دانی ایل 5
5
دیوار پر تحریر
1بیلشضرؔ بادشاہ نے اَپنے ایک ہزار اُمرا کی بڑی دھوم دھام سے ضیافت کی اَور اُن کے ساتھ مَے نوشی کی۔ 2جَب بیلشضرؔ مَے نوشی کر رہاتھا تَب اُس نے حُکم دیا کہ سونے اَور چاندی کے وہ برتن لایٔے جایٔیں جنہیں اُس کا باپ#5:2 باپ آباؤاَجداد نبوکدنضرؔ، یروشلیمؔ کی بیت المُقدّس میں سے نکال لایاتھا تاکہ بادشاہ اَور اُس کے اُمرا اَور اُس کی بیویاں اَور داشتائیں اُن میں شراب پیئیں۔ 3چنانچہ وہ سونے کے برتن لایٔے گیٔے جنہیں یروشلیمؔ کی خُدا کی بیت المُقدّس میں سے نکالا گیا تھا اَور بادشاہ اَور اُس کے اُمرا، اُس کی بیویوں اَور داشتاؤں نے اُن میں مَے پی۔ 4وہ مَے نوشی کرکے، سونے اَور چاندی اَور کانسے، لوہے، لکڑی اَور پتّھر کے معبُودوں کی حَمد و سِتائش کرتے رہے۔
5تبھی اُسی وقت اَچانک ایک اِنسانی ہاتھ کی اُنگلیاں نظر آئیں جنہوں نے چراغدان کے نزدیک شاہی محل کی دیوار کے گچ پر کچھ لِکھا۔ اَور بادشاہ نے اُس ہاتھ کو لِکھتے ہُوئے دیکھا۔ 6بادشاہ کے چہرہ کا رنگ اُڑ گیا اَور وہ اِس قدر خوفزدہ ہُوا کہ اُس کے گھُٹنے آپَس میں ٹکرانے لگے اَور اُس کی ٹانگیں ڈھیلی پڑ گئیں۔
7بادشاہ نے چِلّاکر کہا کہ دلفریبیوں، نجومیوں اَور غیب بینوں کو بُلایا جائے اَور اُس نے بابیل کے اُن دانِشوروں سے کہا، ”جو کویٔی اُس نوشتہ کو پڑھ کر اُس کا مطلب مُجھے بتائے گا اُسے اَرغوانی لباس سے نوازا جائے گا اَور اُس کے گلے میں سونے کی مالا پہنائی جائے گی اَور وہ میری مملکت میں تیسرا اعلیٰ حاکم ہوگا۔“
8تَب بادشاہ کے تمام دانِشور اَندر آئے لیکن وہ نہ اُس نوشتہ کو پڑھ پایٔے نہ اُس کا مطلب بادشاہ کو بتا سکے۔ 9چنانچہ بیلشضرؔ بادشاہ اَور بھی زِیادہ خوفزدہ ہُوا اَور اُس کا چہرہ اَور بھی زِیادہ پھیکا پڑ گیا اَور اُس کے اُمرا پریشان ہو گئے۔
10بادشاہ اَور اُس کے اُمرا کی باتیں سُن کر بادشاہ کی والدہ جَشن کے کمرہ میں آئی اَور کہنے لگی، ”اَے بادشاہ، اَبد تک زندہ رہ، پریشان نہ ہو اَور اِس قدر خوفزدہ بھی نہ ہو! 11آپ کی مملکت میں ایک شخص ہے جِس میں قُدُّوس معبُودوں کی رُوح ہے۔ آپ کے باپ کی سلطنت میں اُس میں معبُودوں کی مانند بصیرت، دانش اَور حِکمت پائی جاتی تھی۔ آپ کے باپ نبوکدنضرؔ بادشاہ نے، ہاں میں کہتی ہُوں کہ آپ کے باپ نے جو بادشاہ تھا۔ اُسے جادُوگروں، دلفریبیوں، اوجھاؤں اَور غیب بینوں کا سردار مُقرّر کیا تھا۔ 12یہ شخص دانی ایل جِس کا نام بادشاہ نے بیلطشضرؔ رکھا تھا، اُس میں ایک فاضل رُوح، علم اَور دانش کا مالک تھا اَور اُس میں خوابوں کی تعبیر بتانے، پہیلیاں کی وضاحت کرنے اَور مُشکل مُعاملے سلجھانے کی صلاحیّت تھی۔ اِس لئے دانی ایل کو بُلا اَور وہ تُمہیں اِس تحریر کا مطلب بتائے گا۔“
13چنانچہ دانی ایل کو بادشاہ کے رُوبرو پیش کیا گیا اَور بادشاہ نے پُوچھا، ”کیا تُم وُہی دانی ایل ہو، جو اُن اسیروں میں سے ہے جنہیں میرا باپ#5:13 میرا باپ یعنی بادشاہ میرا باپ مُلکِ یہُوداہؔ سے لایئں ہیں یہُوداہؔ سے جَلاوطن کرکے لایاتھا؟ 14مَیں نے سُنا ہے کہ معبُودوں کی رُوح تُم میں ہے اَور تُم بصیرت، دانش اَور کمال حِکمت کے مالک ہو۔ 15دانِشور اَور دلفریبیوں کو میرے سامنے پیش کئے گیٔے تاکہ یہ تحریر پڑھیں اَور مُجھے اُس کا مطلب بتائیں لیکن وہ اُسے واضح نہ کر سکے۔ 16اَب مَیں نے سُنا ہے کہ تُم تعبیریں بتاتے ہو اَور مُشکل مُعاملے سلجھاتے ہو۔ اگر تُم اِس تحریر کو پڑھ سکتے ہو اَور اُس کا مطلب مُجھے بتا دو، تو تُمہیں اَرغوانی لباس سے مُلبّس کیا جائے گا اَور سونے کی مالا تمہارے گلے میں پہنائی جائے گی اَور تُمہیں میری مملکت میں تیسرا اعلیٰ حاکم بنا دیا جائے گا۔“
