اِفسِیوں 11:2-18
اِفسِیوں 11:2-18 کِتابِ مُقادّس (URD)
پس یاد کرو کہ تُم جو جِسم کے رُو سے غَیر قَوم والے ہو اور وہ لوگ جو جِسم میں ہاتھ سے کِئے ہُوئے خَتنہ کے سبب سے مختُون کہلاتے ہیں تُم کو نامختُون کہتے ہیں۔ اگلے زمانہ میں مسِیح سے جُدا اور اِسرائیلؔ کی سلطنت سے خارِج اور وعدہ کے عہدوں سے ناواقِف اور نااُمّید اور دُنیا میں خُدا سے جُدا تھے۔ مگر تُم جو پہلے دُور تھے اب مسِیح یِسُوعؔ میں مسِیح کے خُون کے سبب سے نزدِیک ہو گئے ہو۔ کیونکہ وُہی ہماری صُلح ہے جِس نے دونوں کو ایک کر لِیا اور جُدائی کی دِیوار کو جو بِیچ میں تھی ڈھا دِیا۔ چُنانچہ اُس نے اپنے جِسم کے ذرِیعہ سے دُشمنی یعنی وہ شرِیعت جِس کے حُکم ضابِطوں کے طَور پر تھے مَوقُوف کر دی تاکہ دونوں سے اپنے آپ میں ایک نیا اِنسان پَیدا کر کے صُلح کرا دے۔ اور صلِیب پر دُشمنی کو مِٹا کر اور اُس کے سبب سے دونوں کو ایک تن بنا کر خُدا سے مِلائے۔ اور اُس نے آ کر تُمہیں جو دُور تھے اور اُنہیں جو نزدِیک تھے دونوں کو صُلح کی خُوشخبری دی۔ کیونکہ اُسی کے وسِیلہ سے ہم دونوں کی ایک ہی رُوح میں باپ کے پاس رسائی ہوتی ہے۔
اِفسِیوں 11:2-18 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
پس یاد رکھو کہ پہلے تُم پیدائش کے لِحاظ سے غَیریہُودی تھے اَور وہ ”مختون“ لوگ جِن کا ختنہ ہاتھ سے کیا ہُوا جِسمانی نِشان ہے تُمہیں ”نامختون“ کہتے تھے۔ یاد کرو تُم اُس وقت بغیر المسیؔح کے، اِسرائیلی قوم کی شہریت سے خارج اَور وعدہ کے عہد سے ناواقِف، اَور نااُمّیدی کی حالت میں دُنیا میں خُدا سے جُدا تھے۔ مگر تُم جو پہلے خُدا سے بہت دُور تھے، اَب المسیؔح عیسیٰ میں ہوکر المسیؔح کے خُون کے وسیلہ سے نَزدیک ہو گیٔے ہو۔ کیونکہ وُہی ہماری صُلح ہے جِس نے غَیریہُودیوں اَور یہُودیوں، دونوں کو ایک کر دیا اَورجو بیچ میں عداوت کی دیوار تھی، اُس کو ڈھا دیا۔ المسیؔح نے شَریعت کو اُس کے اَحکام اَور قوانین سمیت اَپنے جِسم کے وسیلہ سے موقُوف کر دیا، تاکہ دونوں سے اَپنے آپ میں ایک نئے اِنسان کی تخلیق کرکے صُلح کرادیں، اَور المسیؔح صلیب پر دُشمنی کو ختم کرکے اَور دونوں کو ایک تن بنا کر خُدا سے مِلاسکیں۔ جَب المسیؔح تشریف لائے اَور اُن غَیریہُودیوں کو جو المسیؔح سے دُور تھے اَور اُن یہُودیوں کو جو خُدا کے نَزدیک تھے، دونوں کو صُلح کی خُوشخبری سُنایٔی۔ کیونکہ اُس کے وسیلہ سے ہم ایک ہی پاک رُوح پا کر خُدا باپ کی حُضُوری میں آسکتے ہیں۔
اِفسِیوں 11:2-18 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
یہ بات ذہن میں رکھیں کہ ماضی میں آپ کیا تھے۔ یہودی صرف اپنے لئے لفظ مختون استعمال کرتے تھے اگرچہ وہ اپنا ختنہ صرف انسانی ہاتھوں سے کرواتے ہیں۔ آپ کو جو غیریہودی ہیں وہ نامختون قرار دیتے تھے۔ اُس وقت آپ مسیح کے بغیر ہی چلتے تھے۔ آپ اسرائیل قوم کے شہری نہ بن سکے اور جو وعدے اللہ نے عہدوں کے ذریعے اپنی قوم سے کئے تھے وہ آپ کے لئے نہیں تھے۔ اِس دنیا میں آپ کی کوئی اُمید نہیں تھی، آپ اللہ کے بغیر ہی زندگی گزارتے تھے۔ لیکن اب آپ مسیح میں ہیں۔ پہلے آپ دُور تھے، لیکن اب آپ کو مسیح کے خون کے وسیلے سے قریب لایا گیا ہے۔ کیونکہ مسیح ہماری صلح ہے اور اُسی نے یہودیوں اور غیریہودیوں کو ملا کر ایک قوم بنا دیا ہے۔ اپنے جسم کو قربان کر کے اُس نے وہ دیوار گرا دی جس نے اُنہیں الگ کر کے ایک دوسرے کے دشمن بنا رکھا تھا۔ اُس نے شریعت کو اُس کے احکام اور ضوابط سمیت منسوخ کر دیا تاکہ دونوں گروہوں کو ملا کر ایک نیا انسان خلق کرے، ایسا انسان جو اُس میں ایک ہو اور صلح سلامتی کے ساتھ زندگی گزارے۔ اپنی صلیبی موت سے اُس نے دونوں گروہوں کو ایک بدن میں ملا کر اُن کی اللہ کے ساتھ صلح کرائی۔ ہاں، اُس نے اپنے آپ میں یہ دشمنی ختم کر دی۔ اُس نے آ کر دونوں گروہوں کو صلح سلامتی کی خوش خبری سنائی، آپ غیریہودیوں کو جو اللہ سے دُور تھے اور آپ یہودیوں کو بھی جو اُس کے قریب تھے۔ اب ہم دونوں مسیح کے ذریعے ایک ہی روح میں باپ کے حضور آ سکتے ہیں۔