YouVersion Logo
تلاش

خُروج 1:12-28

خُروج 1:12-28 UCV

پھر یَاہوِہ نے مِصر میں مَوشہ اَور اَہرونؔ سے فرمایا کہ، ”یہ مہینہ تمہارے لیٔے مہینوں کا شروع اَور سال کا پہلا مہینہ ہو۔ لہٰذا سارے بنی اِسرائیل کی جماعت سے کہہ کہ اِس مہینے کے دسویں دِن ہر اِنسان اَپنے آبائی خاندان کے مُطابق ہر گھرانے کے لیٔے ایک برّہ لے۔ اَور اگر کسی گھرانے میں لوگ اِتنے کم ہُوں کہ وہ سالِم برّہ نہ کھا سکتے ہُوں تو وہ اَپنے قریب ترین ہمسایہ کے ساتھ مِل کر دونوں گھرانوں کے لوگوں کی تعداد کے مُوافق ایک برّہ لیں اَور ہر اِنسان کے کھانے کی مقدار کے مُطابق برّہ کا حِساب لگانا۔ اَور بھیڑ یا بکری کا جو بچّہ تُم چُنو لازِم ہے کہ وہ نر ہو ایک سال کا ہو اَور بے عیب ہو۔ اَور اِس مہینے کی چودھویں تاریخ تک اُس کی نِگرانی رکھنا پھر اِسرائیلی جماعت کے سَب لوگ اُسے شام کے وقت میں ذبح کریں۔ اَور پھر اُس کا تھوڑا سا خُون لے کر اُن گھروں کے دروازوں کے دونوں بازوؤں پر اَور اُوپر کی چوکھٹ پر لگا دیں جِن میں وہ اُس برّہ کو کھایٔیں گے۔ اَور وہ اُسی رات اُسے آگ پر بھونیں اَور اُس کے گوشت کو کڑوے ساگ پات اَور بے خمیری روٹی کے ساتھ کھا لیں۔ اُسے کچّا یا پانی میں اُبال کر ہرگز نہ کھانا بَلکہ برّہ کو سَر، پایٔے اَور اَندرونی اَعضا سمیت آگ پر بھُون کر کھانا۔ اَور اُس میں سے کُچھ بھی صُبح تک باقی نہ چھوڑنا۔ اَور اگر کچھ صُبح تک باقی رہ جائے تو اُسے آگ میں جَلا دینا۔ اَور تُم اُسے اِس طرح کھانا کہ تُم اَپنی کمر باندھے ہویٔے ہو اَور اَپنی جُوتیاں پاؤں میں پہنے ہویٔے اَور اَپنا عصا ہاتھ میں لیٔے ہویٔے ہو۔ تُم اُسے جلدی جلدی کھانا کیونکہ یہ فسح یَاہوِہ کی ہے۔ ”اَور اُسی رات کو میں مِصر میں سے ہوکر گزروں گا اَور اِنسان اَور حَیوان دونوں کے سَب پہلوٹھوں کو مار گراؤں گا اَور مَیں مِصر کے سَب معبُودوں کو بھی سزا دُوں گا۔ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔ اَور جِن گھروں میں تُم ہوگے اُن پر وہ خُون تمہاری طرف سے نِشان ہوگا اَور مَیں اُس خُون کو دیکھ کر تُمہیں چھوڑتا جاؤں گا۔ اَور جَب مَیں مِصریوں کو ماروں گا تو اُس وقت کویٔی بھی مہلِک وَبا تمہارے قریب نہیں آئے گی۔ ”وہ دِن تمہارے لیٔے یادگار ہوگا اَور تُم اَور تمہاری آنے والی پُشت در پُشت اُسے ایک دائمی فرمان سمجھ کر یَاہوِہ کی عید کے طور پر منائیں۔ سات دِن تک تُم بے خمیری روٹی کھانا اَور پہلے ہی دِن سے خمیر اَپنے اَپنے گھر سے باہر کردینا۔ اَورجو کویٔی پہلے دِن سے ساتویں دِن تک دَوران کویٔی بھی خمیری چیز کھائے وہ اِسرائیل میں سے ایمان سے خارج کر دیا جائے۔ اَور تُم اَپنا مُقدّس اِجتماع ایک تو پہلے دِن کرنا اَور دُوسرا ساتویں دِن اَور ہر ایک کے کھانے کے لیٔے کھانا بنانے کے سِوا اِن دِنوں میں اَور کویٔی کام بالکُل نہ کرنا۔ تُم صِرف کھانا بنانے کا ہی کام کر سکتے ہو۔ ”اَور تُم بے خمیری روٹی کی عید منایا کرنا کیونکہ یہی وہ دِن ہوگا جَب مَیں تُمہیں تمہارے لشکروں کے مُطابق مِصر سے نکال لاؤں گا اِس لیٔے تُم پُشت در پُشت اِس دِن کو ایک دائمی فرمان سمجھ کر مانتے رہنا۔ اَور پہلے مہینے کے چودھویں دِن کی شام سے لے کر اِکیّسویں دِن کی شام تک تُم بے خمیری روٹی کھانا۔ اَور سات دِنوں تک کچھ بھی خمیر تمہارے گھروں میں نہ رہے اَور اِن سات دِنوں کے دَوران جو کویٔی کسی خمیری چیز کو کھائے خواہ وہ پردیسی ہو یا اُسی مُلک میں ہی پیدا ہُوا ہو اِسرائیل کی جماعت سے خارج کر دیا جائے۔ کویٔی بھی خمیری چیز نہ کھانا خواہ تمہارا مقام کہیں بھی ہو تُم بے خمیری روٹی ہی کھانا۔“ تَب مَوشہ نے اِسرائیل کے سَب بُزرگوں کو بُلوایا اَور اُن سے کہا، ”فوراً جا کر اَپنے اَپنے آبائی خاندانوں کے واسطے برّے چُنو اَور فسح کا برّہ ذبح کرو۔ اَور زُوفے کا ایک گُچّھا لے کر اُس خُون میں جو لگن میں ہوگا ڈُبو کر اُس خُون میں سے کچھ دروازہ کی چوکھٹ کے اُوپر کے حِصّہ میں اَور کچھ اُس چوکھٹ کے دونوں بازوؤں پر لگادینا۔ اَور تُم میں سے کویٔی بھی صُبح تک اَپنے گھر کے دروازہ سے باہر نہ جائے۔ اَور جَب یَاہوِہ اِس مُلک میں مِصریوں کو مارتے ہُوئے گزریں گے اَور وہ دروازہ کے چوکھٹ کے اُوپر اَور بازوؤں پر اُس خُون کو دیکھیں گے تو وہ اُس دروازہ کو چھوڑ جائیں گے اَور ہلاک کرنے والے کو گھر کے اَندر آنے اَور تُمہیں مارنے کی اِجازت نہ دیں گے۔ ”اَور تُم اَور تمہاری نَسل اِن ہدایات کو ایک دائمی فرمان سمجھ کر ماَننا۔ اَور جَب تُم اُس مُلک میں داخل ہو جو یَاہوِہ تُمہیں دیں گے جَیسا کہ اُنہُوں نے وعدہ کیا تُم اِس رسم کو جاری رکھنا۔ اَور جَب تمہارے بچّے تُم سے پُوچھیں، ’اِس رسم سے تمہارا کیا مطلب ہے؟‘ تَب تُم اُنہیں بتانا، ’یہ یَاہوِہ کے لیٔے فسح کی قُربانی ہے جِس نے مِصریوں کو مارتے وقت بنی اِسرائیل کے گھروں کو چھوڑ دیا تھا اَور ہمارے گھروں کو بچا لیا تھا۔‘ “ تَب لوگوں نے سَر جھُکا کر سَجدہ کیا۔ اَور بنی اِسرائیل نے بالکُل وَیسا ہی کیا جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ کو حُکم دیا تھا۔

پڑھیں خُروج 12