17تَب دانی ایل نے بادشاہ کو جَواب دیا، ”آپ اَپنے تحفے اَپنے ہی پاس رکھیں اَور اَپنے اِنعام کسی دُوسرے شخص کو دے دیں۔ تَو بھی میں یہ تحریر بادشاہ کی خاطِر پڑھوں گا اَور جَناب کو اِس کا مطلب بھی بتاؤں گا۔
18”اَے بادشاہ، خُداتعالیٰ نے آپ کے باپ نبوکدنضرؔ کو سلطنت، عظمت، جلال اَور شان بخشی تھی۔ 19چونکہ خُداتعالیٰ نے اُنہیں اِس قدر عالی مرتبہ بخشا تھا اِس لیٔے تمام لوگ اَور قومیں اَور مُختلف زبانیں بولنے والے لوگ اُن سے ڈرتے اَور خوف کھاتے تھے۔ بادشاہ نے جنہیں چاہا، اُنہیں قتل کروا دیا، جنہیں وہ بچانا چاہا، اُنہیں بچا لیا۔ جنہیں سرفراز کرنا چاہا، اُنہیں سرفراز کیا اَور جنہیں ذلیل کرنا چاہا، اُنہیں ذلیل کیا۔ 20لیکن جَب اُس کے دِل میں غُرور آیا اَور اُس کا دِل غُرور سے سخت ہو گیا، تَب اُسے تختِ شاہی سے معزول کر دیا گیا اَور اُس کی جاہ و حشمت چھین لی گئی۔ 21اَور اُسے لوگوں کے درمیان سے نکال دیا گیا اَور اُسے حَیوان کا دِل دیا گیا۔ وہ گورخروں کی صحبت میں رہا اَور بَیلوں کی مانند گھاس کھاتا رہا اَور اُس کا جِسم آسمان کی شبنم سے بھیگتا رہا جَب تک کہ اُس نے اقرار کر لیا کہ خُداتعالیٰ اِنسان کی مملکتوں پر حُکمرانی کرتا ہے اَور وہ جسے چاہتاہے اُسے اُس پر قائِم کرتا ہے۔
22”لیکن اَے بیلشضرؔ آپ جو نبوکدنضرؔ کے بیٹے ہیں، یہ سَب جانتے ہُوئے بھی خُود کو حلیم نہیں کیا۔ 23بَلکہ آپ نے آسمان کے خُداوؔند کے خِلاف اَپنا سربُلند کیا۔ آپ نے اُس کی بیت المُقدّس کے برتن منگوائے اَور اُن میں آپ نے اَپنے اُمرا، اَپنی بیویوں اَور داشتاؤں کے ساتھ مَے نوشی کی۔ آپ نے چاندی اَور سونے، کانسے، لوہے، لکڑی اَور پتّھر کے معبُودوں کی تمجید کی جو نہ دیکھتے، نہ سُنتے اَور نہ سمجھ سکتے ہیں۔ لیکن آپ نے اُس خُدا کی تمجید نہ کی جِس کے ہاتھوں میں آپ کی زندگی اَور آپ کی تمام راہیں ہیں۔ 24اِس لیٔے خُداتعالیٰ نے وہ ہاتھ بھیجا جِس نے وہ تحریر لکھی۔
25”اَور وہ نوشتہ یہ ہے،
منے، منے، تقیل و فرسین،
26”اِن الفاظ کا معنی یہ ہے:
”منے: خُدا نے آپ کے حُکومت کے دِن گِن کر اُن کا خاتِمہ کر دیا۔
27”تقیلیعنی آپ ترازو میں تَولے گئے اَور وزن میں کم نکلے۔
28”فرسین یعنی آپ کی بادشاہت منقسم ہُوئی اَور مادیوںؔ اَور فارسیوں کو دے دی گئی۔“
29تَب بیلشضرؔ کے حُکم کے مُطابق دانی ایل کو اَرغوانی لباس سے مُلبّس کیا گیا، اُس کے گلے میں سونے کی مالا پہنائی گئی اَور اُس کے بادشاہت میں تیسرے اعلیٰ حاکم ہونے کا اعلان کیا گیا۔
30ٹھیک اُسی رات کَسدیوں کا بادشاہ بیلشضرؔ قتل کیا گیا۔ 31اَور مادی داریاویشؔ نے باسٹھ سال کی عمر میں حُکومت کی باگ ڈور سنبھالی۔
موجودہ انتخاب:
دانی ایل 5: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.