطابق برّہ کا حِساب لگانا۔ اَور بھیڑ یا بکری کا جو بچّہ تُم چُنو لازِم ہے کہ وہ نر ہو ایک سال کا ہو اَور بے عیب ہو۔ اَور اِس مہینے کی چودھویں تاریخ تک اُس کی نِگرانی رکھنا پھر اِسرائیلی جماعت کے سَب لوگ اُسے شام کے وقت میں ذبح کریں۔ اَور پھر اُس کا تھوڑا سا خُون لے کر اُن گھروں کے دروازوں کے دونوں بازوؤں پر اَور اُوپر کی چوکھٹ پر لگا دیں جِن میں وہ اُس برّہ کو کھایٔیں گے۔ اَور وہ اُسی رات اُسے آگ پر بھونیں اَور اُس کے گوشت کو کڑوے ساگ پات اَور بے خمیری روٹی کے ساتھ کھا لیں۔ اُسے کچّا یا پانی میں اُبال کر ہرگز نہ کھانا بَلکہ برّہ کو سَر، پایٔے اَور اَندرونی اَعضا سمیت آگ پر بھُون کر کھانا۔ اَور اُس میں سے کُچھ بھی صُبح تک باقی نہ چھوڑنا۔ اَور اگر کچھ صُبح تک باقی رہ جائے تو اُسے آگ میں جَلا دینا۔ اَور تُم اُسے اِس طرح کھانا کہ تُم اَپنی کمر باندھے ہویٔے ہو اَور اَپنی جُوتیاں پاؤں میں پہنے ہویٔے اَور اَپنا عصا ہاتھ میں لیٔے ہویٔے ہو۔ تُم اُسے جلدی جلدی کھانا کیونکہ یہ فسح یَاہوِہ کی ہے۔ ”اَور اُسی رات کو میں مِصر میں سے ہوکر گزروں گا اَور اِنسان اَور حَیوان دونوں کے سَب پہلوٹھوں کو مار گراؤں گا اَور مَیں مِصر کے سَب معبُودوں کو بھی سزا دُوں گا۔ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔ اَور جِن گھروں میں تُم ہوگے اُن پر وہ خُون تمہاری طرف سے نِشان ہوگا اَور مَیں اُس خُون کو دیکھ کر تُمہیں چھوڑتا جاؤں گا۔ اَور جَب مَیں مِصریوں کو ماروں گا تو اُس وقت کویٔی بھی مہلِک وَبا تمہارے قریب نہیں آئے گی۔ ”وہ دِن تمہارے لیٔے یادگار ہوگا اَور تُم اَور تمہاری آنے والی پُشت در پُشت اُسے ایک دائمی فرمان سمجھ کر یَاہوِہ کی عید کے طور پر منائیں۔ سات دِن تک تُم بے خمیری روٹی کھانا اَور پہلے ہی دِن سے خمیر اَپنے اَپنے گھر سے باہر کردینا۔ اَورجو کویٔی پہلے دِن سے ساتویں دِن تک دَوران کویٔی بھی خمیری چیز کھائے وہ اِسرائیل میں سے ایمان سے خارج کر دیا جائے۔ اَور تُم اَپنا مُقدّس اِجتماع ایک تو پہلے دِن کرنا اَور دُوسرا ساتویں دِن اَور ہر ایک کے کھانے کے لیٔے کھانا بنانے کے سِوا اِن دِنوں میں اَور کویٔی کام بالکُل نہ کرنا۔ تُم صِرف کھانا بنانے کا ہی کام کر سکتے ہو۔ ”اَور تُم بے خمیری روٹی کی عید منایا کرنا کیونکہ یہی وہ دِن ہوگا جَب مَیں تُمہیں تمہارے لشکروں کے مُطابق مِصر سے نکال لاؤں گا اِس لیٔے تُم پُشت در پُشت اِس دِن کو ایک دائمی فرمان سمجھ کر مانتے رہنا۔ اَور پہلے مہینے کے چودھویں دِن کی شام سے لے کر اِکیّسویں دِن کی شام تک تُم بے خمیری روٹی کھانا۔ اَور سات دِنوں تک کچھ بھی خمیر تمہارے گھروں میں نہ رہے اَور اِن سات دِنوں کے دَوران جو کویٔی کسی خمیری چیز کو کھائے خواہ وہ پردیسی ہو یا اُسی مُلک میں ہی پیدا ہُوا ہو اِسرائیل کی جماعت سے خارج کر دیا جائے۔ کویٔی بھی خمیری چیز نہ کھانا خواہ تمہارا مقام کہیں بھی ہو تُم بے خمیری روٹی ہی کھانا۔“ تَب مَوشہ نے اِسرائیل کے سَب بُزرگوں کو بُلوایا اَور اُن سے کہا، ”فوراً جا کر اَپنے اَپنے آبائی خاندانوں کے واسطے برّے چُنو اَور فسح کا برّہ ذبح کرو۔ اَور زُوفے کا ایک گُچّھا لے کر اُس خُون میں جو لگن میں ہوگا ڈُبو کر اُس خُون میں سے کچھ دروازہ کی چوکھٹ کے اُوپر کے حِصّہ میں اَور کچھ اُس چوکھٹ کے دونوں بازوؤں پر لگادینا۔ اَور تُم میں سے کویٔی بھی صُبح تک اَپنے گھر کے دروازہ سے باہر نہ جائے۔ اَور جَب یَاہوِہ اِس مُلک میں مِصریوں کو مارتے ہُوئے گزریں گے اَور وہ دروازہ کے چوکھٹ کے اُوپر اَور بازوؤں پر اُس خُون کو دیکھیں گے تو وہ اُس دروازہ کو چھوڑ جائیں گے اَور ہلاک کرنے والے کو گھر کے اَندر آنے اَور تُمہیں مارنے کی اِجازت نہ دیں گے۔ ”اَور تُم اَور تمہاری نَسل اِن ہدایات کو ایک دائمی فرمان سمجھ کر ماَننا۔ اَور جَب تُم اُس مُلک میں داخل ہو جو یَاہوِہ تُمہیں دیں گے جَیسا کہ اُنہُوں نے وعدہ کیا تُم اِس رسم کو جاری رکھنا۔ اَور جَب تمہارے بچّے تُم سے پُوچھیں، ’اِس رسم سے تمہارا کیا مطلب ہے؟‘ تَب تُم اُنہیں بتانا، ’یہ یَاہوِہ کے لیٔے فسح کی قُربانی ہے جِس نے مِصریوں کو مارتے وقت بنی اِسرائیل کے گھروں کو چھوڑ دیا تھا اَور ہمارے گھروں کو بچا لیا تھا۔‘ “ تَب لوگوں نے سَر جھُکا کر سَجدہ کیا۔ اَور بنی اِسرائیل نے بالکُل وَیسا ہی کیا جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ کو حُکم دیا تھا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں خروج 12

خروج 1:12-28 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

پھر رب نے مصر میں موسیٰ اور ہارون سے کہا، ”اب سے یہ مہینہ تمہارے لئے سال کا پہلا مہینہ ہو۔“ اسرائیل کی پوری جماعت کو بتانا کہ اِس مہینے کے دسویں دن ہر خاندان کا سرپرست اپنے گھرانے کے لئے لیلا یعنی بھیڑ یا بکری کا بچہ حاصل کرے۔ اگر گھرانے کے افراد پورا جانور کھانے کے لئے کم ہوں تو وہ اپنے سب سے قریبی پڑوسی کے ساتھ مل کر لیلا حاصل کریں۔ اِتنے لوگ اُس میں سے کھائیں کہ سب کے لئے کافی ہو اور پورا جانور کھایا جائے۔ اِس کے لئے ایک سال کا نر بچہ چن لینا جس میں نقص نہ ہو۔ وہ بھیڑ یا بکری کا بچہ ہو سکتا ہے۔ مہینے کے 14ویں دن تک اُس کی دیکھ بھال کرو۔ اُس دن تمام اسرائیلی سورج کے غروب ہوتے وقت اپنے لیلے ذبح کریں۔ ہر خاندان اپنے جانور کا کچھ خون جمع کر کے اُسے اُس گھر کے دروازے کی چوکھٹ پر لگائے جہاں لیلا کھایا جائے گا۔ یہ خون چوکھٹ کے اوپر والے حصے اور دائیں بائیں کے بازوؤں پر لگایا جائے۔ لازم ہے کہ لوگ جانور کو بھون کر اُسی رات کھائیں۔ ساتھ ہی وہ کڑوا ساگ پات اور بےخمیری روٹیاں بھی کھائیں۔ لیلے کا گوشت کچا نہ کھانا، نہ اُسے پانی میں اُبالنا بلکہ پورے جانور کو سر، پیروں اور اندرونی حصوں سمیت آگ پر بھوننا۔ لازم ہے کہ پورا گوشت اُسی رات کھایا جائے۔ اگر کچھ صبح تک بچ جائے تو اُسے جلانا ہے۔ کھانا کھاتے وقت ایسا لباس پہننا جیسے تم سفر پر جا رہے ہو۔ اپنے جوتے پہنے رکھنا اور ہاتھ میں سفر کے لئے لاٹھی لئے ہوئے تم اُسے جلدی جلدی کھانا۔ رب کے فسح کی عید یوں منانا۔ مَیں آج رات مصر میں سے گزروں گا اور ہر پہلوٹھے کو جان سے مار دوں گا، خواہ انسان کا ہو یا حیوان کا۔ یوں مَیں جو رب ہوں مصر کے تمام دیوتاؤں کی عدالت کروں گا۔ لیکن تمہارے گھروں پر لگا ہوا خون تمہارا خاص نشان ہو گا۔ جس جس گھر کے دروازے پر مَیں وہ خون دیکھوں گا اُسے چھوڑتا جاؤں گا۔ جب مَیں مصر پر حملہ کروں گا تو مہلک وبا تم تک نہیں پہنچے گی۔ آج کی رات کو ہمیشہ یاد رکھنا۔ اِسے نسل در نسل اور ہر سال رب کی خاص عید کے طور پر منانا۔ سات دن تک بےخمیری روٹی کھانا ہے۔ پہلے دن اپنے گھروں سے تمام خمیر نکال دینا۔ اگر کوئی اِن سات دنوں کے دوران خمیر کھائے تو اُسے قوم میں سے مٹایا جائے۔ اِس عید کے پہلے اور آخری دن مُقدّس اجتماع منعقد کرنا۔ اِن تمام دنوں کے دوران کام نہ کرنا۔ صرف ایک کام کی اجازت ہے اور وہ ہے اپنا کھانا تیار کرنا۔ بےخمیری روٹی کی عید منانا لازم ہے، کیونکہ اُس دن مَیں تمہارے متعدد خاندانوں کو مصر سے نکال لایا۔ اِس لئے یہ دن نسل درنسل ہر سال یاد رکھنا۔ پہلے مہینے کے 14ویں دن کی شام سے لے کر 21ویں دن کی شام تک صرف بےخمیری روٹی کھانا۔ سات دن تک تمہارے گھروں میں خمیر نہ پایا جائے۔ جو بھی اِس دوران خمیر کھائے اُسے اسرائیل کی جماعت میں سے مٹایا جائے، خواہ وہ اسرائیلی شہری ہو یا اجنبی۔ غرض، اِس عید کے دوران خمیر نہ کھانا۔ جہاں بھی تم رہتے ہو وہاں بےخمیری روٹی ہی کھانا ہے۔ پھر موسیٰ نے تمام اسرائیلی بزرگوں کو بُلا کر اُن سے کہا، ”جاؤ، اپنے خاندانوں کے لئے بھیڑ یا بکری کے بچے چن کر اُنہیں فسح کی عید کے لئے ذبح کرو۔ زوفے کا گُچھا لے کر اُسے خون سے بھرے ہوئے باسن میں ڈبو دینا۔ پھر اُسے لے کر خون کو چوکھٹ کے اوپر والے حصے اور دائیں بائیں کے بازوؤں پر لگا دینا۔ صبح تک کوئی اپنے گھر سے نہ نکلے۔ جب رب مصریوں کو مار ڈالنے کے لئے ملک میں سے گزرے گا تو وہ چوکھٹ کے اوپر والے حصے اور دائیں بائیں کے بازوؤں پر لگا ہوا خون دیکھ کر اُن گھروں کو چھوڑ دے گا۔ وہ ہلاک کرنے والے فرشتے کو اجازت نہیں دے گا کہ وہ تمہارے گھروں میں جا کر تمہیں ہلاک کرے۔ تم اپنی اولاد سمیت ہمیشہ اِن ہدایات پر عمل کرنا۔ یہ رسم اُس وقت بھی ادا کرنا جب تم اُس ملک میں پہنچو گے جو رب تمہیں دے گا۔ اور جب تمہارے بچے تم سے پوچھیں کہ ہم یہ عید کیوں مناتے ہیں تو اُن سے کہو، ’یہ فسح کی قربانی ہے جو ہم رب کو پیش کرتے ہیں۔ کیونکہ جب رب مصریوں کو ہلاک کر رہا تھا تو اُس نے ہمارے گھروں کو چھوڑ دیا تھا‘۔“ یہ سن کر اسرائیلیوں نے اللہ کو سجدہ کیا۔ پھر اُنہوں نے سب کچھ ویسا ہی کیا جیسا رب نے موسیٰ اور ہارون کو بتایا تھا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں خروج 12

خروج 1:12-28 کِتابِ مُقادّس (URD)

پِھر خُداوند نے مُلکِ مِصرؔ میں مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ سے کہا کہ یہ مہِینہ تُمہارے لِئے مہِینوں کا شرُوع اور سال کا پہلا مہِینہ ہو۔ پس اِسرائیلیوں کی ساری جماعت سے یہ کہہ دو کہ اِسی مہینے کے دسویں دِن ہر شخص اپنے آبائی خاندان کے مُطابِق گھر پِیچھے ایک برّہ لے۔ اور اگر کِسی کے گھرانے میں برّہ کو کھانے کے لِئے آدمی کم ہوں تو وہ اور اُس کا ہمسایہ جو اُس کے گھر کے برابر رہتا ہو دونوں مِل کر نفری کے شُمار کے مُوافِق ایک برّہ لے رکھیّں۔ تُم ہر ایک آدمی کے کھانے کی مقدار کے مُطابِق برّہ کا حساب لگانا۔ تُمہارا برّہ بے عَیب اور یکسالہ نر ہو اور اَیسا بچّہ یا تو بھیڑوں میں سے چُن کر لینا یا بکرِیوں میں سے۔ اور تُم اُسے اِس مہِینے کی چودھوِیں تک رکھ چھوڑنا اور اِسرائیلیوں کے قبِیلوں کی ساری جماعت شام کو اُسے ذبح کرے۔ اور تھوڑا سا خُون لے کر جِن گھروں میں وہ اُسے کھائیں اُن کے دروازوں کے دونوں بازُوؤُں اور اُوپر کی چَوکھٹ پر لگا دیں۔ اور وہ اُس کے گوشت کو اُسی رات آگ پر بُھون کر بے خمِیری روٹی اور کڑوے ساگ پات کے ساتھ کھا لیں۔ اُسے کچّا یا پانی میں اُبال کر ہرگِز نہ کھانا بلکہ اُس کو سر اور پائے اور اندرُونی اعضا سمیت آگ پر بھُون کر کھانا۔ اور اُس میں سے کُچھ بھی صُبح تک باقی نہ چھوڑنا اور اگر کُچھ اُس میں سے صُبح تک باقی رہ جائے تو اُسے آگ میں جلا دینا۔ اور تُم اُسے اِس طرح کھانا اپنی کمر باندھے اور اپنی جُوتیاں پاؤں میں پہنے اور اپنی لاٹھی ہاتھ میں لِئے ہُوئے۔ تُم اُسے جلدی جلدی کھانا کیونکہ یہ فَسح خُداوند کی ہے۔ اِس لِئے کہ مَیں اُس رات مُلکِ مِصرؔ میں سے ہو کر گُذروں گا اور اِنسان اور حَیوان کے سب پہلَوٹھوں کو جو مُلکِ مِصرؔ میں ہیں مارُوں گا اور مِصرؔ کے سب دیوتاؤں کو بھی سزا دُوں گا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ اور جِن گھروں میں تُم ہو اُن پر وہ خُون تُمہاری طرف سے نِشان ٹھہرے گا اور مَیں اُس خُون کو دیکھ کر تُم کو چھوڑتا جاؤُں گا اور جب مَیں مِصریوں کو مارُوں گا تو وبا تُمہارے پاس پھٹکنے کی بھی نہیں کہ تُم کو ہلاک کرے۔ اور وہ دِن تُمہارے لِئے ایک یادگار ہو گا اور تُم اُس کو خُداوند کی عِید کا دِن سمجھ کر ماننا۔ تُم اُسے ہمیشہ کی رسم کر کے اُس دِن کو نسل در نسل عِید کا دِن ماننا۔ سات دِن تک تُم بے خمِیری روٹی کھانا اور پہلے ہی دِن سے خمِیر اپنے اپنے گھر سے باہر کر دینا۔ اِس لِئے کہ جو کوئی پہلے دِن سے ساتویں دِن تک خمِیری روٹی کھائے وہ شخص اِسرائیلؔ میں سے کاٹ ڈالا جائے گا۔ اور پہلے دِن تُمہارا مُقدّس مجمع ہو اور ساتویں دِن بھی مُقدّس مجمع ہو۔ اُن دونوں دِنوں میں کوئی کام نہ کِیا جائے۔ سِوا اُس کھانے کے جِسے ہر ایک آدمی کھائے۔ فقط یہی کِیا جائے۔ اور تُم بے خمِیری روٹی کی یہ عِید منانا کیونکہ مَیں اُسی دِن تُمہارے جَتھّوں کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکالُوں گا۔ اِس لِئے تُم اُس دِن کو ہمیشہ کی رسم کر کے نسل در نسل ماننا۔ پہلے مہِینے کی چَودھویں تارِیخ کی شام سے اِکیسویں تارِیخ کی شام تک تُم بے خمِیری روٹی کھانا۔ سات دِن تک تُمہارے گھروں میں کُچھ بھی خمِیر نہ ہو کیونکہ جو کوئی کِسی خمِیری چِیز کو کھائے وہ خواہ مسافر ہو خواہ اُس کی پَیدایش اُسی مُلک کی ہو اِسرائیلؔ کی جماعت سے کاٹ ڈالا جائے گا۔ تُم کوئی خمِیری چِیز نہ کھانا بلکہ اپنی سب بستیوں میں بے خمِیری روٹی کھانا۔ تب مُوسیٰؔ نے اِسرائیلؔ کے سب بزُرگوں کو بُلوا کر اُن کو کہا کہ اپنے اپنے خاندان کے مُطابِق ایک ایک برّہ نِکال رکھّو اور یہ فَسح کا برّہ ذبح کرنا۔ اور تُم زُوفے کا ایک گُچھّا لے کر اُس خُون میں جو باسن میں ہو گا ڈبونا اور اُسی باسن کے خُون میں سے کُچھ اُوپر کی چَوکھٹ اور دروازہ کے دونوں بازُوؤں پر لگا دینا اور تُم میں سے کوئی صُبح تک اپنے گھر کے دروازہ سے باہر نہ جائے۔ کیونکہ خُداوند مِصریوں کو مارتا ہُؤا گُذرے گا اور جب خُداوند اُوپر کی چَوکھٹ اور دروازہ کے دونوں بازُوؤں پر خُون دیکھے گا تو وہ اُس دروازہ کو چھوڑ جائے گا اور ہلاک کرنے والے کو تُم کو مارنے کے لِئے گھر کے اندر آنے نہ دے گا۔ اور تُم اِس بات کو اپنے اور اپنی اَولاد کے لِئے ہمیشہ کی رسم کر کے ماننا۔ اور جب تُم اُس مُلک میں جو خُداوند تُم کو اپنے وعدہ کے مُوافِق دے گا داخِل ہو جاؤ تو اِس عِبادت کو برابر جاری رکھنا۔ اور جب تُمہاری اَولاد تُم سے پُوچھے کہ اِس عِبادت سے تُمہارا مقصد کیا ہے؟ تو تُم یہ کہنا کہ یہ خُداوند کی فَسح کی قُربانی ہے جو مِصرؔ میں مِصریوں کو مارتے وقت بنی اِسرائیل کے گھروں کو چھوڑ گیا اور یُوں ہمارے گھروں کو بچا لِیا۔ تب لوگوں نے سر جُھکا کر سِجدہ کِیا۔ اور بنی اِسرائیل نے جا کر جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ کو فرمایا تھا ویسا ہی کِیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں خروج 12