اِستِثنا 1:31-6

اِستِثنا 1:31-6 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

جَب مَوشہ اِن تمام ہدایات کو سَب اِسرائیلیوں کو دے چُکے: ”تَب مَوشہ نے اِسرائیلیوں سے فرمایا کہ مَیں ایک سَو بیس سال کا ہو چُکا ہُوں اَور اَب مَیں تمہاری رہبری کرنے کے قابل نہیں ہُوں، کیونکہ اَب مُجھ میں پہلے جَیسی طاقت نہیں رہی۔ اَور یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایاہے، ’تُم اِس دریائے یردنؔ کے پار نہیں جاؤگے۔‘ اِس لیٔے یَاہوِہ تمہارے خُدا خُود تمہارے آگے آگے پار جایٔیں گے۔ اَور وُہی اُن قوموں کو تمہارے سامنے سے نِیست و نابود کریں گے اَور تُم اُن کے مُلک پر قابض ہو جاؤگے۔ اَور جَیسا یَاہوِہ نے فرمایاہے، یہوشُعؔ بھی تمہارے آگے آگے پار جائے گا۔ اَور یَاہوِہ اُن کے ساتھ وَیسا ہی کریں گے جَیسا اُنہُوں نے امُوریوں کے بادشاہ سیحونؔ اَور عوگؔ کے ساتھ کیا تھا، جنہیں اُنہُوں نے اُن کے مُلک کے ساتھ فنا کر دیا تھا۔ یَاہوِہ اُنہیں تمہارے حوالہ کر دیں گے اَور تُم اُن کے ساتھ وُہی سَب کرنا جِس کا حُکم مَیں نے تُمہیں دیا ہے۔ لہٰذا تُم مضبُوط ہو جاؤ اَور حوصلہ رکھو؛ مت ڈرو اَور اُن سے خوف نہ کھاؤ، کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہارے ساتھ چل رہے ہیں۔ وہ تُمہیں نہیں چھوڑیں گے اَور نہ تُم سے دست بردار ہوں گے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِستِثنا 31

اِستِثنا 1:31-6 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور مُوسیٰ نے جا کر یہ باتیں سب اِسرائیلِیوں کو سُنائِیں۔ اور اُن کو کہا کہ مَیں تو آج کے دِن ایک سَو بیس برس کا ہُوں۔ مَیں اب چل پِھر نہیں سکتا اور خُداوند نے مُجھ سے کہا ہے کہ تُو اِس یَردن پار نہیں جائے گا۔ سو خُداوند تیرا خُدا ہی تیرے آگے آگے پار جائے گا اور وُہی اُن قَوموں کو تیرے آگے سے فنا کرے گا اور تُو اُن کا وارِث ہو گا اور جَیسا خُداوند نے کہا ہے یشوع تیرے آگے آگے پار جائے گا۔ اور خُداوند اُن سے وُہی کرے گا جو اُس نے امورِیوں کے بادشاہ سِیحوؔن اور عوج اور اُن کے مُلک سے کِیا کہ اُن کو فنا کر ڈالا۔ اور خُداوند اُن کو تُم سے شِکست دِلائے گا اور تُم اُن سے اُن سب حُکموں کے مُطابِق پیش آنا جو مَیں نے تُم کو دِئے ہیں۔ تُو مضبُوط ہو جا اور حَوصلہ رکھ۔ مت ڈر اور نہ اُن سے خَوف کھا کیونکہ خُداوند تیرا خُدا خُود ہی تیرے ساتھ جاتا ہے۔ وہ تُجھ سے دست بردار نہیں ہو گا اور نہ تُجھ کو چھوڑے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِستِثنا 31