YouVersion Logo
تلاش

دانیال 22:5-31

دانیال 22:5-31 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

”لیکن اَے بیلشضرؔ آپ جو نبوکدنضرؔ کے بیٹے ہیں، یہ سَب جانتے ہُوئے بھی خُود کو حلیم نہیں کیا۔ بَلکہ آپ نے آسمان کے خُداوؔند کے خِلاف اَپنا سربُلند کیا۔ آپ نے اُس کی بیت المُقدّس کے برتن منگوائے اَور اُن میں آپ نے اَپنے اُمرا، اَپنی بیویوں اَور داشتاؤں کے ساتھ مَے نوشی کی۔ آپ نے چاندی اَور سونے، کانسے، لوہے، لکڑی اَور پتّھر کے معبُودوں کی تمجید کی جو نہ دیکھتے، نہ سُنتے اَور نہ سمجھ سکتے ہیں۔ لیکن آپ نے اُس خُدا کی تمجید نہ کی جِس کے ہاتھوں میں آپ کی زندگی اَور آپ کی تمام راہیں ہیں۔ اِس لیٔے خُداتعالیٰ نے وہ ہاتھ بھیجا جِس نے وہ تحریر لکھی۔ ”اَور وہ نوشتہ یہ ہے، منے، منے، تقیل و فرسین، ”اِن الفاظ کا معنی یہ ہے: ” منے‏ : خُدا نے آپ کے حُکومت کے دِن گِن کر اُن کا خاتِمہ کر دیا۔ ” تقیل‏ یعنی آپ ترازو میں تَولے گئے اَور وزن میں کم نکلے۔ ” فرسین‏ یعنی آپ کی بادشاہت منقسم ہُوئی اَور مادیوںؔ اَور فارسیوں کو دے دی گئی۔“ تَب بیلشضرؔ کے حُکم کے مُطابق دانی ایل کو اَرغوانی لباس سے مُلبّس کیا گیا، اُس کے گلے میں سونے کی مالا پہنائی گئی اَور اُس کے بادشاہت میں تیسرے اعلیٰ حاکم ہونے کا اعلان کیا گیا۔ ٹھیک اُسی رات کَسدیوں کا بادشاہ بیلشضرؔ قتل کیا گیا۔ اَور مادی داریاویشؔ نے باسٹھ سال کی عمر میں حُکومت کی باگ ڈور سنبھالی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں دانیال 5

دانیال 22:5-31 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اے بیل شَضَر بادشاہ، گو آپ اُن کے بیٹے ہیں اور اِس بات کا علم رکھتے ہیں توبھی آپ فروتن نہ رہے بلکہ آسمان کے مالک کے خلاف اُٹھ کھڑے ہو گئے ہیں۔ آپ نے حکم دیا کہ اُس کے گھر کے پیالے آپ کے حضور لائے جائیں، اور آپ نے اپنے بڑوں، بیویوں اور داشتاؤں کے ساتھ اُنہیں مَے پینے کے لئے استعمال کیا۔ ساتھ ساتھ آپ نے اپنے دیوتاؤں کی تمجید کی گو وہ چاندی، سونے، پیتل، لوہے، لکڑی اور پتھر کے بُت ہی ہیں۔ نہ وہ دیکھ سکتے، نہ سن یا سمجھ سکتے ہیں۔ لیکن جس خدا کے ہاتھ میں آپ کی جان اور آپ کی تمام راہیں ہیں اُس کا احترام آپ نے نہیں کیا۔ اِسی لئے اُس نے ہاتھ بھیج کر دیوار پر یہ الفاظ لکھوا دیئے۔ اور لکھا یہ ہے، ’منے منے تقیل و فرسین۔‘ ’منے‘ کا مطلب ’گنا ہوا‘ ہے۔ یعنی آپ کی سلطنت کے دن گنے ہوئے ہیں، اللہ نے اُنہیں اختتام تک پہنچایا ہے۔ ’تقیل‘ کا مطلب ’تولا ہوا‘ ہے۔ یعنی اللہ نے آپ کو تول کر معلوم کیا ہے کہ آپ کا وزن کم ہے۔ ’فرسین‘ کا مطلب ’تقسیم ہوا‘ ہے۔ یعنی آپ کی بادشاہی کو مادیوں اور فارسیوں میں تقسیم کیا جائے گا۔“ دانیال خاموش ہوا تو بیل شَضَر نے حکم دیا کہ اُسے ارغوانی رنگ کا لباس پہنایا جائے اور اُس کے گلے میں سونے کی زنجیر پہنائی جائے۔ ساتھ ساتھ اعلان کیا گیا کہ اب سے حکومت میں صرف دو آدمی دانیال سے بڑے ہیں۔ اُسی رات شاہِ بابل بیل شَضَر کو قتل کیا گیا، اور دارا مادی تخت پر بیٹھ گیا۔ اُس کی عمر 62 سال تھی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں دانیال 5

دانیال 22:5-31 کِتابِ مُقادّس (URD)

لیکن تُو اَے بیلشضر جو اُس کا بیٹا ہے باوُجُودیکہ تُو اِس سب سے واقِف تھا تَو بھی تُو نے اپنے دِل سے عاجِزی نہ کی۔ بلکہ آسمان کے خُداوند کے حضُور اپنے آپ کو بُلند کِیا اور اُس کی ہَیکل کے ظرُوف تیرے پاس لائے اور تُو نے اپنے اُمرا اور اپنی بِیویوں اور حرموں کے ساتھ اُن میں مَے خواری کی اور تُو نے چاندی اور سونے اور پِیتل اور لوہے اور لکڑی اور پتّھر کے بُتوں کی حمد کی جو نہ دیکھتے اور نہ سُنتے اور نہ جانتے ہیں اور اُس خُدا کی تمجِید نہ کی جِس کے ہاتھ میں تیرا دَم ہے اور جِس کے قابُو میں تیری سب راہیں ہیں۔ پس اُس کی طرف سے ہاتھ کا وہ حِصّہ بھیجا گیا اور یہ نوِشتہ لِکھا گیا۔ اور وہ نوِشتہ یہ ہے مِنے مِنے تقِیل و فرسِین۔ اور اِس کے معنی یہ ہیں مِنے یعنی خُدا نے تیری مُملکت کا حِساب کِیا اور اُسے تمام کر ڈالا۔ تقِیل یعنی تُو ترازُو میں تولا گیا اور کم نِکلا۔ فرِیس یعنی تیری مُملکت مُنقسم ہُوئی اور مادیوں اور فارسِیوں کو دی گئی۔ تب بیلشضر نے حُکم کِیا اور دانی ایل کو ارغوانی خِلعت پہنایا گیا اور زرِّین طَوق اُس کے گلے میں ڈالا گیا اور مُنادی کرائی گئی کہ وہ مُملکت میں تِیسرے درجہ کا حاکِم ہو۔ اُسی رات کو بیلشضر کسدیوں کا بادشاہ قتل ہُؤا۔ اور دارا مادی نے باسٹھ برس کی عُمر میں اُس کی سلطنت حاصِل کی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں دانیال 5